الٹا درخت از کرشن چندر - بچوں کا ناول - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-01-27

الٹا درخت از کرشن چندر - بچوں کا ناول - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

Ulta-Darkht_Krishan-Chander

الٹا درخت
نامور و مقبول ادیب کرشن چندر کے قلم سے لکھا گیا بچوں کے لیے ایک فنٹاسی ناول ہے۔ اس ناول میں بچوں کی دلچسپی کا پورا مواد موجود ہے۔ اس میں بچوں کی روایتی کہانیوں کے دیو بھی ہیں، جادوگر بھی ہیں، خضر نما رحمدل بوڑھا بھی ہے، سلیمانی ٹوپی اور اڑنے والی چھڑی بھی ہے۔ لیکن ساتھ ہی اس میں جادوگر الیکشن بھی لڑتے ہیں، فلم ڈائرکٹر الو بنے نظر آتے ہیں اور مشینوں کے شہر میں سرمایہ دار کا اکلوتا بیٹا مشینوں کے بٹن دباتا نظر آتا ہے۔ ایک معصوم قاری کے لیے یہ عجیب و غریب اور دلچسپ داستان ہے۔
کرشن چندر کا یہ مقبول ترین ناول، بچوں کے رسالہ "کھلونا" (نئی دہلی) میں قسط وار شائع ہونے کے بعد 1954 میں پہلی بار کتابی شکل میں منظرعام پر آیا تھا، جس کے بعد مختلف دور میں اس کے بےشمار عکسی ایڈیشن ہندوستان اور پاکستان سے شائع ہوتے رہے۔
تعمیرنیوز کے ذریعے بچوں کا یہ دلچسپ اور یادگار ناول پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ ڈیڑھ سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 5 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

یاد رہے کہ بچوں کے لیے نامور مصنف کرشن چندر کا سائنس فکشن اردو ناول "ستاروں کی سیر" کچھ عرصہ قبل پیش کیا جا چکا ہے۔

محمود الرحمن اس ناول کا تعارف کرواتے ہوئے اپنے مضمون "اردو میں ادب اطفال - صنف ناول اور کرشن چندر" میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔
کرشن چندر کے اس ناول "الٹا درخت" کو بچوں میں بڑی مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ روس میں اسے قدر کی نگاہوں سے دیکھا گیا اور وہاں اس کی فلم بھی بن چکی ہے۔ اس ناول کا ہیرو ایک لڑکا یوسف ہے ، جس کا باپ مرچکا ہے ، ماں بیٹے ساتھ رہتے ہیں۔ جب فاقہ کی نوبت آتی ہے تو یوسف گائے بیچ کر جادو کے بیج حاصل کرتا ہے ، جسے زمین میں بودیتا ہے ، ایک تناور درخت زمین کے اندر ہی اندر اگ آتا ہے ، یوسف اس درخت پر چڑھ کر اندرونی دنیا کی سیر کو نکل جاتا ہے۔ اس کا یہ سفر بڑا ہی دلچسپ ہے، وہ کالے دیو کے شہر میں پہنچتا ہے ، جہاں کے سب امیر لوگ کالے اور غریب سفید ہیں، پھر وہ مشینوں کے شہر میں آتا ہے، جہاں اونچی اونچی عمارتیں ہیں، کارخانے ہیں، دکانیں مٹھائیوں سے اٹی پڑی ہیں، لیکن اس شہر میں آدمی کا نام و نشان نہیں ، ایک لڑکا، صفر صفر ایک نام کا، سارے شہر پر حکومت کرتا ہے۔ اس کے ہاتھ کی تمام انگلیاں کٹی ہوئی ہیں، صرف انگوٹھا باقی ہے۔ یوسف اس سے دوستی کرلیتا ہے۔ دونوں وہاں سے نکل کر جادو کی دنیا میں جاتے ہیں جہاں الہ دین اور سلیمان ٹوپی والا اپنا اپنا کرتب دکھاتے ہیں۔
اس ناول کو دلچسپ بنانے کے لئے کرشن چندر نے ایک خیالی دنیا کا رنگ بھرا ہے ، پرانی داستانوں کی طرح ایک قصے سے دوسرا قصہ پیدا کرتے چلے گئے ہیں۔

اس ناول میں کردار نگاری کی عمدہ مثال ملتی ہے ۔ سب سے اہم اور دلچسپ کردار سبز قبا والے بوڑھے شخص کا ہے جو حد درجہ نیک اور شریف ہے ۔ ناول کے کینوس پر ظاہر ہوتے ہی یہ نوعمر قارئین کی توجہ کا مرکز بن جاتا ہے ۔اس کی نیکی اور شرافت کا اظہار اس کے پہلے ہی جملے سے واضح ہوجاتا ہے :
"کیا بات ہے بچو! کیوں روتے ہو؟‘‘
پیر مرد کے اس جملے سے شفقت کے سوتے پھوٹ رہے ہیں ، سبز قبا اور نورانی داڑھی والا یہ انسان کمسن بچوں کا ہمدرد بن جاتا ہے ۔ ہر قدم پر ان کی مدد کرتا ہے اور آخر میں انہیں ساتھ لے کر زمین سے باہر آجاتا ہے ۔ بچے اس سے بے حد محبت کرنے لگتے ہیں ، اور جب وہ چلتے وقت یہ کہتا ہے :
"یوسف! سبھی چھوٹی لڑکیاں شہزادیاں ہوتی ہیں۔تم اس کو اپنے گھر میں رکھو اور اپنے دوست موہن کو بھی اپنے گھر میں رکھو۔ اپنی ماں کی خدمت کرو، اپنے گاؤں والوں کو اپنے علم اور تجربے سے فائدہ پہنچاؤ"۔
تو بچے اس کی نصیحت نہایت خوشی سے قبول کرلیتے ہیں۔ اس لئے کہ وہ بچوں کا دوست ہے ۔ دوسروں کی مدد کرتا ہے ، اس نے یوسف کی جان بچائی۔ اور اس نے گاؤں والوں کو ظالم راجہ سے نجات بھی دلوائی ۔ ایسا شخص بچوں کے دلوں میں گھر کرلیتا ہے ۔ اور بچے اس کے ہر حکم کے آگے سر تسلیم خم کردیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

***
نام ناول: الٹا درخت
مصنف: کرشن چندر
تعداد صفحات: 150
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 5 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Ulta Darkht Krishan Chander.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Ulta Darkht, a children novel by Krishan Chander, pdf download.

1 تبصرہ:

  1. محمد ذیشان8/19/2022 7:22 AM

    بہترین کوشش ہے
    مزید دلچسپ کتب کا انتظار ہے

    جواب دیںحذف کریں