مشن شکتی کی کامیابی کے ساتھ ہندوستان عالمی خلائی کلب میں شامل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-03-28

مشن شکتی کی کامیابی کے ساتھ ہندوستان عالمی خلائی کلب میں شامل

india-mission-shakti
دنیا میں سیٹلائٹ کو خلا میں ہی مار گرانے کی صلاحیت رکھنے والے طاقت ور ملکوں میں ہندوستان کا نام چوتھے نمبر پر درج ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک سے خصوصی طور پر خطاب کرتے ہوئے اس صلاحیت کو حاصل کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آج کچھ ہی وقت پہلے ملک میں بنائی گئی اینٹی سیٹلائٹ میزائل (اے۔سیٹ) سے "مشن شکتی آپریشن" کو انجام دیا گیا ہے اور صرف تین منٹ میں یہ آپریشن پورا کرلیا گیا۔
اس مشن کے تحت 300 کلومیٹر دور اور زمین کی نچلی مدار (لو ارتھ آربٹ ) میں واقع ایک سٹیلائت کو نشانہ بنایا گیا تھا جسے اے سیٹ نے کامیابی کے ساتھ مار گرایا۔ مشن شکتی اپنے مقصد اور ہدف کو پورا کرنے میں کامیاب رہا۔ امریکہ، روس اور چین کے بعد ہندوستان یہ صلاحیت حاصل کرنے والا چوتھا ملک بن گیا ہے۔
نریندر مودی نے کہا کہ یہ صلاحیت ملک کی سلامتی اور ترقی کے سفرکو مزید مضبوط کرنے کیلئے ہے اور بین الاقوامی برادری کو بھروسہ دلایا کہ یہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا :
"اے سیٹ میزائل ہندوستان کی سلامتی اور ترقی کے سفر کے نظریے سے ملک کو ایک نیا استحکام دے گا۔ میں آج عالمی برادری کو بھی یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم نے جو نئی صلاحیت حاصل کی ہے، یہ کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔ یہ تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہندوستان کی دفاعی پہل ہے"۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ سے ہی خلا میں ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف رہا ہے اور اس سے اس پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ آج کا یہ ٹیسٹ کسی بھی طرح کے بین الاقوامی قانون یا معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کرتا ہے۔ ہندوستان جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اپنے 130 کروڑ شہریوں کی سلامتی اور ان کی ترقی کے لئے کرنا چاہتا ہے۔ اس کامیابی کے لئے انہوں نے ملک کے عوام اور اے سیٹ میرائل بنانے والی دفاعی تحقیق اور ترقی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کے سائنس دانوں کو مبارکباد دی۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ
کووند، نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو ، کانگریس صدر راہل گاندھی اور سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے بھی اسے اہم کامیابی بتاتے ہوئے سائنس دانوں اور ملک کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔

Mission Shakti: India Becomes 4th Nation to Add Anti-Satellite Weapon to Arsenal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں