فرہنگِ طلسم ہوشربا - از ڈاکٹر اکبر حسین قریشی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-06-27

فرہنگِ طلسم ہوشربا - از ڈاکٹر اکبر حسین قریشی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

farhang-tilism-e-hoshruba

طلسم ہوشربا - اردو زبان و ادب میں کلاسیکی داستان کا درجہ رکھتی ہے۔ ہزاروں صفحات پر پھیلی ہوئی یہ ضخیم داستان اپنے اندر زبان و بیان کے ایسے نادر و نایاب اور دلکش نمونے رکھتی ہے کہ کہیں اور مشکل سے ملیں گے۔ یہ داستان ان گنت الفاظ، محاورات اور ضرب الامثال کا انمول خزانہ ہے۔ لیکن اساتذہ و طلبہ کو درس و تدریس کے دوران "طلسم ہوشربا" کے الفاظ، محاورات، ضرب الامثال اور اصطلاحات کے معانی سمجھنے میں دقت پیش آتی ہے۔ لہذا ڈاکٹر اکبر حسین قریشی نے "طلسم ہوشربا" کی ایک ایسی فرہنگ مرتب کر دی ہے جس میں وہ سارے الفاظ مل جائیں گے جن سے طلبہ و اساتذہ اور عام قارئین کو دوران مطالعہ واسطہ پڑتا ہے۔
یہی مفید اور یادگار فرہنگ تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً چار سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 21 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

کتاب کے پیش لفظ میں مقتدرہ قومی زبان (اسلام آباد، پاکستان) کے صدر نشین افتخار عارف لکھتے ہیں ۔۔۔
طلسم ہوشربا - اردو زبان و ادب میں کلاسیکی داستان کا درجہ رکھتی ہے۔ یہ داستان انتہائی دلچسپ بھی ہے اور سبق آموز بھی۔
اس داستان کی فرہنگ کی اشاعت کا ضرورت کا خیال اس لیے آیا کہ اکثر اساتذہ و طلبہ کو درس و تدریس کے دوران "طلسم ہوشربا" کے الفاظ، محاورات، ضرب الامثال اور اصطلاحات کے معانی سمجھنے میں دقت پیش آتی ہے اور معانی کے لیے جب مختلف لغات کو ٹٹولا جاتا ہے تو وہاں بھی وہ الفاظ نہیں ملتے۔
بیرونی ممالک میں کلاسیک کو اس طور پر مرتب و شائع کیا جاتا ہے کہ وہ کتاب نئی نسل کے لیے آسان ہو جاتی ہے۔ اسی خیال کے پیش نظر ڈاکٹر اکبر حسین قریشی نے "طلسم ہوشربا" کی ایک ایسی فرہنگ مرتب کر دی ہے جس میں وہ سارے الفاظ مل جائیں گے جن سے طلبہ و اساتذہ اور عام قارئین کو دوران مطالعہ واسطہ پڑتا ہے۔ پھر یوں الفاظ کا وہ ذخیرہ بھی محفوظ ہو جائے گا جو اور جگہ نظر نہیں آتا۔
دو سال کی محنت و کاوش کے بعد "طلسم ہوشربا" کی یہ فرہنگ پیش خدمت ہے۔ یہ ایک بڑا اور اہم کام ہے۔ اس محنت کی جتنی داد دی جائے کم ہے۔
مجھے یقین ہے کہ اس فرہنگ کی اشاعت سے کلاسیکی کتابوں کی الگ سے فرہنگیں مرتب کرنے کی جس روایت کا آغاز "فرہنگ فسانۂ آزاد" سے ہوا تھا، اسے مزید جلا ملے گی اور اردو زبان کی قدیم اور کلاسیکی کتابوں کا مطالعہ بھی آسان ہو جائے گا۔
یہ فرہنگ اساتذہ، طلبہ اور زبان و ادب کے شائقین کے لیے ایک ایسا خزینہ ہے جس سے ہر سطح پر استفادے کی صورتیں نکلیں گی۔

- افتخار عارف

اس فرہنگ کے مصنف "عرض حال" کے زیرعنوان لکھتے ہیں ۔۔۔
طلسم ہوشربا اردو کی قدیم داستانوں میں ممتاز و منفرد ہی نہیں بلکہ "گلِ سرسبد" کی حیثیت رکھتی ہے۔ ایک زمانہ تھا کہ اسے ذوق و شوق سے پڑھا اور سنا جاتا تھا، جابجا اس کا شہرہ تھا، گھر گھر اس کا چرچا تھا۔ شاید ہی کوئی گھرانہ اہل علم کا ایسا ہو جہاں اس کی حکمرانی نہ ہو۔
یہ بات ماضی کی ہے۔ آج رنگ ہی کچھ اور ہے، موجودہ دور میں طلسم ہوشربا صرف ایک "نام" ہے جبکہ ماضی میں وہ ایک زندہ اور جیتی جاگتی تصویر تھی، ہماری تہذیب و ثقافت اور بود و ماند کی۔ اس وقت لوگوں کو فرصت میسر تھی اور فرصت کے لمحات کا بہترین مصرف ان کے نزدیک طلسم ہوشربا پڑھنا پڑھانا اور سننا سنانا تھا۔ وہ اسے "عبادت" کا درجہ دیتے تھے کیونکہ ان کے خیال میں طلسم ہوشربا کی تصنیف کا محرک اسلام کی تبلیغ اور نشر و اشاعت کے علاوہ اور کچھ نہ تھا۔ اس میں اسلام اور کفر کی جنگ کے سوا اور ہے کیا؟ ایک طرف افراسیاب اور اس کا لاؤ لشکر ہے، دوسری جانب صاحب قرآن امیر حمزہ اور ان کے جاں نثار ہیں، انجام کار امیر حمزہ اور ان کے جاں نثار افراسیاب کی طاغوتی قوت کو پاش پاش کر دیتے ہیں اور یوں اسلام کی حقانیت ثابت کر کے افراسیابی رنگ و روغن کا نام و نشان مٹا کر رکھ دیتے ہیں۔

آج یہ سوال بار بار ہمارے دل و دماغ کو پریشان کرتا ہے اور رہ رہ کر یہ خیال آتا ہے کہ قدیم اور ضخیم داستانوں کو کیونکر پڑھا جائے اور ان سے خاطر خواہ فائدہ کس طرح اٹھایا جائے کہ اس باب میں سب سے بڑا سنگِ گراں "فرصت" اور "فراغت" کا مسئلہ ہے۔ جب انہیں پڑھنا اور ان سے لطف اندوز ہونا ہے تو وقت بھی نکل آئے گا اور فرصت کے لمحات بھی میسر آ جائیں گے۔ بات صرف ذوق و شوق کی ہے اور جب ذوق و شوق غالب ہو تو وقت کی قلت اور عدیم الفرصتی کا بہانہ بےمعنی بن کر رہ جاتا ہے۔ آخرکار قدیم ادب کی افادیت اور کشش اپنی طرف مائل کرے گی۔
گو آج کی مصروف زندگی میں کلاسیکی ادب کا مطالعہ کٹھن اور دشوار سہی لیکن ناممکن ہرگز نہیں۔ قدیم ادب کا مطالعہ ہماری ضرورت ہے اور ہم اس سے بےنیاز نہیں رہ سکتے کہ ہم حال کو ماضی کے آئینے میں دیکھنے پر مجبور ہیں، قدیم ادب سے بےاعتنائی بڑی محرومی ہے!

طلسم ہوشربا کا اندازِ بیان "عوامی" ہے یا یوں کہیے کہ عام بول چال کی زبان میں اسے لکھا گیا ہے۔ یہ ہزاروں صفحات پر پھیلی ہوئی ضخیم داستان اپنے اندر زبان و بیان کے ایسے نادر و نایاب اور دلکش نمونے رکھتی ہے کہ کہیں اور مشکل سے ملیں گے۔ طلسمی واقعات کو اس خوبی اور خوبصورتی سے پش کیا ہے کہ اگر ایک مرتبہ اسے پڑھنے کی توفیق ہو جائے تو یہ اپنے قاری کو "مسحور" کر لیتی ہے اور اس کے طلسم سے باہر نکلنا مشکل ہو جاتا ہے۔ آخر اس کا نام "طلسم ہوشربا" یوں ہی تو نہیں ہے!

طلسم ہوشربا ان گنت الفاظ، محاورات اور ضرب الامثال کا انمول خزانہ ہے، اس خزانے تک رسائی آج آسان نہیں ہے، اس لیے ضرورت محسوس ہوئی کہ طلسم ہوشربا کی ایک ایسی فرہنگ مرتب کی جائے جو اس کی تفہیم میں ممد و معاون ہو۔ اسی خیال کے پیش نظر اس فرہنگ کو تیار کیا گیا ہے، ممکن حد تک لغات کی فراہمی کے بعد اس کو مدون کیا گیا ہے۔ تقریباً وہ تمام الفاظ و محاورات، اس فرہنگ میں موجود ہیں جن کی ایک قاری کو ضرورت ہے۔ الفاظ و محاورات کے معانی بیان کرنے میں لغات سے استفادہ کیا ہے اور جہاں لغات نے ساتھ نہیں دیا، وہاں سیاق و سباق سامنے رکھ کر ذہن نارسا سے کام لیتے ہوئے معانی بیان کیے ہیں۔ لغوی معنی کے فرق و امتیاز کو برقرار رکھنے کے لیے یہ ضروری تھا کہ قیاسی معنی کے ساتھ حرف "ق" لکھا جائے چنانچہ ہر جگہ اس کا التزام ہے۔ اہل علم کی توجہ اس طرف مبذول کرانا ضروری ہے، تاکہ قیاسی معنی کو بہتر بنایا جا سکے۔ امید کی جاتی ہے کہ یہ فرہنگ طلسم ہوشربا کے مشکل مقامات کو سمجھنے میں مفید ثابت ہوگی۔

- ڈاکٹر اکبر حسین قریشی
24/ اپریل 1995


یہ کتب بھی ڈاؤن لوڈ کیجیے:
مقدمۂ طلسم ہوشربا - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ
انتخابِ طلسم ہوشربا از حسن عسکری - pdf download
فرہنگِ فسانۂ آزاد - از ڈاکٹر اکبر حسین قریشی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

***
نام کتاب: فرہنگِ طلسم ہوشربا
از: ڈاکٹر اکبر حسین قریشی
تعداد صفحات: 411
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 21 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Farhang Tilism-e-Hoshruba.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Farhang Tilism-e-Hoshruba, a dictionary, by Dr Akbar Hussain Qureshi, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں