جامعہ - گولڈن جوبلی نمبر 1970 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-02-25

جامعہ - گولڈن جوبلی نمبر 1970 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

jamia-mag-golden-jubilee-number 1970
جامعہ ملیہ اسلامیہ (دہلی) کے ترجمان رسالہ "جامعہ" کی جلد:62 کا پانچواں شمارہ (نومبر-1970) بحیثیت گولڈن جوبلی نمبر شائع ہوا تھا۔ جس کے مدیر ضیاءالحسن فاروقی تھے اور مجلس ادارت میں ان کے علاوہ پروفیسر محمد مجیب، ڈاکٹر سید عابد حسین اور ڈاکٹر سلامت اللہ بھی شامل رہے۔ یہ ایک انتہائی یادگار خصوصی شمارہ ہے جس میں جامعہ کی پچاس سالہ تاریخ پر ایک سیرحاصل مضمون شامل ہے۔ علاوہ ازیں دیگر اہم مضامین میں جامعہ سے ملحق تعلیمی ادارے، جامعہ کے سابقہ امیر (چانسلر) اور چند معروف مرحوم اساتذہ کے تذکرے شامل ہیں۔
مجلہ "جامعہ" کا یہ یادگار گولڈن جوبلی نمبر (نومبر-1971)، جامعہ کی صدی تقاریب کے سلسلے میں بطور اظہارِ عقیدت تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ 210 صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم تقریباً 10 میگابائٹس ہے۔
رسالہ کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

مدیر رسالہ ضیاءالحسن فاروقی، اس خصوصی شمارہ کے اداریہ بعنوان "شذرات" کے تحت لکھتے ہیں ۔۔۔
۔۔۔ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ جامعہ ویسی نہیں رہی جیسی کہ اسے ہونا چاہیے تھا، کچھ لوگوں کا الزام ہے کہ جامعہ نے اپنا وظیفۂ بنیادی فراموش کر دیا۔ بہت سے ایسے ہیں جو اس کی توسیع و ترقی سے مطمئن نہیں ہیں۔ کئی لوگ اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ جامعہ والے روز بروز مطمئن ہوتے جا رہے ہیں۔ جامعہ کے بارے میں شروع ہی سے کچھ نہ کچھ کہا جاتا رہا ہے اور جامعہ والے سنتے سب کی ہیں اور کرتے اپنے من کی رہے ہیں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ ہمیں اپنے فرضِ منصبی، اپنے تعلیمی و تہذیبی مشن کی طرف سے غافل نہیں ہونا چاہیے۔ ذاکر صاحب مرحوم اور ان کے ساتھیوں کی بتائی ہوئی اسی راہ پر ہمیں چلنا ہے، یہی راہ عزیمت کی راہ ہے۔ پہلے عوام کے چندے سے جامعہ چلتی تھی لیکن عوام کو اپنا رہنما ہم نے نہیں بنایا، اب حکومت کی گرانٹ سے چلتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم کاسہ لیسی کی زندگی اختیار کریں اور اپنی آزادی و خودداری سے اپنے آپ کو محروم کر لیں اور حکومت کا ہم سے یہ مطالبہ بھی نہیں بلکہ وہ تو یہ چاہتی ہے کہ جامعہ کی تعلیمی شخصیت، تہذیبی کردار اور اس کی وہ تمام خصوصیات باقی رہیں جن کی وجہ سے یہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے نام سے مشہور و معروف ہے۔ ضرورت اس کی ہے کہ ہم اپنے بازو نہ سمیٹیں اور ہر لمحہ ایک نئی پرواز کے لیے تیار رہیں۔
مضمون "جامعہ کے پچاس سال" سے ایک اہم اقتباس ۔۔۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کا قیام
29/اکتوبر 1920ء کو جمعہ کے دن جوشیلے طلبہ اور اساتذہ علی گڑھ کالج کی مسجد میں جمع ہوئے۔ مولانا محمد علی نے دلوں کو گرمانے والی تقریر کی۔ آخر میں شیخ الہند مولانا محمود الحسنؒ کا خطبہ تاسیس پڑھ کر سنایا گیا۔ اس طرح ان رہنماؤں کے مقدس ہاتھوں سے "جامعہ ملیہ اسلامیہ" کی رسم افتتاح ادا ہوئی اور برسوں کے انتظار کے بعد مولانا محمد علی اور حضرت شیخ الہند کے ذریعہ اس نئے تعلیمی ادارے کی شکل میں دیوبند اور علی گڑھ کا سنگم ہو گیا جو اس بات کا اعلان تھا کہ مسلمان ایک طرف تو اپنی صدیوں کی ذہنی اور روحانی کمائی کو آئیندہ نسل کی طرف منتقل کر کے اپنے تئیں تباہی سے بچائیں گے اور دوسری طرف اس نئی نسل میں یہ قابلیت پیدا کرنے کی کوشش کریں گے کہ وہ بزرگوں کے پائے ہوئے تمدنی خزانہ میں خود اپنی جدوجہد سے اضافہ کر سکے۔

یہ بھی پڑھیے ۔۔۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ - سیکولر اقدار کا جیتا جاگتا نمونہ
عصری اور سیکولر تعلیم کے فروغ میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کا امتیازی مقام
جامیہ ملیہ اسلامیہ - اردو ادب اور قومی یکجہتی پروگرام - شمس الرحمن فاروقی کا خطاب
جامعہ ملیہ میں ابن صفی سمینار
***
نام رسالہ: جامعہ ، نئی دہلی ، گولڈن جوبلی نمبر (نومبر-1970)
تعداد صفحات: 210
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 10 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Jamia Nov 1970 Golden Jubilee Number.pdf

Direct Download link:

GoogleDrive Download link:

فہرست مضامین
نمبر شمارتخلیقتخلیق کارصفحہ نمبر
1شذراتضیاءالحسن فاروقی5
2جامعہ کے پچاس سال**11
3تقریر شیخ الجامعہ (بہ تقریب جشنِ سیمیں)ڈاکٹر ذاکر حسین مرحوم55
4تقریر شیخ الجامعہ (بہ تقریب جشنِ زریں)پروفیسر محمد مجیب74
5جامعہ - ابتدا میں انتہاجناب رانا جنگ بہادر81
تعلیمی ادارے
6جامعہ کالجضیاءالحسن فاروقی92
7ہائر سکنڈری اسکولجناب عبدالحق خاں100
8مدرسۂ ابتدائیجناب آزاد رسول105
9استادوں کا مدرسہجناب عبداللہ ولی بخش قادری115
10بالک ماتا سینٹر**121
11نرسری اسکولمحترمہ مشیر فاطمہ122
12شعبۂ انجینئرنگ**127
13اسکول آف سوشل ورک**128
امیرِ جامعہ
14پہلے امیر جامعہ - حکیم اجمل خاںڈاکٹر ذاکر حسین مرحوم133
15دوسرے امیر جامعہ - ڈاکٹر مختار احمد انصاریڈاکٹر ذاکر حسین مرحوم140
16تیسرے امیر جامعہ - عبدالمجید خواجہعبداللطیف اعظمی145
17چوتھے امیر جامعہ - ڈاکٹر ذاکر حسینپروفیسر محمد مجیب152
شیخ الجامعہ
18پہلے شیخ الجامعہ - مولانا محمد علیڈاکٹر قاضی عبدالمجید زبیری171
چند مرحوم اساتذہ
19آپاجان - مس گرڈا فلپس بورنپروفیسر محمد مجیب181
20شفیق الحمن قدوائیپروفیسر محمد مجیب190
21مولانا محمد اسلم جیراجپوریضیاءالحسن فاروقی195
22حامد علی خاںعبداللطیف اعظمی202
23اختر حسن فاروقیپروفیسر محمد مجیب204
نظم
24شعلۂ ایماںجناب روش صدیقی207

Jamia, Golden Jubilee Number 1970, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں