رسالہ افکار - برطانیہ میں اردو - خاص نمبر اپریل 1981 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-05-20

رسالہ افکار - برطانیہ میں اردو - خاص نمبر اپریل 1981 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

afkar-april-1981

مکتبہ افکار (بندر روڈ، کراچی) سے باتصویر ماہنامہ "افکار" ، صہبا لکھنوی کی ادارت میں 1945 میں جاری ہوا۔ اس رسالے میں افسانے نظمیں، غزلیں، ڈرامے، طنز و مزاح، ترجمہ، فکاہیہ، گیت اور مقالے غرض اردو ادب کی تمام اصناف شائع ہوتی تھیں۔ ادبی رسالہ ہونے کے باوجود اس میں اشتہارات بھی خوب چھپتے تھے۔ تقسیم ہند کے بعد یہ رسالہ محکمہ تعلیمات، رکن انجمن ادبی رسائل پاکستان سے منظور شدہ تھا۔ افکار نے زندہ شخصیات پر بھی نمبر نکالے مثلاً اکتوبر-نومبر 1961 میں "جوش نمبر" شائع کیا اور اگست 1962 میں ضمیمہ کے ساتھ اسی جوش نمبر کا دوسرا ایڈیشن بھی شائع کیا۔ 1955 میں "دس سالہ نمبر" شائع کیا جو 1945 سے 1955 تک کے دس برسوں کے مشمولات پر محیط تھا۔ اسی طرح شمارہ نمبر 58-59 بطور "مجاز نمبر" شائع کیا گیا اور 1959 میں 246 صفحات پر مشتمل "افسانہ نمبر" بھی شائع کیا۔ افکار کا ایک یادگار نمبر، 133 ویں شمارہ (اپریل-1981، اشاعت کا 37 واں سال) "برطانیہ میں اردو" ایڈیشن کے بطور شائع ہوا تھا۔ تقریباً 600 صفحات پر مشتمل یہ نمبر تعمیرنیوز کی جانب سے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم تقریباً 27 میگابائٹس ہے۔
رسالہ کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

برطانیہ میں اردو نمبر کے اداریہ میں مدیر افکار صہبا لکھنوی لکھتے ہیں۔۔۔
اشاریہ - برطانیہ میں اردو کا پس منظر
اکتوبر 1975 کی بات ہے۔۔۔
افکار کے دیرینہ رفیق مقصود الہی شیخ جو عرصۂ دراز سے بریڈفورڈ میں رس بس گئے ہیں۔ ایک ماہ کے لیے اپنے وطن پاکستان آئے اور ایک ہفتہ اپنے افراد خاندان کے ساتھ میرے مہمان رہے۔ دوران قیام کراچی شیخ صاحب نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایک بار مجھے انگلستان کا دورہ کرنا چاہیے تاکہ برطانیہ میں مقیم اردو دوستوں سے ذاتی ربط و تعلق پیدا ہو جائے اور افکار کا حلقہ وسیع ہو سکے۔ اس سلسلے میں انہوں نے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
میں نے ان کی مخلصانہ پیش کش کو اصولی طور پر منظور کر لیا لیکن اس شرط کے ساتھ کہ میں خالی ہاتھ انگلستان نہیں آؤں گا بلکہ میں پہلے "برطانیہ میں اردو" کے عنوان سے خاص اشاعت کے پروگرام کو مکمل کروں گا اور اس کے بعد انگلستان کا قصد کروں گا۔ شیخ صاحب اور میں نے رات کے دو بجے تک مجوزہ خاکے پر تبادلۂ خیالات کیا۔ شیخ صاحب نے انگلستان کے اہل قلم کی نظم و نثر کی تخلیقات فراہم کرنے کا ذمہ لیا اور میں نے برصغیر میں انگریز مستشرقین کی ہمہ گیر علمی و ادبی خدمات کے سیر حاصل جائزے کو یک جا کر کے خاص اشاعت کی صورت میں مرتب کرنے کا وعدہ کیا اور کام کی ابتدا کر دی۔ اور طےشدہ پروگرام کے تحت "افکار" میں ۔۔۔ "برطانیہ میں اردو - ایڈیشن" کا اعلان کر دیا۔

شیخ صاحب نے پاکستان سے واپس جانے کے بعد انگلستان کے اہل قلم کو اس خاص اشاعت کے بارے میں بذریعے خطوط مطلع کیا اور تعاون کی درخواست کی، پھر یاددہانیوں کا سلسلہ شروع کیا اور جب خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہ ہو سکا تو انہوں نے متعلقہ حضرات کو بذریعہ تار بھی توجہ دلائی۔ اسی سعی و کوشش میں 1976 ختم ہو گیا اور حسب توقع انگلستان کے اہل قلم حضرات نے اس خاص اشاعت کے لیے مطلوبہ تحقیقات ارسال نہیں کیں۔ البتہ تھوڑا بہت مواد شیخ صاحب نے جمع کر کے مجھے ارسال کر دیا۔ لیکن جس وسیع پیمانے پر ہم "برطانیہ میں اردو - ایڈیشن" کو انگلستان کے تمام اردو دوستوں کی تخلیقات اور انگلستان کے ادبی مسائل کے سیر حاصل جائزے پر مشتمل صورت میں پیش کرنے کے آرزومند تھے، اس کی تکمیل نہ ہو سکی اور شیخ صاحب دل شکستہ ہو کر ہمت ہار بیٹھے۔ لیکن میرے لیے اس اعلان کو واپس لینے یا اس خاص اشاعت کو شائع نہ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا کہ اول تو میں شیخ صاحب سے وعدہ کر چکا تھا۔ دوسرے یہ کہ یہاں میں نے انگریز مستشرقین اور ان کے قایم کردہ اداروں سے متعلق مضامین تیار کرا لیے تھے۔ چنانچہ میں نے شیخ صاحب کو بغیر کسی تردد کے ، لکھ دیا کہ اب آپ فکرمند نہ ہوں۔ دیر سویر میں ان ادیبوں اور شاعروں سے براہ راست رابطہ پیدا کر کے کچھ نہ کچھ ضرور حاصل کر لوں گا اور اس خاص اشاعت کو ضرور شائع کروں گا۔
اور اب چار سال کی مسلسل سعی و کاوش کے بعد 'برطانیہ میں اردو - ایڈیشن' آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ اس میں کیا ہے اور کیا نہیں۔ اس کا فیصلہ تو ناقدین، مبصرین اور قارئین کریں گے۔ میں صرف اتنا ہی عرض کرنے پر اکتفا کروں گا کہ اگر مقصود الہی شیخ پاکستان نہ آتے، مجھے میزبانی کا شرف نہ بخشتے اور 'برطانیہ میں اردو' ایسے صبر آزما اور تقریباً ناممکن العمل موضوع پر میرے مرتبہ خاکہ کو پسند کر کے میرا حوصلہ نہ بڑھاتے تو اس یادگار اور دستاویزی خاص اشاعت کی نوبت نہ آتی۔

۔۔۔ انگلستان کے جن دوستوں نے اس کٹھن کام میں میرا ہاتھ بٹایا، مضامین، فہرست مخطوطات اردو، منظومات اور تصاویر وغیرہ فراہم کیں، ان میں مقصود الہی شیخ کے علاوہ، رالف رسل، سلیم قریشی، محمود ہاشمی، ڈاکٹر سعید اختر درانی، سلطان محمود، محسنہ جیلانی، منیر احمد اور موج فرازی بطور خاص قابل ذکر ہیں۔
اسی طرح کراچی میں ابتدا تا انتہا جن رفیقوں نے تعاون کیا، ان میں سرفہرست ضمیر نیازی ہیں۔ ان کے علاوہ افسر صدیقی، ڈاکٹر عبادت بریلوی، ریاض صدیقی اور شہزاد منظر کے علاوہ وہ تمام اہل قلم بھی دلی شکریے کے مستحق ہیں جن کی نگارشات اس خصوصی اشاعت میں شامل ہیں۔
اس خاص اشاعت کے سلسلے میں میں نے جن کتب خانوں سے استفادہ کیا ان میں انڈیا آفس لائبریری، برٹش میوزیم، کتب خانہ انجمن ترقی اردو، غالب لائبریری۔ اور جن ممتاز ادبی جرائد سے فیض اٹھایا ان میں قومی زبان کراچی، آجکل دہلی، نوائے اردو اور شاعر بمبئی وغیرہ قابل ذکر ہیں۔
برطانیہ میں اردو - کے موضوع پر افکار نے کام کی ابتدا کر دی ہے۔ یقین کہ آنے والی نسل اس کام کو اور اس روایت کو آگے بڑھائے گی۔ اس موضوع پر مزید کام کرنے کی ابھی بہت گنجائش ہے۔
فہرست مخطوطات اردو، نظرثانی کے بعد شاید پہلی بار مکمل صورت میں افکار کو پیش کرنے کا فخر نصیب ہوا ہے۔ یہ فہرست تحقیقی کام کرنے والوں کی ہمیشہ رہبری کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے:
ادبی رسائل کے پچیس سال - از ابن انشاء
رسالہ سویرا - شمارہ اول 1946 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ
نقوش کا لاہور نمبر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ
ادبی دنیا - سالنامہ 1939 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

***
نام رسالہ: رسالہ افکار (برطانیہ میں اردو نمبر)، شمارہ اپریل - 1981
مدیر : صہبا لکھنوی
تعداد صفحات: 590
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 27 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Afkar-04-1981.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

رسالہ افکار (برطانیہ میں اردو نمبر)، شمارہ اپریل - 1981 :: فہرست مضامین
نمبر شمارمضمونصاحبِ مضمونصفحہ نمبر
1اشاریہصہبا لکھنوی13
نادر و نایاب15
2اردو نثر کے ارتقا میں انگریزوں کا حصہمولوی عبدالحق16
3سیاحت نامہڈاکٹر عبادت بریلوی33
4اردو کا پہلا سفرنامہمظفر عباس52
5شیکسپئیر کے اردو ترجمےڈاکٹر عبدالعلیم نامی58
تصویروں میں64
6انگلستان اور پاک و ہند کے اہل قلمانگریز مستشرقین65
انگریزوں کے قایم کردہ ادارے81
7فورٹ ولیم کالجضمیر نیازی82
8دہلی کالجریاض صدیقی101
9ایشیاٹک سوسائٹی بنگالڈاکٹر معین الدین عقیل118
10برطانوی عہد کی اردو انجمنیںعتیق احمد140
لسانیات157
11اردو لغت نویسی اور اہل انگلستانپروفیسر ایس کے حسینی158
12انگریزی میں اردو الفاظعبدالقادر سروری164
13اردو زبان کا انگریزی زبان پر اثرسید شبیر علی کاظمی173
تحقیق - تنقید181
14اردو کے چند انگریز شاعرعبدالماجد دریابادی182
15بنگال کے انگریز مصنفینِ اردوشانتی رنجن بھٹاچاریہ186
16انگلستان - اردو اور تعلیم و تحقیقڈاکٹر عبادت بریلوی196
17چند اکابر اردو - برطانیہ میںافسر صدیقی201
18برطانیہ میں اردوڈاکٹر آغاز افتخار حسین214
19برطانوی حکومت اور اردو دشمنیڈاکٹر فرمان فتح پوری218
20مشتشرقین کی اردو خدماتشفقت رضوی235
21اینگلو انڈین ادب کا فکری پس منظرمحمد علی صدیقی249
22مشرق و مغرب کا ادبی سنگمڈاکٹر شمیم حنفی261
مطالعہ - مشاہدہ269
23قیام انگلستان کی یادیںسید ہاشم رضا270
24تاریخ انگلستان جدیدابن انشا276
25انگلستان میں پاکستانمختار زمن281
علاقائی ادب اور برطانوی اہل قلم297
26پنجابی ادب اور برطانوی اہلِ قلمپروفیسر شریف کنجاھی298
27پشتو ادب اور برطانوی اہلِ قلمفارغ بخاری301
28سندھی ادب اور برطانوی اہلِ قلمڈاکٹر میمن عبدالمجید سندھی310
29بلوچی و براہوی ادب اور برطانوی اہلِ قلمکامل القادری325
30کشمیری ادب اور برطانوی اہلِ قلمڈاکٹر سید محمد یوسف بخاری341
کتب خانے - مخطوطات353
31برٹش میوزیم لائبریریمسعود حسین354
32ماچسٹر کے بعض مخطوطاتڈاکٹر مختار الدین احمد آرزو358
33فہرست مخطوطات اردوجے۔ایف۔بلوم ھارٹ، سلیم الدین قریشی، افسر صدیقی361
انگلستان میں مقیم - اردو کے اہل قلم421
34انگریزوں کی اردو دوستیرالف رسل422
35ہم یہاں کیسے پہنچے؟محمود ہاشمی431
36انگلستان میں جشن ندیم و افکارغلام قادر آزاد448
37برطانیہ کے شب و روزڈاکٹر سعید اختر درانی453
38برطانیہ میں اردو صحافت کا ارتقاسلطان محمود463
39اردو کا ایک انگریز پرستارمحسنہ جیلانی469
40ہمارے دادا میاں مرحومقیصر تمکین475
41توڑ دو دیواریںمقصود الٰہی شیخ480
42کتا، بھوک اور گالیش۔ صغیر ادیب485
43گیتمحسن شمسی492
44دس پونڈ کا نوٹبلدیو سنگھ495
45مٹی کی گودپروین مرزا498
46زندگی کے اس موڑ پرچاند کرن503
شاعری509
47سخن ناگفتہسحر انصاری، صہبا لکھنوی510
48نیا آدمین۔م۔راشد511
49جب عمر کی نقدی ختم ہوئیابن انشا513
50مہارتھ اور بوڑھا برگداکبر حیدرآبادی515
51نام اور آدمیجاوید قمر516
52نذر خسروموج فرازی517
53ڈولتی ناؤمیر بشیر519
54سائے کا سفرساقی فاروقی520
55سوچبشیر کوثر521
56سیم و جواہر کے رشتےڈاکٹر خالد حسین قادری522
57نشاطِ زندگیڈاکٹر سعید اختر درانی523
58گیتسوہن راہی524
59ناگنبخش لائلپوری525
60دو مختصر نظمیںڈاکٹر مصطفی کریم526
61اندھیرے کا مسافرباقر انجم527
62جنس کاسدحسین مشیر علوی528
63روسیاہیڈاکٹر صفی حسن529
64ایک نظمصدیق فنکار530
65بدمعاشحکیم غلام نبی531
66لندن نامہمنیر احمد532
67آخری نامکمل غزلابن انشا533
68آخری غزلنسیم شمائلپوری534
69انتخابِ کلامشعرائے انگلستان539
70حرف آخرمحمد احمد سبزواری553
مختصر ادبی خبریں564
71آئینۂ برطانیہشہزاد منظر565
72ہمارے مشتہرین اور تشہیری ادارےادارہ579

Monthly Afkar, issue-April, 1981, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں