رسالہ نگار - اردو املا اور رسم الخط نمبر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-04-14

رسالہ نگار - اردو املا اور رسم الخط نمبر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

nigar-sep-oct-1980
ممتاز ادیب و دانشور نیاز فتح پوری (پیدائش: 1884 ، وفات: 24/مئی/1966) نے آگرہ سے 1922ء میں ماہنامہ "نگار" جاری کیا تھا جو بعد میں لکھنؤ سے شائع ہونے لگا۔ پھر تقسیم ہند کے بعد نیاز فتح پوری 1962ء میں جب پاکستان منتقل ہو گئے تو یہ رسالہ بھی کراچی سے شائع ہونے لگا۔ ان کی وفات کے بعد ڈاکٹر فرمان فتح پوری (پیدائش: 26/جنوری/1926 ، وفات: 3/اگست/2013) نے اس رسالہ کی ادارت سنبھالی۔ اس رسالے میں علمی، ادبی، تحقیقی و تنقیدی مضامین کے ساتھ ساتھ افسانے اور نظمیں بھی شائع ہوئیں۔ ادبی صحافت کی تاریخ میں خصوصی نمبروں کی اشاعت کے باعث یہ رسالہ اہمیت کا حامل باور کیا جاتا ہے۔ مثلاً مومن نمبر، نظیراکبرآبادی نمبر، خدا نمبر، داغ نمبر، اصحاب کہف نمبر اور ہندی شاعری نمبر وغیرہ۔
ڈاکٹر فرمان فتح پوری کی ادارت میں نگار نے ستمبر-اکتوبر 1980ء کا مشترکہ شمارہ ایک خصوصی نمبر کے بطور شائع کیا تھا، جو درحقیقت درج ذیل دو طویل مقالوں پر مشتمل تھا:
  • اردو املا (58 صفحات)
  • اردو رسم الخط (40 صفحات)
'نگار' کا یہی یادگار اور اہم شمارہ تعمیرنیوز کی جانب سے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ قریباً سوا سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم تقریباً 4 میگابائٹس ہے۔
رسالہ کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

مدیر 'نگار' ڈاکٹر فرمان فتح پوری، زیر نظر شمارہ کے اداریہ بعنوان 'ملاحظات' میں لکھتے ہیں ۔۔۔
یہ نمبر دو طویل مقالوں پر مشتمل ہے۔ دونوں اساسی طور پر اردو زبان کے ایسے پہلو سے تعلق رکھتے ہیں جسے عام طور پر ہمارے یہاں کچھ زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی اور لوگ یہ کہہ کر آگے بڑھ جاتے ہیں کہ املا اور رسم الخط تو زبان کے لباس کا درجہ رکھتے ہیں۔ ہمیں ان کی بحث میں پڑنے کی یوں ضرورت نہیں کہ ہم کسی وقت بھی انہیں تراش خراش کر اپنے مزاج کے مطابق بنا سکتے ہیں۔
یہ ایک ایسا مغالطہ ہے جس نے صرف یہی نہیں کہ اردو کی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکائے ہیں بلکہ ذہنوں کو کئی طرح کی الجھنوں میں ڈالا ہے۔ میرے نقطۂ نظر سے یہ دونوں موضوعات اردو زبان کے سلسلے میں حد درجہ اہم ہیں اور جو لوگ ان پر پوری طرح سوچ بچار کر سکتے ہیں ، انہیں ان سے سرسری نہ گزرنا چاہیے۔
املا اور رسم الخط دونوں زبان کے جسم کا لباس نہیں بلکہ عین جسم و جلد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کا حسن و جمال ان کی نفاست و شائستگی اور ان کی صحت و پختگی، نہ صرف یہ کہ زبان کے حسن و جمال اور نفاست و شائستگی پر دلالت کرتی ہے بلکہ جو لوگ اس زبان کو استعمال کرتے ہیں ان کے ذوق و ذہن کو پڑھنے میں بھی مدد دیتی ہے۔

اردو املا سے متعلق مضمون 1973ء میں سندھ ٹکسٹ بورڈ کے ایما پر مرتب کیا گیا تھا لیکن کسی سبب بورڈ نے نہ تو اس کو کتابی شکل میں شائع کیا اور نہ مجھے مسودہ ہی واپس ملا۔ لیکن چونکہ اس کی ایک نقل جناب شان الحق حقی کے پاس محفوظ تھی اور انہیں اس موضوع سے خاص دلچسپی بھی تھی اس لیے انہوں نے پوری توجہ سے اس کا جائزہ لینے کے بعد "اردو نامہ" شمارہ پچاس (50) بابت مارچ-1975ء میں اسے شائع کر دیا۔ اب یہی مقالہ اس نمبر کا ایک حصہ ہے۔

رسم الخط کے مسائل پر مشتمل میرا طویل مضمون میری کتاب "زبان اور اردو زبان" مطبوعہ قمر کتاب گھر (کراچی) میں شامل ہے۔ زیر نظر مضمون اسی کی توسیعی و تکمیلی صورت ہے، یعنی 1972ء کے بعد بھی اس میں ترمیم و اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی ڈاؤن لوڈ کیجیے:
رسالہ ہمایوں (سالگرہ نمبر)، شمارہ جنوری - 1935
رسالہ سویرا - شمارہ اول 1946 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ
نقوش کا لاہور نمبر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ
ادبی دنیا - سالنامہ 1939 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

***
نام رسالہ: رسالہ نگار (اردو زبان نمبر)، شمارہ ستمبر/اکتوبر - 1980
مدیر : ڈاکٹر فرمان فتح پوری
تعداد صفحات: 112
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 4 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Nigar Sep-Oct-1980.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:


Monthly Nigar, issue-09-10, 1980, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں