دکنی نثر کا انتخاب - از پروفیسر سیدہ جعفر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-06-24

دکنی نثر کا انتخاب - از پروفیسر سیدہ جعفر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

deccani-nasr-intekhab

پروفیسر سیدہ جعفر (پ: 5/اپریل 1934، کریمنگر - م: 24/جون 2016، حیدرآباد)
اردو کی ادبی تاریخ میں ایک بلند پایہ محقق ، نقاد اور مورخ کی حیثیت سے جانی جاتی ہیں۔ دکنیات کے صف اول کے ماہرین میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ تحقیق و تنقید میں ان کی 33 کتابیں اس بات کا پتہ دیتی ہیں کہ تمام عمر وہ نہ صرف اپنے کام میں مصرو ف رہی ہیں بلکہ بعد والوں کے لئے نشان راہ بھی متعین کئے۔ وہ عثمانیہ یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں صدر اور بورڈ آف اسٹیڈیز کی چیرپرسن رہی ہیں۔ پھر حیدرآباد یونیورسٹی کے صدر شعبہ اردو کی حیثیت سے ملازمت سے سبکدوش ہوئیں۔ درس و تدریس کے علاوہ تصنیف و تالیف ان کا دلچسپ مشغلہ تھا۔ 1983 میں ان کی ایک اہم تصنیف "دکنی نثر کا انتخاب" شائع ہوئی تھی جو علاقہ دکن کے چودہ مصنفین کی تصانیف کے منتخبات پر مشتمل تھی۔
یہی اہم اور یادگار تحقیقی کتاب تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً پونے دو سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 7 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

زیرنطر کتاب کے مقدمہ میں سیدہ جعفر لکھتی ہیں ۔۔۔
دکنی نثر کا یہ انتخاب دکن کے چودہ مصنفین کی تصانیف کے منتخبات پر مشتمل ہے۔ اس میں جہاں برہان الدین جانم، امین الدین اعلیٰ اور وجہی جیسے معروف ادیبوں کی نثر کے نمونے موجود ہیں وہیں بعض غیرمعروف نثرنگاروں مثلاً معظم بیجاپوری، عابد شاہ اور شاہ سلطان ثانوی کی تصانیف کے اقتباسات کو بھی جگہ دی گئی ہے جس سے یہ بتلانا مقصود ہے کہ دکن میں زبان و طرز بیان نے کس انداز میں ارتقائی منزلیں طے کی ہیں۔
ان نثری نمونوں کے انتخاب میں اس نقطے کو پیش نظر رکھا گیا ہے کہ مصنفین کے ایسے نثرپاروں کو پیش کیا جائے جن سے ان کی عبارتوں کے مخصوص طرز کی ممکنہ حد تک نمائندگی ہو سکے۔ ابتدائی دکنی مصنفین کی تحریروں میں ایک طرح کی یکسانیت کا احساس ہوتا ہے جس کی وجہ موضوع کا اشتراک بھی ہو سکتی ہے۔
اس انتخاب میں ابتدا اس لیے برہان الدین جانم کی تحریروں سے کی گئی ہے کہ وہی دکن کے پہلے مصنف تھے اور تحقیق سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ "معراج العاشقین" خواجہ بندہ نواز کی تصنیف نہیں بلکہ مخدوم شاہ حسینی کی نثری کاوش ہے جو گیارہویں صدی کے آخر اور بارہویں صدی کے اوائل کے مصنف تھے۔ خود مخدوم شاہ حسینی کی "تلاوت الوجود" کا انتخاب بھی اس کتاب میں شامل ہے۔
دکنی ادب کی روایات سقوط گولکنڈہ اور زوال بیجاپور کے بعد بھی جنوب میں ایک عرصے تک زندہ رہیں۔ ارکاٹ کے نوابین نے شاعروں اور ادیبوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی اور ان کی اس علم پروری اور ادب نوازی کے باعث تامل کا علاقہ اس دور کا ایک اہم ادبی مرکز بن گیا۔ مدراس کے والاجاہی حکمرانوں اور بالخصوص ارکاٹ کے آخری نواب محمد غوث خاں اعظم کا عہد اردو ادب کی نشو و نما کے لحاظ سے دورِ زریں کہا جا سکتا ہے۔
1812ء میں فورٹ سینٹ جارج کالج کا قیام عمل میں آیا اور ایسٹ انڈیا کمپنی کی سرپرستی میں یہ کالج زبان و ادب کا ایک مرکز بن گیا۔ اس کالج کے مصنفین کی تعداد کچھ کم نہیں لیکن اس انتخاب میں صرف چند مشہور اور نمائندہ مصنفین کی تخلیقات کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کالج کے مصنفین میں داستان گوئی کے اعتبار سے منشی شمس الدین احمد اور ابراہیم بیجاپوری کے نام سرفہرست نظر آتے ہیں۔
ابراہیم بیجاپوری کی "انوار السہیلی"، شمس الدین احمد کی "حکایات الجلیلہ" اور نامعلوم مصنفین کی "سنگھاسن بتیسی" اور "ملکہ زمام و کام کندلہ" زبان و اسلوب کے اعتبار سے دکنی نثر کی روایات کے آخری نقوش معلوم ہوتے ہیں۔
گولکنڈہ و بیجاپور کے ادیبوں کی مذہبی اور اخلاقی موضوعات سے متعلق سنجیدہ نثر کے نمونوں اور فورٹ سینٹ جارج کالج کے داستانی ادب کے درمیان، دکن کے ایک نامعلوم مصنف کا "طوطی نامہ" تسلسل باقی رکھنے والی کڑی کی حیثیت رکھتا ہے۔

پروفیسر سیدہ جعفر کی یہ کتاب بھی ڈاؤن لوڈ کیجیے:
مخدوم محی الدین - ایک مطالعہ - از سیدہ جعفر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

***
نام کتاب: دکنی نثر کا انتخاب
از: ڈاکٹر سیدہ جعفر
تعداد صفحات: 170
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 7 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Deccani Nasr ka Intekhab.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

دکنی نثر کا انتخاب - از پروفیسر سیدہ جعفر :: فہرست
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
الفمقدمہ6
1برہان الدین جانم8
2کلمۃ الحقائق10
3امین الدین اعلیٰ30
4کلمۃ الاسرار33
5گفتار شاہ امین47
6وجہی51
7سب رس57
8میراں جی خدا نما87
9شرح شرح تمہیدات عین القضات89
10رسالہ وجودیہ95
11شرح مرغوب القلوب ہندی98
12میراں یعقوب102
13شمائل الاتقیاء104
14عابد شاہ120
15گلزار السالکین121
16شاہ سلطان ثانی125
17دارالاسرار126
18معظم بیجاپوری130
19شرح شکارنامہ131
20مخدوم شاہ حسینی133
21تلاوت الوجود134
22طوطی نامہ138
23سنگھاسن بتیسی141
24ملکہ زمان و کام کندلہ144
25محمد ابراہیم بیجاپوری147
26دکنی انوار سہیلی148
27منشی شمس الدین احمد151
28حکایات الجلیلہ152
29فرہنگ154

Deccani Nasr ka Intekhab, by Syeda Jaffer, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں