گاندھی نامہ - اکبر الہ آبادی کی طویل نظم - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-10-02

گاندھی نامہ - اکبر الہ آبادی کی طویل نظم - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

gandhi-nama-akbar-allahabadi

اکبر الہ آبادی (اصل نام: سید اکبر حسین) (پیدائش: 16/نومبر 1846ء - وفات: 9/ستمبر 1921ء)
اردو کے ایسے ممتاز مزاح نگار اور طنز گو ہیں جن کی ظرافت کا دائرہ بےحد وسیع رہا ہے۔ سیاست، مغربی تہذیب اور حالات حاضرہ ان کی طنزیہ اور مزاحیہ شاعری کے لیے بےشمار موضوعات مہیا کرتے ہیں۔
پہلی جنگ عظیم کے خاتمے کے بعد جب ہندوستان کی ٹھہری ہوئی سیاست میں مہاتما گاندھی کا غلبہ شروع ہوا اور تحریک ترک موالات اور تحریک خلافت کے ذریعے پورے ملک میں عملی سیاست کی انقلابی روح جاگ اٹھی تب اکبر نے بھی گاندھی جی کی اخلاقی طاقت اور خالص مشرقی انداز نظر کا اعتراف کیا اور وہ تحریک ترک موالات کے حامی بھی بنے۔
مہاتما گاندھی کی شخصیت اور عظمت کے پیش نظر اکبر نے ایک مجموعۂ اشعار "گاندھی نامہ" کے نام سے مرتب کیا جس کے زمانۂ تحریر کو 1919ء سے 1921ء کے درمیان سمجھا جاتا رہا ہے۔ یہ پہلی بار 1948ء میں الہ آباد کے مشہور ادارہ کتابستان سے شائع ہوا تھا۔
گاندھی نامہ کی ابتدا میں یہ شعر لکھا ہوا ہے ؎
انقلاب آیا نئی دنیا نیا ہنگامہ ہے
شاہنامہ ہو چکا اب دور گاندھی نامہ ہے
گاندھی نامہ میں 198 قطعات ہیں جو سات عنوانات کے تحت 371 اشعار پر مشتمل ہیں۔


گاندھی نامہ کے سات عنوانات یوں ہیں:

  • اعتراضات
  • گاندھی ہندوؤں کے ساتھ ہو گئے
  • گاندھی کا ساتھ بغاوت نہیں ہے
  • ترک موالات کی توجیہ
  • عدم ترک موالات کی توجیہ
  • بےپروائی و بےتعلقی
  • ظرافت

گاندھی نامہ بیسویں صدی کے ربع اول کے سیاسی انتشار کا بہت عمدہ مرقع ہے جس میں انہوں نے اپنے عہد کے سماج، سیاست، مذہب، اخلاق، معیشت، ادب اور روحانیت کو بڑے ہی معروضی انداز سے پیش کیا ہے۔ جس میں کوئی ایک نقطہ نظر ٹھونسنے کی کوشش نہیں کی گئی ہے بلکہ سماج کے سبھی طبقوں کے خیالات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ اور آخر میں نتیجہ قاری پر چھوڑ دیا ہے۔
اردو شعر و ادب کی تاریخ میں گاندھی نامہ کی اہمیت اور معنویت یہ ہے کہ اکبر نے ان اشعار میں گذشتہ صدی کی ذہنی کشمکش اور تہذیبی تصادم کی داستان رقم کر دی ہے۔ تصادم اور کشمکش سے آج بھی بدلی ہوئی صورتوں (گلوبلائزیشن اور صارفیت) میں تیسری دنیا کے تمام ممالک نبرد آزما ہیں۔
اس بنیاد پر اگر یہ کہا جائے تو بےجا نہ ہوگا کہ اکبر نے جس خوبی سے اپنے دور کے حالات کو سمجھا اور اپنی ناقدانہ بصیرت سے ان کو اپنی شاعری کا جزو اعظم بنایا اس طرح سے ان کا کوئی ہم عصر شاعر نہ بنا سکا۔


گاندھی نامہ کوئی ایک مخصوص شعری ہئیت (Form) نہیں ہے۔ یہ مختلف اور متعدد اشعار کا ایک مجموعہ ہے، جس میں رباعیات، قطعات اور مفردات، پیروڈی اور تضمین سبھی کچھ شامل ہیں مگر ان میں ایک اتحاد معنوی موجود ہے جو کہیں کہیں کمزور اور خفی ہو گیا ہے۔ بقول ڈاکٹر خواجہ محمد زکریا، گاندھی نامہ کو اگر ایک نظم سمجھا جائے تو اسے صنف نظم میں ایک تجربہ قرار دینا ہوگا۔ نظم اور غزل کے پیرایہ میں بھی کہیں کہیں باتیں کی گئی ہیں۔


اکبر کے اس "گاندھی نامہ" میں مس، شیخ، سید صاحب، اونٹ، گائے، کلیسا، مسجد، دیر، بت، کالج، برہمن، لالہ، بدھو، جمن، موہن، اور سلو وغیرہ کے کردار سماج کے ہر طبقے کی نمائندگی کرتے ہیں اور خاص مفاہیم کے حامل ہیں۔
مِس ، مغربی تہذیب کی دلکشی و نظر فریبی کا مجسمہ ہے۔ شیخ ظاہر پرست مسلمان ہے جو لفظ پر مرتا ہے اور معنی سے بےخبر ہے۔ سید صاحب سر سید احمد خاں یا حامیان علی گڈھ کی طرف اشارہ ہے جو مغربی تعلیم و تہذیب کے دلدادہ ہیں۔ اونٹ عرب اور اسلام کے شاندار ماضی کا اشاریہ ہے۔ گائے سے مراد ہندو تہذیب ہے۔ بدھو، جمن وغیرہ عام اور نچلے طبقے کے اعلامیہ ہیں۔ اسی طرح انور بے، مل، علی برادران، حضرت برہم، ہمدم، جارج پنجم، امیر کابل وغیرہ کا ذکر مخصوص سیاسی صورتوں اور واقعات کی طرف ذہن کو مبذول کراتا ہے۔


گاندھی جی کے 152 ویں یومِ پیدائش پر شعر و ادب سے دلچسپی رکھنے والے قارئین کی خدمت میں تعمیرنیوز کی جانب سے یہ مختصر و مفید کتاب پیش ہے۔ تقریباً سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 2 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

یہ بھی ڈاؤن لوڈ کیجیے ۔۔۔
ماہنامہ شاعر - گاندھی نمبر 1969 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ
گاندھی بابا کی کہانی - از قدسیہ بیگم زیدی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ
گاندھی جی بادشاہ خاں کے دیس میں - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

***

نام کتاب: گاندھی نامہ
مصنف: اکبر الہ آبادی
تدوین و تقدیم: ڈاکٹر فخر الکریم صدیقی۔ ناشر: ادارۂ نیا سفر، الہ آباد۔ سن اشاعت: اشاعت دوم - 2010ء (اشاعت اول: 1948ء)۔
تعداد صفحات: 90
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 2 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Gandhi Nama by Akbar Allahabadi.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Gandhi Nama, a poetic expression of views and thoughts through a long Urdu poem, Author: Akbar Allahabadi, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں