دسہرا - از مہاراجہ سر کشن پرشاد شاد - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-10-05

دسہرا - از مہاراجہ سر کشن پرشاد شاد - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

dussehra-introductory-booklet-maharaja-kishen-pershad-shad

مہاراجا کشن پرشاد شاد (پیدائش: 28/جنوری 1864 - وفات: 9/مئی 1940ء)
سابق ریاست حیدرآباد کے سنہ 1901ء میں وزیراعظم مقرر ہوئے اور "یمین السلطنت" کا خطاب حاصل کیا۔ انہوں نے عربی اور فارسی میں بڑے قابل استادوں سے اعلی درجہ کی تعلیم حاصل کی تھی۔ شاد انگریزی، تلگو اور مرہٹی زبانوں پر بھی کافی دستگاہ رکھتے تھے۔ داغ کے شاگرد تھے۔ فارسی اور اردو دونوں زبانوں میں شعر کہتے تھے اور آپ کے دربار میں شعرا اور مصنفین کا ہمیشہ جمگھٹا رہتا تھا۔


کشن پرشاد نے ایک رسالے کی مدیر کی فرمائش پر سری رامچندر جی اور دسہرا تہوار کے تعارف پر مبنی ایک طویل مضمون تحریر کیا جسے بعد میں کتابچہ کی شکل میں بھی شائع کیا گیا۔
اس کتابچہ کے آغاز میں وہ لکھتے ہیں ۔۔۔
تاریخ ایک ایسی چیز ہے کہ اس سے انسان گھر بیٹھے تمام دنیا کی سیر کر سکتا ہے اور ان واقعات پر جن کو زمانہ اپنی تیز رفتاری سے پیچھے چھوڑ آیا ہے، نہایت سکوت اور خموشی کے ساتھ نظر ڈال کر ماضی و مستقبل و حال کی صیغہ گردانی کرتے ہوئے دنیا کی نیرنگیوں سے عبرت کا سبق حاصل کر کے کامیاب ہو سکتا ہے۔
اسی طرح ہم جب تاریخی دنیا کی سیر کرتے ہیں تو ہر قوم اور ہر ملت و مذہب کے ہزاروں نامور اور شجیع اور بہادروں کی اقبال مندانہ جوانمردی کے کارناموں کے دیکھنے کا موقع پاتے ہیں۔ جن کو زمانہ نے انہیں خداجانے کس عظمت کے آسمان تک پہنچا دیا تھا۔ ان بہادروں نے اپنی یادگار جوانمردی کا نقش دلوں پر ایسا گہرا ڈالا ہے کہ زمانہ کی ہستی کو مٹا دینے والی رفتار بھی ان کو نہ مٹا سکی اور نہ قیامت تک مٹا سکے گی۔
ہم نے جہاں تک غور کیا ہندوستان کی تاریخی دنیا میں شجاعت و جوانمردی کی تمام و کمال خوبیوں کا مستحق سوائے مہاراجہ دہراج رام چندر فرزند راجہ دسرت کے، ایسا کسی کو نہ پایا جو ہمارے تاریخی مضمون کا ہیرو ہو سکتا۔ اس لیے ہم اپنے اس مضمون کے میدان کو اپنے واجب التعظیم ہیرو کا رزم گاہ بنا کر ناظرین کو شجاعت اور معرکۃ الآرا جہاد کی شافی تصویر دکھاتے ہیں۔
اصلی شجاعت ان کی نفس کشی، حق پرستی، والدین کی اطاعت، بھائیوں کے ساتھ ہمدردی، رعایا کے ساتھ محبت، مظلوموں کی عدالت، مالک حقیقی کی رضا جوئی، صبر تحمل، استقلال، عقل کی زیادتی اور روحانی روشنی تھی۔ اگر ان خاص اوصاف سے ہمارا واجب الاحترام ہیرو متصف نہ ہوتا تو بجز اس کے کہ جس طرح کسی ایک پہلوان یا وحشی جاہل سپاہی کا تذکرہ چند روز تک زبان زد خاص و عام رہ کر اپنی ہستی کو فنا کر کے تاریخی صفحات پر پردہ ڈال دیتا ہے، ان کی یادگار بہادری کا کارنامہ بھی نسیاً منسیاً ہو گیا ہوتا۔


یہ بھی ڈاؤن لوڈ کیجیے ۔۔۔
سابق ریاست حیدرآباد دکن میں گائے کی قربانی
ضلع جگت - از مہاراجہ کشن پرشاد شاد - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

***
نام کتاب: دسہرا (کتابچہ)
مصنف: مہاراجہ سر کشن پرشاد شاد
سن اشاعت: 1912ء
تعداد صفحات: 40
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 2 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Dussehra booklet by Maharaja Sir Kishen Pershad Shad.pdf

Direct Download link:

GoogleDrive Download link:


Dussehra, an introductory booklet by Maharaja Sir Kishen Prasad Shad, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں