ناول سرد موت - ماہنامہ مجرم فروری 1984 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-03-29

ناول سرد موت - ماہنامہ مجرم فروری 1984 - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

sard-maut-novel-mujrim
ادارہ شمع (نئی دہلی) کے مقبول ترین جاسوسی ماہنامے "مجرم" کا ایک ناول (اشاعت: فروری 1984) بعنوان "سرد موت" تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔
تقریباً سوا سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 8 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

غیرمنقسم ہندوستان میں ملک گیر شہرت حاصل کرنے والے فلمی و ادبی رسالے "شمع (نئی دہلی)" کی اشاعت کا آغاز 1939 میں ہوا تھا جس کے بانی یوسف دہلوی تھے۔ ادارہ شمع نے 'شمع' کے علاوہ خواتین کا ماہنامہ "بانو"، بچوں کا رسالہ "کھلونا" اور بالغوں کے لیے جرم و جاسوسی پر مشتمل ناول سیریز "مجرم" کا اجرا کیا تھا۔
ابن صفی کی مشہور و مقبول عمران اور فریدی سیریز کے متوازی کرنل زاہد کے مرکزی کردار پر مبنی جاسوسی ماہنامہ "مجرم" نے بھی تفریحی ادب کے اردو داں شائقین کے درمیان خاصی مقبولیت حاصل کی۔ کہا جاتا ہے کہ مشہور مصنف اظہار اثر ، قانون والا کے قلمی نام سے ماہنامہ "مجرم" کی کرنل زاہد سیریز تحریر کیا کرتے تھے۔
اس سیریز کے جو کردار مقبول ہوئے ان میں کرنل زاہد (انٹلیجینس بیورو کا ایک اعلیٰ عہدیدار) کے بشمول کرنل کیو (انٹلیجینس بیورو کے سربراہ اعلیٰ)، کیپٹن سیما (کرنل زاہد کی پرائیویٹ سکریٹری)، کیپٹن جاوید (کرنل زاہد کا دستِ راست) اور پرائیویٹ سراغرساں ڈاگا شامل ہیں۔

ناول "سرد موت" کا خلاصہ ذیل میں ملاحظہ فرمائیں۔
اس جاسوسی کہانی کی شروعات شہر کے ایک مشہور ریسٹورنٹ میں کرنل زاہد کی ٹیم سے کرنل کیو کی ملاقات سے ہوتی ہے۔ کمیکل انجینئرنگ کے ماہر تبتی نژاد ہندوستانی ڈاکٹر کِم یاک کی دختر مون شائی کرنل کیو کے ہمراہ ہوتی ہے، جس کے ساتھ پرائیویٹ ڈیٹکٹیو ڈاگا کا رومانی لگاؤ آگے بڑھ کر شادی کے مرحلے تک پہنچ جاتا ہے۔
ڈاکٹر کِم یاک پرفیوم بنانے والی ایک سرکاری فرم میں اونچے عہدے پر فائز تھے۔ ڈاگا کو جب اس کے ایک صحافی دوست نے ڈاکٹر کِم یاک کے خلاف انگریزی اخبار میں شائع شدہ چینی حکومت کا ایک بیان دکھایا تو ڈاگا نے براہ راست اپنے ہونے والے خسر ڈاکٹر کِم یاک سے تفصیلات حاصل کیں۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ تبت پر چین کے حملے کے بعد وہ ہندوستان میں پناہ گزین کے طور پر داخل ہوئے اور بیس سال کے قیام کے بعد انہیں ہندوستانی شہریت حاصل ہو گئی، چونکہ وہ کمیونزم نظریات کے خلاف تھے لہذا چینی حکومت نے ان کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کر رکھا ہے۔
اسی دوران کرنل کیو نے ایک مہم کے سلسلے میں، ایک چینی صحافتی کانفرنس میں شرکت کے لیے بطور صحافی کرنل زاہد کو چین روانہ کیا۔ وہاں کے مختلف علاقوں میں کرنل زاہد ڈاکٹر کِم یاک کے ماضی کی چھان بین کرتا رہا۔ اور جو معلومات حاصل ہوئیں وہ ڈاکٹر کم یاک کی شخصیت کو شکوک کے دائرے میں لانے کے لیے کافی تھیں۔
چین میں کرنل زاہد کے سرکاری میزبان فیوشی نے ایک گائڈ کے ہمراہ کرنل کو سنکیانگ کے ایسے علاقوں کی تفریح پر روانہ کیا جہاں کا درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے بھی دس پندرہ ڈگری سنٹی گریڈ نیچے ہوتا ہے۔ گائڈ کا کہنا تھا کہ وہاں ایک ایسا سرکاری پراجیکٹ بھی جاری ہے جس میں مولی کیولر بایولوجی پر ریسرچ ہو رہی ہے۔ جبکہ زاہد کا اصل مقصد بھی اسی لیباریٹری کی جانچ تھا۔
ایک کھٹارا سی کار میں کرنل زاہد ، اس کا گائیڈ چائیکا اور ڈرائیور برف کے ریگستان میں سفر پر نکلے۔ دوران سفر اچانک برفانی طوفان نے انہیں گھیر لیا اور ان کی کار بھی خراب ہو گئی۔ ڈرائیور نے بتایا کہ آس پاس ایک سرکاری رہائش گاہ ہے۔ وہ تینوں مکان میں پہنچے اور اطمینان کا سانس لیا۔
مگر جب زاہد نے فطری ضرورت کے تحت باتھ روم جانے کی خواہش کا اظہار کیا تو ڈرائیور نے بتایا کہ وہ کچھ دور پر ہے۔ ڈرائیور زاہد کو لے کر باہر نکلا اور دونوں برفانی طوفان میں پھنس گئے۔
کرنل زاہد کیا جان بوجھ کر چینی حکومت کی جانب سے سرد موت کا شکار بنا دیا گیا؟
ڈاکٹر کِم یاک کی اصل شخصیت کیا تھی؟

یہ سب جاننے کے لیے ناول کا مطالعہ کیجیے جس کے مطالعے کا دورانیہ ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کا ہے۔

***
نام ناول: سرد موت
مصنف: قانون والا
تعداد صفحات: 126
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 8 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Mujrim - Sard Maut.pdf

Direct Download link:

Sard Maut, a spy novel, Monthly 'Mujrim', Feb. 1984, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں