محمد عبدالمقیم - حیدرآباد میں اکیسویں صدی کے کاتبِ قرآن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2023-01-13

محمد عبدالمقیم - حیدرآباد میں اکیسویں صدی کے کاتبِ قرآن

katib-mohammed-abdul-muqeem-hyderabad-hand-written-quran

قرآن مجید کو از اول تا آخر اپنے ہاتھ سے لکھنے کا کارنامہ


محمد عبدالمقیم (عمر 67 سال) کا تعلق ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں واقع علاقہ مشیرآباد سے ہے۔ عبدالمقیم ہیں تو ایک کامیاب تاجر، ساتھ میں انھوں نے ایک ایسا کارنامہ انجام دیا ہے؛ جو انھیں ممتاز بنا دیتا ہے۔
محمد عبدالمقیم کو اکیسویں صدی کا کاتبِ قرآن کہا جاسکتا ہے، جنھوں نے شروع سے لے کر آخر تک قرآن مجید کو اپنے ہاتھ سے لکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر تجارت کے ساتھ ساتھ کوئی اور محبوب مشغلہ ہے تو وہ قرآن مجید کو خوبصورت انداز میں لکھنا ہے۔


عبدالمقیم نے تلنگانہ کے تعلقہ کوڈنگل سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ حیدرآباد کے معروف کالج انور العلوم کالج سے گریجویشن، عثمانیہ یونیورسٹی سے ایم اے اور یونیورسٹی آف حیدرآباد (ایچ سی یو) سے ترسیل عامہ و صحافت میں پی جی مکمل کیا۔ عبدالمقیم گذشتہ 48 سال سے اپنے ذاتی کاروبار میں مشغول ہیں۔ کاروباری مصروفیات کے دوران ہی انھوں نے اپنی دلچسپی کے ناتے فن خطاطی کو سیکھا۔ سال 2006 میں جیشا ایجوکیشنل سوسائٹی، حیدرآباد کی جانب سے منعقد ہونے والی عربی زبان و قواعد اور خطاطی کی کلاسوں کو جوائن کیا۔ وہاں انھوں نے عربی قواعد کو بخوبی جانا اور عربی خطاطی پر بھی محنت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس دوران ان کے اندر ایک جذبہ پیدا ہوا کہ اپنے ہاتھ سے نہایت ہی خوش خط انداز میں قرآن مجید کو مکمل طور پر لکھا جائے۔ اسی جذبۂ شوق اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے کہ اب تک انھوں نے اپنے ہاتھ سے قرآن مجید کے تین نسخے تیار کیے ہیں۔

katib-mohammed-abdul-muqeem-hyderabad-hand-written-quran
مقصد کے تئیں حد درجہ عشق:

تعمیر نیوز ڈاٹ کام سے بات چیت کے دوران عبدالمقیم نے بتایا کہ:
"کسی کے اندر کوئی جذبہ ہو، کوئی مقصد ہو اور وہ کسی کام کو ہدف بنا لے تو اس کی تکمیل کے لیے دن رات ایک کر دیتا ہے۔ مقصد کے حصول تک ایک عجب بے چینی مزاج پر طاری رہتی ہے، بلکہ یہ کہنا درست ہے کہ اس بے چینی سے نیا کیف و سرور حاصل ہوتا ہے۔ نظریں اسی مقصد کو پا لینے کی منتظر رہتی ہیں۔ انسان اس خواب کو حقیقت میں بدلنے تک لگاتار محنت کیے جاتا ہے۔ یہی میری کوشش رہی اور مجھے خوشی اور اطمینان ہے کہ میں نے اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کی۔"


انھوں نے بتایا کہ حصول تعلیم کے بعد سال 2010 میں قرآن مجید کو اپنے ہاتھ سے لکھنا شروع کیا، جو کہ 2016 میں یعنی چھ سال میں پہلا نسخہ مکمل ہوا۔ ہاتھ سے لکھا ہوا پہلا نسخہ مکمل ہونے کے بعد انھوں نے دکن کی معروف دانش گاہ جامعہ نظامیہ، حیدرآباد کے مفتی انوار الدین کو دکھایا تو انھوں نے اس کی خوب پذیرائی کی۔
عبدالمقیم نے تعمیر نیوز ڈاٹ کام کو بتایا کہ وہ روزانہ نماز فجر اور عشا کے بعد دنیا سے کٹ کر پوری یکسوئی و انہماک سے قرآن مجید کی کتابت کرتے رہے ہیں۔ قرآن مجید کی آیات میں جہاں جہاں اللہ کا نام آیا ہے، اسے انھوں نے سرخ روشنائی سے لکھا ہے۔
اس دوران انھیں بڑی جانفشانی اور حساسیت کے ساتھ کام کرنا پڑا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر قرآن مجید کو لکھتے وقت ذرہ سی بھی غفلت ہو اور زیر کی جگہ زبر یا پیش آ جائے تو اس آیت کے معنی بدل جانے کے امکانات پیدا ہو جاتے ہیں۔ بعض اوقات سیاہی خراب ہو جائے یا وہ صفحہ پر پھیل جائے تو پورے کا پورا صفحہ ہی خراب ہو جاتا ہے، اسی لیے انھیں حد درجہ احتیاط سے کام لینا پڑا۔ پہلا نسخہ مکمل ہونے کے بعد انھوں نے حفاظ سے تصحیح کرائی۔ موصوف کی گفتگو کے دوران علامہ اقبال کا یہ شعر ذہن میں گونجتا رہا:
نقش ہیں سب ناتمام خون جگر کے بغیر
نغمہ ہے سودائے خام خون جگر کے بغیر


آگے کا مقصد کیا ہے؟

اس سوال کے جواب میں عبدالمقیم نے بتایا کہ میں مستقبل قریب میں بڑے اوراق پر جلی حروف میں قرآن مجید کا چوتھا نسخہ تیار کروں گا۔ یہ میرے لیے حاصلِ زندگی ہوگا اور وہ لمحات زندگی کے نہایت خوش گوار لمحات ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ کی خوش نودی حاصل کرنا میرا مقصد ہے۔ ایک مقصد یہ بھی ہے کہ آنے والی نسلیں اسے دیکھیں اور فخر کریں۔ عام طور پر عرب ممالک کے عوام اپنی زبان دانی پر فخر کرتے ہیں اور یہ بجا بھی ہے کہ یہ دنیا کی بڑی زبانوں میں سے ایک اور نہایت فصیح و بلیغ زبان ہے۔ ایک ہندی نژاد عام مسلمان کی جانب سے قرآن مجید کو لکھنے کو کام عربی زبان اور قرآن مجید کی شایان شان ایک چھوٹی سی کوشش ہے۔

katib-mohammed-abdul-muqeem-hyderabad-hand-written-quran
خواب باقی ہے:

عبدالمقیم کا کہنا ہے کہ ان کی سب سے بڑی خواہش ہے کہ ان کے ہاتھ سے لکھے ہوئے قرآن مجید کا ایک نسخہ مسجد الحرام، مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی، مدینہ منورہ میں رکھا جائے۔ یا پھر ان دو شہروں کے کتب خانوں یا میوزیم میں رکھا جائے۔ تاکہ وہاں ہمیشہ کے لیے وہ محفوظ رہ سکے۔ عبدالمقیم کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے ساتھ کوئی تنظیم یا ادارہ تعاون کرے تو وہ اس کام کو مزید بڑے پیمانے پر کرنے کے لیے تیار ہیں اور ان کا پورا تعاون ساتھ رہے گا۔


***
(مضمون نگار "نیوز18 اردو، ڈیجیٹل" میں کنٹنٹ ایڈیٹر ہیں۔)
AbdurRahman Pasha, Musheerabad, Hyderabad.
mrpasha1994[@]gmail.com
موبائل : 09014430815
محمد رحمٰن پاشا

Katib-e-Quran Mohammed Abdul Muqeem from Hyderabad, completed hand written Quran during two years. Story: AbdurRahman Pasha

1 تبصرہ:

  1. ماشااللھ اللھ آپ کو اسکا بھترین اجر عطا فرمائے آمین ثسم آمین

    جواب دیںحذف کریں