طلسم ہوشربا - اردو زبان کی ایک تصنیف ہے، ترجمہ نہیں۔ یہ 46 جلدوں پر مشتمل (تقریباً 50 ہزار صفحات) 'داستان امیر حمزہ' کا ایک باب ہے جس کی کل دس جلدیں بتائی جاتی ہیں۔ یہ دو داستان گویوں کا کارنامہ ہے: محمد حسین جاہ نے اولین چار جلدیں لکھیں اور مابقی چھ جلدیں احمد حسین قمر نے مکمل کیں۔
تہذیب، سماج اور زبان ۔۔۔ تینوں کے مطالعہ کے لیے "طلسم ہوشربا" ایک اہم ماخذ ہے۔ فن داستان گوئی، بالعموم داستان امیر حمزہ اور بالخصوص طلسم ہوشربا پر معروف و معتبر اردو قلمکاروں نے جو تنقیدی، تحسینی اور تحقیقی مقالے تحریر کیے ہیں، ان تمام کے اہم اقتباسات کو یکجا کر کے کتابی شکل میں خدابخش اورینٹل لائبریری نے "مقدمۂ طلسم ہوشربا" کے عنوان سے شائع کیا ہے۔
یہی مفید اور تحقیقی کتاب تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً ڈیڑھ صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 8 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔
اس کتاب کے پیش گفتار میں عابد رضا بیدار لکھتے ہیں ۔۔۔یہ داستانیں لکھی بعد میں گئیں، سنائی پہلے!
اس لیے لکھت میں آنے سے قبل ہی مشہور ہو چکی تھیں اور لکھ جانے کے بعد بھی سنائے جانے میں زیادہ فرق نہیں آیا۔ داستان امیر حمزہ اور اس داستانی سلسلے کی اہم کڑی طلسم ہوشربا کو، اردو میں جتنا پڑھا گیا اور جتنا سنا گیا، اردو کی کوئی اور اوریجنل تخلیق، اس اعتبار سے اس کے نصف قد کو بھی نہیں پہنچتی۔ عوام الناس سے لے کر نوابوں اور بادشاہوں تک، غربا سے امرا تک، شعرا ادبا تک (مرزا غالب بھی!) سب اس کی زلف کے اسیر تھے۔
ہند ایرانی کلچر کی جو باقیات بیسویں صدی کے اوائل تک جتنی اور جس حد تک محفوظ رہ گئی تھیں، طلسم ہوشربا میں اس کلچر کے تقریباً ہر پہلو کی جھلکیاں مل جاتی ہیں۔ یہ کلچر جو ہند آریائی تہذیب کے دو دھاروں کا ملن تھا۔ حضرت عیسی سے گیارہ بارہ سو سال پہلے کا دھارا اور عیسیٰ سے گیارہ بارہ سو سال بعد کا دھارا: جس میں دونوں نے اپنی اپنی حسین ترین روایتوں کو ہم آمیز کر کے دنیا کے ایک شکیل ترین تہذیبی آمیزہ کو جنم دیا۔
ہوشربا میں عالمی تاریخ و تہذیب کی اس خوبصورت یادگار کو بڑی تفصیل سے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دور کی تہذیب، سماج اور زبان، ان تینوں کے مطالعہ کے لیے ہوشربا ایک قیمتی خزانہ ہے۔
طلسم ہوشربا تصنیف ہے ترجمہ نہیں۔
طلسم ہوشربا، داستان امیر حمزہ کا ایک حصہ بتایا جاتا رہا ہے۔ اور خود داستان ایک قدیم تر فارسی قصہ 'داستان امیر حمزہ' سے ماخوذ بتائی جاتی رہی ہے۔ جبکہ کوئی ایسی قدیم فارسی 'داستان امیر حمزہ' دستیاب نہیں کہ موجودہ ضخیم 'داستان امیر حمزہ اردو' جس کا ترجمہ قرار دی جا سکے۔
اور کوئی فارسی یا اردو داستان امیر حمزہ ایسی موجود نہیں کہ طلسم ہوشربا جس کا ترجمہ کہی جا سکے۔ بجز اس کے کہ، داستان امیر حمزہ اردو، اسی نام کی قدیم فارسی داستان کا چربہ ہے یا اسے اپنا سرچشمہ بنایا ہے۔ اور طلسم ہوشربا قدیم داستان یا اردو داستان سے مستفاد ہے تو محض اس حد تک کہ ناموں میں خاصا اشتراک ہے اور کارناموں میں بھی جابجا اشتراک ہے۔
دراصل اردو والوں نے عظیم تر ادبیات فارسی سے ناتا جوڑنے کی کوشش میں یہ کہنے میں فخر محسوس کیا کہ وہ طلسم خود تصنیف نہیں کر رہے، بلکہ داستان کے اسی نام کے ایک حصے کا ترجمہ پیش کر رہے ہیں۔ تاہم چونکہ یہ امر خلاف واقع تھا اس لیے ایک ہی سانس میں اسے ترجمہ کے ساتھ تصنیف بھی قرار دیتے رہے۔ اس میں ان طلسم کاروں کے ساتھ مطبع کے کار پردازوں اور مالکوں کو بھی برابر کا یا کچھ زیادہ ہی دخل رہا جنہوں نے اسے بھی اپنے بزنس یا تجارتی گر کا حصہ جانا کہ فارسی والوں سے رشتہ ظاہر کیا جاتا رہے کہ انیسویں صدی کے اواخر تک تنہا اردو میں وہ عظمت نہیں تھی جو فارسی کے نام سے وابستگی میں پیدا ہو جاتی تھی۔
تصنیف کو ترجمہ کہہ کر پچھلوں سے رشتہ جوڑنے کی کوشش دراصل اس وقت کی ایک اہم قدر کا شریفانہ اظہار تھی کہ کسی سے کچھ لو تو احسان کا تقاضا ہے اس سے زیادہ بتاؤ جتنا اس کا حق ہے۔ اگر پچھلوں نے کوئی طلسم ہوشربا لکھی تھی تو وہ اگلوں کے لیے انسپائریشن تو بہرحال بنی۔ اس کے کردار لیے، اس کے عیار لیے اور بھی کچھ باتیں آٹے میں نمک کے طور سے لے لیں۔ اب اس سے کیا فرق پڑتا ہے کہ وہ اصل 25 صفحے کی داستان ترجمے میں نو دس ہزار صفحوں پر پھیل گئی۔
اگر خیال اصلاً پیشرو کا ہے تو اس پر چاہے ایک پوری عمارت کی تعمیر ہو جائے، عمارت کا نام اس خیال آفریں کے نام پر ہی رہے: ایسی قدریں، اب اس عہد میں، جبکہ پیشرووں کے پورے پورے افکار پس رو اپنے ناموں میں ٹانک لیتے ہیں، سمجھ میں آ بھی تو نہیں سکتیں!
یہ کتاب بھی ڈاؤن لوڈ کیجیے:
انتخابِ طلسم ہوشربا از حسن عسکری - pdf download
***
نام کتاب: مقدمۂ طلسم ہوشربا
از: خدابخش اورینٹل پبلک لائبریری
تعداد صفحات: 160
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 8 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Muqaddamah-e-Tilism-e-Hoshruba.pdf
مقدمۂ طلسم ہوشربا :: فہرست | ||
---|---|---|
نمبر شمار | عنوان | صفحہ نمبر |
1 | راہی معصوم رضا | 15 |
2 | محمد حسن عسکری | 23 |
3 | عزیز احمد | 27 |
4 | خلیل الرحمن اعظمی | 34 |
5 | سید وقار عظیم | 35 |
6 | ممتاز حسین | 45 |
7 | کلیم الدین احمد | 47 |
8 | شمس الرحمن فاروقی | 83 |
9 | راز یزدانی | 88 |
10 | خواجہ عبدالرؤف عشرت لکھنوی | 101 |
11 | حافظ علی بہادر خاں | 105 |
12 | گیان چند | 109 |
13 | سہیل بخاری | 123 |
14 | نائب حسین نقوی | 145 |
15 | امیر حسن نورانی | 146 |
16 | عبدالقدوس ہاشمی | 152 |
17 | اختر مسعود رضوی | 154 |
18 | مرزا محمد سعید دہلوی | 160 |
Muqaddamah-e-Tilism-e-Hoshruba, by Khuda Bakhsh Oriental Public Library, pdf download.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں