دخمہ - افسانے از بیگ احساس - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-09-09

دخمہ - افسانے از بیگ احساس - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

بیگ احساس (اصل نام: محمد بیگ) (پیدائش: 10/اگست 1948 - وفات: 8/ستمبر 2021ء)
ہند و پاک کے ممتاز و مایہ ناز افسانہ نگار رہے ہیں۔ مخدوم محی الدین اور جیلانی بانوکے بعد پروفیسر بیگ احساس حیدرآباد سے ساہتیہ ایوارڈ پانے والے تیسرے ادیب رہے۔
وہ حیدرآباد لٹریری فورم (حلف) کے معتمد عمومی اور صدر رہے اور بازگشت آن لائن ادبی فورم کے سرپرست تھے۔ ادارہ ادبیات اردو کے رکن عملہ اور ترجمان ماہ نامہ "سب رس"کے تا حال ایڈیٹر بھی رہے۔
ان کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت کے بطور ان کے افسانوں کا نمائندہ مجموعہ "دَخمہ" باذوق قارئین کی خدمت میں پیش ہے۔ تقریباً ڈیڑھ سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 6 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔


زیرنظر مجموعہ "دَخمہ" کے مقدمہ بعنوان "ابتدائیہ" میں مرزا حامد بیگ لکھتے ہیں ۔۔۔

بیگ احساس کے افسانوں کے تیسرے مجموعے "دخمہ" کے سارے کے سارے افسانے، افسانہ نگار کی اس انوکھی تدبیر کاری کی عطا ہیں، جسے بیسویں صدی کے ساتویں دہے سے مخصوص جدیدیت کی تحریک کے رد میں اٹھنے والی آوازوں کا ردعمل بھی قرار دیا جا سکتا ہے اور تخلیقی سطح پر جینے کا جتن بھی۔ وہ یوں کہ بیگ احساس کا تعلق بھی ستر ہی کے دہے سے ہے، لیکن وہ جدیدیت کی تحریک سے الگ تھلک رہے۔ نہ 'شب خون' الہ آباد میں دکھائی دیئے ، نہ اوراق ، لاہور میں لیکن انھیں صرف و محض سادہ بیانیہ کبھی نہیں بھایا۔ یہی سبب ہے کہ انھوں نے سیدھے سبھاؤ تشکیل دیئے گئے بیانیہ کے اندر پرت در پرت کئی ایک تہیں جما کر کامل علامتی، استعاراتی، کیوبسٹک اور تجریدی افسانہ لکھنے کی بجائے ایک ایسا تہ دار بیانیہ تشکیل دیا، جس میں معنویت کی کئی ایک پر تیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔


بیگ احساس ، بلاشبہ ایک قابل توجہ افسانہ نگار ہیں۔ ان کے افسانوں پر ایک سرسری نظر بھی ڈالی جائے تو بھی ان کے افسانوں سے مخصوص جداگانہ ٹریٹمنٹ اور عہد موجود سے متعلق گہرا ادراک اور فراست کا ایک ایسا تال میل دکھائی دے گا، جس کے درج ذیل زمرے بنائے جا سکتے ہیں:


1) ماضی سے حال اور لمحہ موجود سے ماضی قریب اور ماضی بعید میں اتر جانے کا عمل۔ افسانہ 'دخمہ'، 'رنگ کا سایہ'، 'کھائی' اور 'سنگ گراں'۔
2) پرانی اور نئی نسل کا ٹکراؤ کئی ایک سطحوں پر دیکھنے کو ملتا ہے۔ آزاد خیالی اور مذہبی جنونیت، نیز تہذیبی اقدار سے جڑت اور بےگانگی آپس میں ٹکراتے اور ٹوٹ کر شہاب ثاقب کی طرح جلتے بجھتے دکھائی دیتے ہیں جس کی نمایاں امثال: 'دخمہ'، 'رنگ کا سایہ'، 'نمی دانم کہ' اور 'دھار' جیسے افسانے ہیں۔
3) سب سے بڑا ٹکراؤ حیدرآباد (دکن) کے مسلم گھرانوں کے احساس تفاخر اور عصر نو کی نوجوان نسل کی معاشی الجھنوں سے پیدا شدہ سوچ کے بیچ ہے۔ (مثال: 'کھائی')۔ اسی طرح ان کے شاہکار افسانے 'رنگ کا سایہ' کا نوجوان مرکزی کردار اس ٹکراؤ کے سبب ڈانواں ڈول ہے۔ جائے تو کدھر جائے۔


نامور نقاد وارث علوی بیگ احساس کے فن کا جائزہ لیتے ہوئے لکھتے ہیں ۔۔۔

بیگ احساس کا امتیازی وصف ان کی کہانیوں کا انوکھا پن اور اچھوتا پن ہے۔ تعجب کی بات یہ ہے کہ موضوعات انہوں نے گرد و پیش کی اس دنیا سے لیے ہیں جو عبارت ہے فسادات کے بےجا تشدد، مسلم اقلیت پر توڑے گئے فرقہ پرست اکثریتی جماعتوں کے مظالم، سماج کی لائی ہوئی لعنتوں، سرمایہ و محنت کی کشمکش اور تہذیبی اور معاشی طور پر زوال آمادہ مسلم معاشرے سے۔ خیر تاریخ کا عطیہ تو تمام فنکاروں کی مشترکہ میراث رہا، لیکن بیگ احساس نے ان سے جو کہانیاں تراشی ہیں ان میں ایک طباع اور طبع زاد ذہن کی منفرد کارفرمائی جھلکتی ہے۔ کہیں بوسیدگی اور پیش پا افتادگی کا احساس نہیں ہوتا۔ حالات چاہے اتنے دگرگوں ہوں انسانی برتاؤ چاہے اتنا حوصلہ شکن ہو، ماضی کابوس، حال پرانتشار اور مستقبل ناقابل پیش بینی اور غیریقینی ہو، بیگ احساس کلبیت اور قنوطیت کا شکار ہوئے بغیر انسانی تماشہ سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ لطف اندوزی کے بغیر تخلیقی فن ممکن نہیں ورنہ ٹریجیڈی آدمی کیسے لکھے گا اور کیوں کر پڑھے گا؟ مسلمانوں کے انحطاط و زوال و کسمپرسی کی کہانی سناتے ہوئے وہ بھلے کلبیت اور قنوطیت کا شکار نہ ہوں لیکن ایک گہرا غم جو ہڈیوں کو تک پگھلاتا ہے، ان کے قلم کی روشنائی سے ٹپکنے لگتا ہے۔


یہ بھی پڑھیے :
سرمئی شام کا اجالا - پروفیسر بیگ احساس
مجمع الصفات - پروفیسر بیگ احساس - مضمون: قدیر زماں
مغنی تبسم - ایک منفرد اور مختلف شخصیت - مضمون: بیگ احساس
نظریے کی شکست - اداریہ سب رس از پروفیسر بیگ احساس
بیگ احساس تم ہی ہو - مضمون از مجتبیٰ حسین
معشوق جو ہے اپنا، باشندہ دکن کا ہے - مضمون از عبدالصمد
ممتاز افسانہ نگار پروفیسر بیگ احساس کا انتقال

***
نام کتاب: دخمہ (افسانے)
مصنف: بیگ احساس
ناشر: عرشیہ پبلی کیشنز، دہلی (سن اشاعت: 2015ء)
تعداد صفحات: 169
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 6 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Dakhma by Baig Ehsaas.pdf

Direct Download link:

GoogleDrive Download link:

فہرست افسانے
نمبر شمارتخلیقصفحہ نمبر
الفابتدائیہ - مرزا حامد بیگ9
1سنگِ گراں36
2کھائی49
3چکرویو59
4درد کے خیمے69
5سانسوں کے درمیان77
6نجات88
7دھار95
8شکستہ پر105
9دَخمہ122
10نمی دانم کہ136
11رنگ کا سایہ150


Dakhma (Urdu short stories), by: Baig Ehsaas, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں