مارول سینما کائنات اور پردۂ سیمیں کی دیگر دنیائیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-12-27

مارول سینما کائنات اور پردۂ سیمیں کی دیگر دنیائیں

marvel-cinematic-universe

مارول سینماٹک یونیورس جسے عام طور پر ایم۔سی۔یو (M.C.U) بھی کہا جاتا ہے اس نے ہالی وڈ کو بہت زیادہ بدل دیا ہے اس کے بارے میں تفصیل سے جاننے سے پہلے یہ معلوم کرنا بہتر ہوگا کہ سینماٹک یونیورس کیا ہے۔


جب ایک ہی نام سے دو یا دو سے زائد فلمیں ریلیز ہوتی ہے یا کوئی سیریز بنائی جاتی ہے، اسے فرنچائز کہا جاتا ہے۔ کچھ فلموں میں پچھلی فلم کی آگے کی کہانی بتلائی جاتی ہے اگر ہندوستانی فلموں کی مثال لی جائے تو جیسے شاہ رخ خان کی ڈان سیریز، بہوبلی سیریز یا کے۔جی۔اف (K.G.F) وغیرہ۔ ان سیریز کی ہر فلم میں کہانی کو آگے بڑھایا گیا ہے اور کچھ فلموں میں ہر فلم میں کہانی الگ الگ ہوتی ہے جیسے کہ ہاؤس فل اور گول مال وغیرہ۔ اسی طرح دو یا دو سے زائد فرنچائس کو ایک ساتھ جوڑنے پر سینماٹک یونیورس بنتا ہے۔


مارول سینماٹک یونیورس کو مارول کامکس سے لیا گیا ہے۔ اس کی کامکس کی شروعات 1939 میں ہوئی تھی اور اب تک لاکھوں کامکس اس نے شائع کئے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی فلمیں بنائیں جو کامیاب نہ ہو سکیں۔ اس وجہ سے مارول کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس نے اپنے کرداروں کے فلم بنانے کے حقوق کو دوسرے اسٹوڈیوز کو بیچ دیا جیسے اسپائیڈر مین (spider man) اور اس سے جڑے کرداروں کے فلم بنانے کے حقوق کو سونی اسٹوڈیو (Sony studio) کو دے دیے اور سب سے زیادہ کردار ٹوینٹی فرسٹ سنچری فاکس (21st century fox) کے پاس ہیں جس میں ایکس مین(X-Men) اور فینٹاسٹک فور (fantastic four) اور اس سے جڑے کردار ہیں۔ پھر مارول نے 2008 میں اپنے سینماٹک یونیورس کی شروعات کی تھی جو آج بھی جاری ہے اور آگے کا منصوبہ بھی تیار ہے MCU کا خیال مارول کے پروڈیوسر کیون فیجی(Kevin feige) کا ہے۔


شروعات میں مارول کو پیسوں کی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا لیکن 2009 میں میں ڈزنی نے مارول کو خرید لیا جس کے بعد ڈزنی مارول کی فلموں کو پروڈیوس کرنے لگا اس کے علاوہ ڈزنی نے مارول کے کاموں میں زیادہ دخل اندازی نہیں کی اور آزادانہ طور پر کام کرنے دیا۔
اب تک اس یونیورس کو چار حصوں میں پیش کیا گیا ہے اور پہلے تین حصوں کو ملا کر ایک باب مکمل کیا گیا ہے جس کا نام انفینٹی ساگا (infinity saga) رکھا گیا۔ فلموں کی تفصیلات سے پہلے کچھ ایسے عناصر ہیں جو انفینٹی ساگا میں بہت اہم رول ادا کرتے ہیں۔


1. انفینٹی اسٹونس (infinity stones) ؛اس میں ساری کہانی ان اسٹونس کے درمیان ہی گھومتی ہے، یہ پتھر یونیورس کی شروعات میں بنے تھے جسم میں بے انتہا طاقت ہے ہے کل ملا کر چھ پتھر ہیں۔
(1) پاؤر اسٹون (power stone ): اس پتھر میں بے انتہا طاقت ہے جو پلک جھپکتے ہی کسی بھی سیارے کو ختم کر سکتی ہے۔
(2) سپیس اسٹون (space stone): یہ پتھر کسی کو بھی کہیں بھی لے جا سکتا ہے۔
(3) مائنڈ اسٹون (Mind stone): اس پتھر سے کسی کا دماغ قابو میں کیا جا سکتا ہے۔
(4) رئیلٹی اسٹون (Reality stone): اس پتھر سے کسی بھی چیز کی حقیقت کو تبدیل کیا جا سکتا ہے، مطلب اسے کسی اور چیز میں بدلا جا سکتا ہے جیسے آگ کو پانی میں یا پھر پانی کو پتھر میں۔ اور چاہیں تو وہم بھی پیدا کیا جا سکتا ہے۔
(5) ٹائم اسٹون (Time stone): اس پتھر سے وقت پہ قابو پایا جا سکتا ہے۔
(6) سول اسٹون (Soul Stone): اس سے کسی بھی جاندار کی روح کو اس کے جسم سے نکالا جا سکتا ہے۔


2. سپر سولجر سیرم (Super soldier serum):
ایک کیمیائی محلول ہے۔ انسانی جسم اور دماغ کی قوت کو بڑھانے کے لیے سیرم تیار کیا گیا تھا، اور اس کا مقصد دوسری جنگ عظیم کے دوران ریاست ہائے متحدہ کی مسلح افواج کے ذریعے اتحادی فوجیوں کو سپر سپاہیوں میں تبدیل کرنے کے لیے استعمال کرنا تھا۔ اس کے استعمال سے کئی ہیروز اور ولن وجود میں آئے ہیں۔


3. شیلڈ (Shield):
سٹریٹیجک ہوم لینڈ انٹروینشن، انفورسمنٹ، اور لاجسٹکس ڈویژن، جسے اس کے مخفف S.H.I.E.L.D کے نام سے جانا جاتا ہے، ایک امریکی ماورائے حکومت انسداد دہشت گردی اور انٹیلی جنس ایجنسی ہے جسے قومی اور عالمی سلامتی کو برقرار رکھنے کا کام سونپا گیا ہے۔ دوسری جنگ عظیم میں محوری طاقتوں اور HYDRA پر اتحادیوں کی فتح کے تناظر میں قائم کیا گیا، S.H.I.E.L.D. امریکہ کو ہر ممکنہ خطرات سے بچانے کے لیے منظم کیا گیا تھا۔ اپنے جدید ہتھیاروں اور غیر معمولی ایجنٹوں کے ساتھ، S.H.I.E.L.D. شاید زمین پر سب سے بڑی فوجی طاقت تھی۔


4. مصنوعی ذہانت یا آرٹیفیشل انٹیلیجنس (Artificial intelligence ):
چونکہ سپر ہیرو کی صنف سائنس فکشن میں جڑی ہوئی ہے، اس لیے مارول سنیماٹک یونیورس میں مستقبل کی بہت سی ٹیکنالوجی موجود ہے۔ ایک قسم کی ٹیک (Tech) جو تقریباً ہر MCU پروجیکٹ میں نمودار ہوئی ہے اور فرنچائز پر اس کا بڑا اثر پڑا ہے وہ ہے مصنوعی ذہانت۔


5. پوسٹ کریڈٹ سین (Post credit scene ):
کریڈٹ کے بعد کے مناظر جو مختصر ہوتے ہیں، بعض اوقات مزاحیہ کلپ یا سین جو کسی فلم کے کریڈٹس آنے کے بعد ظاہر ہوتا ہے۔ کریڈٹ کے بعد کے مناظر اکثر سامعین کو اس یونیورس میں مستقبل کے پروجیکٹس سے متعارف کرانے کے طریقے کے طور پر استعمال کیے جاتے ہیں اس طرح کے سین پہلے بھی فلموں میں آئے ہیں مگر ایم۔سی۔یو میں یہ بہت زیادہ مقبول ہوئے ہیں۔


پہلے حصے میں جملہ چھ (6) فلمیں ریلیز ہوئی ہیں:

1. آئرن مین (Iron man) یہ فلم 2008 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر (Robert Downey Jr) نے آئرن مین کا کردار ادا کیا ہے اور یہ فلم ان کے لیے سنگ میل ثابت ہوئی۔ کہانی کچھ اس طرح ہے کہ ایک ارب پتی آدمی ٹونی اسٹارک، ایک حادثے کے بعد اپنے لیے ایک لوہے کا سوٹ بناتا ہے جس کے اندر وہ ہتھیار اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس ڈالتا ہے فلم کے آخر میں ٹونی سب کو بتا دیتا ہے کہ وہی آئرن مین ہے۔ اس فلم کے پوسٹ کریڈٹ سین میں شیلڈ کے ڈائریکٹر نیک فیوری کو بتایا گیا ہے۔


2. دی انکریڈیبل ہلک (The incredible Hulk) یہ فلم 2009 میں ریلیز ہوئی تھی اس میں ایڈورڈ نورٹن نے ہلک کا کردار کیا ہے لیکن اس کے بعد انہوں نے کبھی اس کردار کو نہیں نبھایا۔ کہانی کچھ یوں ہے کہ بروس بانیر جو ایک سائنسداں ہے اور سپر سولجر سیرم پر تحقیق کر رہا ہے ایک حادثہ کی وجہ سے اس سیرم کو غلطی سے خود استعمال کر لیتا ہے جس سے وہ مونسٹر بن جاتا ہے اس کے بعد فوج بھی اس کے پیچھے پڑ جاتی ہے اس کا خون حاصل کرنے اور اس پر تحقیق کے لیے۔ لیکن وہاں سے بھاگ جاتا ہے۔


3. آئرن مین 2: اس فلم میں میں آگے کی کہانی بتائی گئی ہے جہاں حکومت ٹونی سے اس کا سوٹ لینے کی کوشش کرتی ہے۔ حکومت کی طرف سے ایک آدمی اس کے سوٹ کی نقل بنا کر اس پر حملہ کرتا ہے۔ اس فلم میں ٹونی کے ایک فوجی دوست کو بھی اس کا سوٹ ملتا ہے جسے وار مشین ( War machine) کا نام دیا گیا ہے اور ایک نئے کردار ڈارک بلیک ویڈو ( Black widow) کو متعارف کروایا جاتا ہے جو شیلڈ کی جاسوس ہیں۔


4. تھور (Thor) اس فلم کے سارے کردار نورس کے دیوتاؤں کی کہانیوں میں سے لیے گئے ہیں جس میں تھور، طوفانوں کا دیوتا جس کا ہتھیار ایک ہتھوڑا ہے، اس کو ایک غیر ضروری جنگ شروع کرنے کی کوشش کے الزام میں زمین پر بھیج دیا جاتا ہے۔ زمین پر اس کی ملاقات کی جین نامی لڑکی سے ہوتی ہے جو اس کی ہر طرح سے مدد کرتی ہے اور وہاں اس کا بھائی لوکی دھوکے سے تخت حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس فلم میں ایک اور کردار ہاک آئی ( hawk eye) کو بھی متعارف کروایا گیا ہے جو شیلڈ کے لیے کام کرتا ہے اور اس کی خاصیت تیراندازی ہے۔


5. کیپٹن امریکا دی فرسٹ اوینجر (Capital America the first Avenger)
اس فلم کی کہانی دوسری جنگ عظیم کے وقت کی ہے جہاں امریکی فوج سپر سولجر سیرم کا استعمال کرکے ایک کمزور انسان اسٹیو راجرز کو طاقتور بنا دیتے ہیں۔ اس کے بعد اسے ایک تنظیم ہڈرا کو ختم کرنے کی ذمہ داری دی جاتی ہے اور اور اسے ایک وائبرینیم (Vibranium) سے بنی ڈھال دیتے ہیں جو اس وقت کی سب سے مضبوط دھات ہے۔ اس مشن میں اپنے دوست بکی کو کھو دیتا ہے اور آخر میں شہر کو بچانے کے لیے اپنے جہاز کو ایک برفیلی جگہ میں گرا دیتا ہے اور وہاں ستر سالوں تک دبا رہتا ہے۔ 70 سال کے بعد اسے وہاں سے نکالا جاتا ہے پھر بھی وہ زندہ رہتا ہے۔ اس فلم میں ایک انفینٹی اسٹون ، سپیس اسٹون کو دکھایا گیا ہے ہے جو ایک ڈبے نما چیز میں بند ہے جسے ٹیسیرٹ (tesserate) کہا گیا ہے۔


6. دی اوینجرس ( The Avengers)
اس فلم میں حسب بالا سارے سپر ہیروز کو ایک ساتھ دکھایا گیا ہے۔ اس فلم میں لوکی (تھور کا بھائی ) اس دنیا پر قبضہ کرنے اور ٹیسیرٹ کو چوری کرنے کے لیے حملہ کر دیتا ہے اور نیویارک پر اپنی فوج بھیجتا ہے جسے سارے ہیروز مل کر روکتے ہیں اور تھور لوکی کو گرفتار کرکے اسے لے جاتا ہے اور ٹیسیرٹ بھی لے جاتا ہے۔ اس فلم میں ایک اور انفینٹی اسٹون، مائنڈ اسٹون کو دکھایا گیا ہے جو ایک چھڑی کے ساتھ لگا ہوا تھا جو لوکی اپنے ساتھ لاتا ہے ہے اور شیلڈ اسے اپنے پاس ہی رکھ لیتا ہے۔ فلم کے آخر میں اس یونیورس کا سب سے بڑا ولن تھنوس (Thanos) کی جھلک دکھائی گئی ہے۔


دوسرا حصہ: اس میں بھی چھ فلمیں ریلیز ہوئی ہیں۔

1. آئرن مین 3 : اس فلم کی کہانی کچھ یوں ہے کہ نیویارک کے حملے کے بعد ٹونی میں ایک ڈر بیٹھ جاتا ہے ہے اس لیے وہ زیادہ سے زیادہ سوٹ بناتا ہے۔ لیکن ایک دہشت گرد گروپ اور اس کے بزنس کا ایک نیا حریف اس کے پیچھے لگ جاتے ہیں اور کچھ عجیب لوگ بھی، جن کے اندر آگ ہوتی ہے جس سے وہ کسی بھی چیز کو پگھلا سکتے ہیں، اس پر حملہ کر دیتے ہیں اس فلم میں یہ بتلایا گیا ہے کہ ٹونی اپنے آئرن مین سوٹ کے بغیر بھی لڑ سکتا ہے۔


2.تھور دی ڈارک ورلڈ: اس میں تھور اپنے بھائی لوکی کو اپنے باپ کے سامنے پیش کرتا ہے اور اس کا باپ اسے جیل میں بھیج دیتا ہے اور دوسری طرف جین کو غلطی سے رئیلٹی اسٹون، جو پانی کی شکل میں تھا، مل جاتا ہے اور اس کے جسم کے اندر چلا جاتا ہے جس کے بعد ہماری دنیا سے کچھ لوگ اس پر حملہ کر دیتے ہیں جس کے بعد تھور اسے بچاتا ہے۔ اس فلم میں لوکی کا ایک مثبت پہلو بتایا گیا ہے کہ وہ اتنا برا نہیں جتنا وہ بننے کی کوشش کرتا ہے۔


3.کیپٹن امریکا دی ونٹر سولجر: اس فلم کی شروعات کچھ اس طرح ہوتی ہے کہ شیلڈ کے اندر کچھ مشتبہ چیزیں ہوتی ہیں جن کی تحقیقات کیپٹن امریکہ اور بلیک وڈو کرتے ہیں جس کے بعد پتہ چلتا ہے کہ جس ہڈرا کو ختم کرنے کے لیے شیلڈ کو بنایا گیا تھا اس میں شروع سے ہی ہڈرا کے جاسوس پوشیدہ ہیں جو برسوں سے شیلڈ میں کام کر رہے ہیں۔ پھر ایک آدمی بھی کیپٹن امریکا پر حملہ کر دیتا ہے ہے جس کے پاس کیپٹن امریکہ جیسی ہی طاقت ہے اور وہ کوئی نہیں اس کا پرانا دوست بکی ہے لیکن اس کی یاداشت جا چکی ہے ہے اور وہ ہڈرا کا ایجنٹ ہے اور اسے ہی ونٹر سولجر کا نام دیا گیا ہے۔ اس فلم میں ایک نئے کردار کا اضافہ ہوتا ہے جس کا نام سام (Sam ) ہے جو سابق میں آرمی میں کام کر چکا ہے اور اسے ٹیکنالوجی کی بھی جانکاری ہے جس کی مدد سے اپنے لیے لوہے کے پنکھ بناتا ہے جس سے وہ ہوا میں اڑ سکے اور اپنا نام فیلکن (Falcon ) رکھتا ہے۔


4. گارجین آوف دی گیلیکسی ( Gurdian of the galaxy):
اس فلم میں نئے کرداروں کو متعارف کروایا گیا ہے۔ اس فلم کی کہانی کچھ یوں ہے کہ ایک بچہ جس کا نام پیٹر ہے، اپنی ماں کی موت کے بعد دکھی تھا تبھی آسمان سے کچھ لوگ آ کر اسے اٹھا کر لے جاتے ہیں جو گیلیکسی کے لٹیروں کے نام سے جانے جاتے ہیں اور ان کا سربراہ یونڈو اس بچے کو پالتا ہے اور اسے اپنے جیسا بناتا ہے لیکن بعد میں پیٹر ان سے الگ ہو جاتا ہے۔ کچھ عرصہ بعد پیٹر کو ایک کام ملتا ہے جس میں ایک جگہ جاکر گیند جیسی چیز کو حاصل کرنا ہے جس کے اندر پاور اسٹون ہے۔ لیکن اس کے پیچھے کئی لوگ پڑ جاتے ہیں جس میں راکٹ روکون (ایک قسم کا جانور جو انسانوں کی طرح بات بھی کر سکتا ہے) اور اس کا ساتھی، جو ایک درخت ہوتا ہے لیکن اپنے پیروں پر چل سکتا ہے۔ اور اس کے علاوہ تھنوس کی منہ بولی بیٹی گامورا پیٹر کو پکڑنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اس سیارے کی پولیس انہیں پکڑ لیتی ہے، جیل میں ان کی ملاقات ڈراس نامی شخص سے ہوتی ہے جو ان کی وہاں سے بھاگنے میں مدد کرتا ہے لیکن ان کے پیچھے رونن نامی ایک شخص پڑ جاتا ہے جس کا مقصد اسٹون کو حاصل کر کے اس سیارے کو ختم کرنا ہے لیکن جب یہ بات پیٹر اور اس کے ساتھیوں کو پتہ چلتی ہے تو وہ اس سیارے کی پولیس کی مدد کرتے ہیں اور آخر میں اس سیارے کی پولیس کو اسٹون سونپ دیتے ہیں۔


5. اوینجرس ایج آف الٹرون:
اس فلم کی کہانی کچھ اس طرح شروع ہوتی ہے کہ سیل کے اندر جو ہڈرا کے لوگ تھے انہوں نے مائنڈ اسٹون کو چرا لیا تھا اور انسانوں پر اس کے تجربے کر رہے تھے جس سے دو جڑواں بھائی بہنوں کو سپر پاور ملتی ہے جیسے بھائی جس کا نام پیٹرو ہے وہ تیز رفتاری سے بھاگ سکتا ہے اور بہن ونڈا کسی کا دماغ پڑھ سکتی ہے اسے کنٹرول کر سکتی ہے اور اپنے ہاتھوں سے پاور بھی فراہم کر سکتی ہے۔ اور وہاں اوینجرس ہڈرا کے قبضہ سے مائنڈ اسٹون نکال لیتے ہیں۔ لیکن ٹونی اس اسٹون کی مدد سے ایک نیا مصنوعی دماغ بنا نے کی کوشش کرتا ہے دنیا میں امن لانے کے لئے لیے۔ لیکن مصنوعی دماغ انسانوں کو ہی زمین کے لیے خطرہ مانتے ہوئے انہیں ختم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ اس فلم میں ایک اور سپر ہیرو جو ایک طرح کا روبوٹ ہے اور اس کا پورا جسم وائبرینیم سے بنا ہے متعارف کرایا گیا ہے جس کا نام وژن (Vision) رکھا گیا۔ فلم کے آخر میں ہلک ایک ہوائی جہاز لے کر خلاء میں غائب ہو جاتا ہے اور تھور بھی دوسرے انفینٹی اسٹونس کی تلاش میں نکل جاتا ہے۔


اینٹ مین (Ant man ) :
اس فلم کی کہانی کی شروعات ہنک پیم (Hank Pym ) کے ذریعے ہے جو پہلے شیلڈ کے لئے کام کرتا تھا کام کرنے کے دوران اس نے ایسا سیرم اور سوٹ بنایا تھا جو انسان کو چھوٹا کر سکے اور ایک ایسی مشین جو چیونٹیوں کو قابو کر سکے۔ لیکن شیلڈ کو چھوڑنے کے بعد وہ سوٹ کو دوبارہ نہیں پہنتا اور نہ ہی کسی کو اس کے بارے میں بتاتا ہے لیکن اس کا اسسٹنٹ جو اس کی کمپنی کا مالک بن گیا تھا وہ اس سوٹ کو دوبارہ بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ وہ اسسٹنٹ کو روکنے کی کوشش کرتا ہے لیکن اپنی بڑھتی عمر کی وجہ سے وہ سوٹ کو دوبارہ پہننا نہیں چاہتا اسلئے کسی اور کی تلاش کرتا ہے تو اسے اسکاٹ لینگ ملتا ہے جو ہے تو سزا یافتہ مجرم لیکن سدھرنا چاہتا ہے اس لئے ہنک اسے اپنا سوٹ دیتا ہے اور اس کی ٹریننگ کرتا ہے جس میں ہنک کی بیٹی ہوپ بھی مدد کرتی ہے اور ہنک اسے بھی خبردار کرتا ہے کہ اگر وہ چیونٹی سے بھی چھوٹا ہو جاتا ہے تو وہ دوسری دنیا میں پہنچ سکتا ہے جس کا نام کوانٹم (Quantam) ہے لیکن وہاں سے واپس آنا ناممکن ہے جہاں آپ کی بیوی بھی گئی ہے اور آج تک واپس نہیں آئی لیکن فلم کے آخر میں اسکاٹ وہاں چلے جاتا ہے لیکن کرشماتی طور پر واپس بھی آ جاتا ہے۔ اس فلم کے پوسٹ کریڈٹ سین میں بتایا گیا ہے کہ ہنک اپنی بیٹی کو نیا سوٹ دیتا ہے جس میں پنکھ بھی لگے ہوئے ہیں۔


تیسرا حصہ :

یہ انفینٹی ساگا کا آخری اور سب سے بڑا حصہ ہے اور اس کو سب سے زیادہ پسند بھی کیا گیا ہے۔ اگر اسے زیادہ خوش قسمتی والا حصہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کیوں کہ پہلے تو مارول نے اس میں سونی کے ساتھ ایک ڈیل کی جس کے ذریعے وہ اپنے کردار اسپائیڈرمین کو اپنے فلموں میں استعمال کر سکتے ہیں اور ڈزنی نے ٹوینٹی فرسٹ سنچری فاکس (21st century fox) کو خرید لیا جس کے ذریعے اس کے پاس جو مارول کے کرداروں کے حقوق تھے خود بخود مارول کے پاس واپس آ جاتے ہیں۔ اس میں جملہ گیارہ فلمیں ہیں۔


1. کیپٹن امریکا سیول وار (Captain America civil war):
دیکھا جائے تو اس فلم میں سینیما ٹک یونیورس کا بہت بڑا موڑ ہے۔ اس فلم میں اوینجرز الگ ہو جاتے ہیں اور ان میں اختلافات پیدا ہو جاتے ہیں۔ کہانی کچھ یوں ہے کہ دنیا بھر کی حکومتیں اوینجرز کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے کیوں کہ سپر ہیروز کی لڑائی میں عام لوگوں کو جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور جہاں پر اس موضوع کے لیے اجلاس ہو رہا تھا وہاں بم بلاسٹ ہوتا ہے جس میں وکنڈا کا راجہ مر جاتا ہے اور اس کا الزام کیپٹن امریکہ کے دوست بکی پر آتا ہے لیکن کیپٹن اپنے دوست کو بچانے کی کوشش کرتا ہے تو وہی ٹونی اس کو پکڑنے کی کوشش کرتا ہے اور اس وجہ سے اوینجر دو گروپ میں بٹ جاتے ہیں۔ ایک گروپ میں کیپٹن امریکا،فیلکن،بکی،ونڈا، ہاک آئی اور اینٹ مین ہیں تو دوسرے گروپ میں آئرن مین، وار مشین، وژن ، بلیک وڈو اور دو نئے سپر ہیروز شامل تھے۔ آخر میں بم بلاسٹ کرنے والے کو پکڑا جاتا ہے جس کا صرف ایک مقصد تھا، وہ ہے اوینجرز کو توڑنا،جس میں وہ کامیاب ہو جاتا ہے کیونکہ کہ کیپٹن امریکا اور اس کے ساتھیوں کو حکومت کا ساتھ نہ دینے کی وجہ سے مفرور قرار دیا جاتا ہے۔ اس فلم میں دونوں سوپر ہیرو بلیک پینتھر (Black panther) جو وکنڈا کے راجہ کا بیٹا ہے اور دوسرا اسپائڈر مین (Spiderman) بھی شامل ہیں۔


2. ڈاکٹر اسٹرینج (Doctor strange):
اس فلم کی کہانی ڈاکٹر کے اردگرد ہے ہے جو اپنے پیشے کے لحاظ سے بہت ہی ماہر سرجن ہے ہیں لیکن ایک سڑک حادثے کی وجہ سے اس کے ہاتھوں کی انگلیاں بیکار ہو جاتی ہے وہ ہر طرح سے علاج کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن لیکن اس کی انگلیاں کانپتی رہتی ہیں اور علاج کے اخراجات کی وجہ سے وہ کنگال ہو جاتا ہے۔ بعد ازاں ایک ایسی جگہ کا علم اسے ہوتا ہے جہاں ناممکن امراض کے مریض بھی ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ لہذا ڈاکٹر وہاں جاتا ہے، جہاں پر جادو سکھایا جاتا ہے اور اپنے تیز دماغ کی وجہ سے وہ جلد از جلد کئی طرح جادو سیکھتا ہے وہاں اسے ایک انفینٹی اسٹون بھی ملتا ہے جو دراصل ٹائم اسٹون ہے۔


3۔ گارجین آف دی گیلیکسی والیوم 2 (Guardian of the galaxy vol. 2):
حالانکہ یہ فلم پہلی فلم کے تین سال کے بعد ریلیز ہوئی لیکن اس کی کہانی اولین فلم کے دو مہینے کے بعد سے ہی شروع ہوتی ہے۔ کہانی کچھ یوں ہے کہ پیٹر اور اس کے دوست گیلیکسی میں دوسرے لوگوں کی مدد کرتے ہیں لیکن کچھ لوگ اس پر حملہ کر تے ہیں اور اچانک ایک آدمی انہیں بچا لیتا ہے اور وہ کوئی دوسرا نہیں بلکہ پیٹر کا باپ ہوتا ہے۔


4. اسپائیڈر مین ہوم کمنگ (Spiderman homecoming):
یہ مارول کی طرف سے بنائی جانے والی پہلی اسپائیڈر مین سیریز کی فلم ہے۔ اس فلم کی کہانی سیول وار کے بعد سے شروع ہوتی ہے اس میں اسپائیڈر مین جس کا نام پیٹر ہے وہ سیول وار جیسے بڑے کارنامے کرنا چاہتا ہے لیکن ٹونی اسے اس کی عمر کی وجہ سے کسی بڑے مشن میں نہیں لے جاتا۔ تبھی اس کو پتہ چلتا ہے کہ کوئی ایلین ٹیکنالوجی استعمال کر کے ہتھیار بنا رہا ہے اور وہ اسے روکنا بھی چاہتا ہے اس فلم میں ٹونی آئرن مین کے طور پر خاص موقع پر ہی نظر آئے۔ اور اس فلم میں پیٹر کے اسپائیڈر مین بننے کا ذکر نظرانداز کیا گیا ہے کیونکہ سونی نے اسپائیڈر مین کے موضوع پر پانچ فلمیں بنائی تھیں جس میں دو الگ الگ اداکاروں نے اسپائیڈر مین کا رول ادا کیا تھا اور تمام فلمیں بہت کامیاب رہی تھیں۔


5. تھور - رگناروک (Thor- Ragnarok):
یہ تھور کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی فلم ہے۔ اس فلم کی کہانی کچھ یوں ہے کہ تھور اور اس کا بھائی لوکی اپنے باپ کو ڈھونڈنے کے لئے زمین پر آتے ہیں، جہاں ڈاکٹر اسٹرینج ان لوگوں کی مدد کرتا ہے۔ ان کا باپ بتاتا ہے کہ اس کے مرنے کے بعد تھور کی ایک بڑی بہن ہیلا جو موت کی دیوی ہے، جسے برسوں سے قید میں رکھا گیا تھا وہ اب آزاد ہو جائے گی اور ان کے سیارے ازگارڈ کی رانی بننے کی کوشش کرے گی اور اس کو ہرانا بہت مشکل ہے کیونکہ اس کی طاقت اذگارڈ سے وابستہ ہے۔ یوں حالات بالکل ویسے ہی پیش آتے ہیں، یعنی باپ کی رخصتی کے بعد ان کی بہن آ جاتی ہے اور تھور کا ہتھوڑا توڑ دیتی ہے اور اسے کسی دوسرے سیارے میں پھینک دیتی ہے جہاں کا راجہ دوسرے لوگوں سے کشتی کروا کر خوش ہوتا ہے اور وہ تھور کو اپنے سب سے بڑے کھلاڑی سے لڑانا چاہتا ہے۔ سب سے بڑا کھلاڑی اور کوئی نہیں ہلک ہے۔ تھور، لوکی، ہلک اور ایک نئے کردار والکیری (valkyrie) کو لے کر اپنے گھر اسگارڈ پہنچتا ہے ہیلا سے لڑائی کی خاطر۔ اور آخر میں وہاں اپنے لوگوں کو بچاتا ہے اور اپنے سیارے کو ختم ہونے دیتا ہے اور زمین پر واپس آنے کے لیے نکل پڑتا ہے۔ اس فلم کے پوسٹ کریڈٹ سین میں تھنوس کی سپیس شیپ کو بتلایا گیا ہے جو تھور پر حملہ کرنے والی ہے۔


6. بلیک پینتھر ( Black Panther):
بلیک پینتھر اصل نام نہیں بلکہ خطاب ہے جو واکنڈا کے راجہ یا رکھوالے کو دیا جاتا ہے۔ دنیا کی نظر میں واکنڈا ایک غریب ملک ہے لیکن اصل میں دنیا کی سب سے قیمتی دھات وائبرینیم بڑی مقدار میں وہاں موجود ہے جس سے وہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں کئی گنا آگے ہے لیکن واکنڈا دنیا سے چھپ کر رہتا ہے اور اپنے ہتھیار باہر کی دنیا میں استعمال نہیں کرتا۔ اس فلم کی کہانی سیول وار کے بعد سے شروع ہوتی ہے جہاں وکانڈا کے راجہ کے مرنے کے بعد اس کے بیٹے ٹی'چھالا (T'challa) کو نیا بلیک پینتھر بنایا جاتا ہے۔ بلیک پینتھر بنانے کے لئے وہاں ایک خاص قسم کی جڑی بوٹی پلائی جاتی ہے۔ ٹی چھالا کا چاچا زاد بھائی چند قبائل کی بغاوت کی مدد سے راجہ بن جاتا ہے اور ان اصولوں پر تنقید کرتا ہے جس سے پوری دنیا سے چھپ کر رہنے کی وجہ سے سیاہ فام لوگوں پر ظلم ہونے کے باوجود واکنڈا خاموش رہتا ہے۔ اس لیے پوری سفید فام قوم پر حملہ کرنے کی تیاری کرتا ہے جسے ٹی چھالا روکتا ہے اور پھر سے راجہ بنتا ہے ہے لیکن وہ ان اصولوں کو ختم کر دیتا ہے جس سے دنیا سے چھپ کر رہنا پڑتا ہے۔ اس فلم میں کام کرنے والے اداکار چاڈوک بوسمین (Chadwick Boseman) جنہوں نے ٹی چھالا کا رول ادا کیا ہے ان کی اداکاری کی بہت تعریف کی گئی اور اس فلم کو الگ الگ زمرے میں دو آسکر بھی حاصل ہوئے۔


7. اوینجرز انفینٹی وار (Avengers infinity war):
یہ مارول کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔ اس فلم میں اب تک بتائے گئے تقریباً سارے سوپر ہیروز شامل ہیں (سوائے ہاک آئی اور اینٹ مین کے ) اس میں تھنوس انفینٹی اسٹون کی تلاش میں نکلتا ہے۔ اس کا مقصد ان اسٹونس کا استعمال کر کے پورے یونیورس کی آدھی آبادی کو ختم کرنا ہے تاکہ باقی کے آدھے لوگ سکون سے رہ سکیں۔ اور سارے ہیروز اسے روکنے کی پوری کوشش کرتے ہیں لیکن آخر میں وہ کامیاب ہو جاتا ہے اور چٹکی بجاتے ہی دنیا کی آبادی ختم ہو جاتی ہیں جس میں کچھ سپر ہیروز بھی شامل ہوتے ہیں۔ فلم کے آخر میں ایک نئے سپر ہیرو کی آمد کے متعلق بھی بتایا جاتا ہے۔


8. آنٹ مین اینڈ دی واسپ (Ant man and the wasp):
اس فلم کی کہانی انفینٹی وار سے پہلے کی ہے۔ اسکوٹ (آئنٹ مین) جس نے سیول وار میں کیپٹن امریکا کا ساتھ دیا تھا، اس لئے حکومت نے اسے بھی مفرور قرار دیا تھا لیکن وہ اپنی بیٹی کے لئے واپس آ جاتا ہے اور حکومت بھی اسے کوئی بڑا جرم نہ کرنے کی وجہ سے صرف گھر میں نظر بند رکھتی ہے۔ لیکن پولیس ابھی بھی ہنک اور اس کی بیٹی ہوپ کو ڈھونڈ رہی ہے۔ اسکوٹ کو عجیب خواب آنے لگتے ہیں اور وہ کسی طرح سے یہ بات ہنک کو بتا دیتا ہے۔ ہوپ اسے چپکے سے باہر نکال دیتی ہے۔ پھر پتہ چلتا ہے کہ ہنک کی بیوی نے اسکوٹ کے دماغ میں ایک میسج چھوڑا ہے تاکہ اسے ڈھونڈ سکے۔ تو ہنک ایک ایسی مشین بنانے کی کوشش کرتا ہے جو کوانٹم میں جا کے واپس آ سکے، لیکن اس کے پیچھے گھوسٹ نامی لڑکی پڑ جاتی ہے۔ جس کا مقصد اس مشین کو حاصل کرنا ہے کیونکہ اس کا باپ بھی کوانٹم پہ کام کرتا تھا۔ ایک حادثہ کی وجہ سے اس کا باپ مر گیا اور اسے ایک عجیب سی بیماری لگ گئی جس سے چیزوں کے آرپار وہ آ جا سکتی ہے۔ اور اس مشین سے ٹھیک ہو سکتی ہے۔ کافی مشکلوں کے بعد ہنک اپنی بیوی کو واپس لے آتا ہے اور اس کی بیوی اس لڑکی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ اس فلم کے پوسٹ کریڈٹ سین میں اسکوٹ گھوسٹ کو ٹھیک کرنے کے لیے کوانٹم میں جاتا ہے لیکن اس کے واپس آنے سے پہلے وہاں تھنوس چٹکی بجاتا ہے جس سے یہاں ہنک اور اس کی بیوی اور بیٹی دھول بن جاتے ہیں اور سکوٹ کوانٹم میں ہی پھنس جاتا ہے۔


9. کیپٹن مارول ( Captain Marvel):
یہ ایک نئے سپر ہیرو کا تعارف ہے ہے جس کے بارے میں انفینٹی وار کے آخر میں بتایا گیا تھا۔ یہ کہانی 90 دہائی کی ہے کیپٹن مارول ایک لڑکی ہے جو ایک خلائی مخلوق کری (kree)کے لیے کام کرتی ہے جس کا مقصد سکرل (skrull) نامی مخلوق کو ختم کرنا ہے۔ سکرل کسی بھی شخص کا چہرہ اور اس کے جسم کی نقل کر سکتے ہیں۔ اس لیے انہیں پہچاننا بہت مشکل ہوتا ہے۔ کیپٹن مارول اپنی یاداشت کھو بیٹھی ہے لیکن اس کے پاس بہت زیادہ طاقت ہے۔ کیپٹن مارول کچھ سکرل کا پیچھا کرتے ہوئے زمین پر آتی ہے یہاں اس کی ملاقات اس وقت شیلڈ میں کام کرنے والے آفیسر نیک فیوری سے ہوتی ہے یہاں اسے پتہ چلتا ہے کہ وہ کون ہے اور اس کو یہ طاقت کیسے ملی۔ اور خاص بات یہ بھی پتہ چلتی ہے کہ اصل میں سکرل مظلوم ہے وہ صرف اپنے لیے گھر ڈھونڈ رہے ہیں جہاں وہ رہائش اختیار کر سکیں۔ اس لیے کیپٹن مارول دوسرے سیارے میں ان کے لیے گھر ڈھونڈنے میں مدد کرتی ہے۔ کچھ لوگوں کو یہ کردار اس لیے پسند نہیں ہے کیونکہ یہ بہت زیادہ قوت والا ہے۔


10. اوینجرز اینڈ گیم (Avengers End Game):
یہ فلم مارول کی اب تک کی سب سے بڑی فلم ہے۔ انفینٹی وار میں ہارنے کے بعد اوینجرز، تھنوس کو ڈھونڈنے نکل جاتے ہیں جہاں انھیں تھنوس بہت ہی کمزور حالت میں ملتا ہے کیونکہ اس نے اسٹونس کو ختم کر دیا تھا جس سے اس کی یہ حالت ہوئی۔ تو تھور غصے میں آ کر تھنوس کو ختم کر دیتا ہے۔ اس کے پانچ سال کے بعد دنیا ابھی اس صدمے میں ہے لیکن وہی اسکوٹ کسی طرح کوانٹم سے باہر آ جاتا ہے ہے اور سیدھا اوینجرز کے پاس جاتا ہے اور میں بتاتا ہے کہ یہ پانچ سال اس کے لیے صرف پانچ دن کی طرح گزرے، پھر وہ اسی بنیاد پر ٹائم مشین بنانے کرنے کا آئیڈیا دیتا ہے۔ اور اس آئیڈیا کو استعمال کر کے اوینجرز ایک ٹائم مشین بناتے ہیں تاکہ وہ وقت میں پیچھے جا سکیں، سارے اسٹونس کو اکٹھا کر سکیں اور جو دھول بنے ہیں انہیں بھی واپس لا سکیں۔ اور سب کو واپس بھی لا لیا جاتا ہے۔ لیکن ایک غلطی کی وجہ سے 2014 کا تھنوس ان کے پیچھے آ جاتا ہے اور اس کے بعد شروع ہوتی ہے اب تک کی سب سے بڑی لڑائی جس میں سارے ہیروز شامل ہوتے ہیں۔ اس میں کچھ ہیرو کی کہانی مکمل ہو جاتی ہے اور وہ شاید MCU میں دوبارہ نظر نہ آ سکیں گے۔


11. اسپائیڈر مین فار فرام ہوم (Spiderman far from home) :
اس حصہ کی آخری فلم ہے۔ اس فلم میں سپائڈر مین کو اپنے ہیروز کو کھونے کا غم بھی ہوتا ہے لیکن اپنی زندگی میں بھی وہ آگے بڑھتا ہے۔ اسپائیڈر مین اپنے اسکول ٹرپ کے ساتھ یورپ جاتا ہے جہاں اس کی ملاقات مسٹیریو (Mysterio) نامی شخص سے ہوتی ہے جس کا کہنا ہے کہ وہ دوسری دنیا سے آیا ہے اور یہاں کچھ مانسٹرس آئے ہوئے ہیں جو دنیا کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور انہیں روکنے کے لیے اسے اسپائیڈر مین کی ضرورت ہے۔ اس فلم میں اصلی ولن کون ہے، اس کا علم سب سے آخر میں ہوتا ہے۔


ایم۔سی۔یو کا چوتھا حصہ بھی سال 2022ء میں مکمل ہو چکا ہے۔ لیکن اسے زیادہ پسند نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ پانچویں اور چھٹے حصے کا بھی اعلان کیا گیا ہے جو 2025 تک مکمل ہو جائیں گے۔


دوسرے سینماٹک یونیورس:

ہالی وڈ میں اب ایم سی یو کے تقابل میں میں ایک ہی یونیورس ہے ڈی-سی-یو (DCU) لیکن فلم بینوں کو یہ اتنا زیادہ پسند نہیں آتا جس کی خاص وجہ یہ ہے کہ جس طرح ایم سی یو نے اپنے سارے ہیروز کو ایک ایک کر کے متعارف کروایا پھر انہیں ایک ساتھ دوسری فلم میں شامل کیا جس سے عام فلم بینوں کو ان کے بارے میں معلومات حاصل رہیں۔ لیکن ڈی سی یو نے نے اپنی دوسری فلم میں ہی دو سے زائد ہیرو کو شامل کرلیا جو کامکس پڑھنے والے لوگوں کو شاید پتہ ہو لیکن عام فلم بینوں کو ان کے بارے میں پتا نہیں تھا۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ ڈی سی یو جس کے پاس ہے وارنر برادرز (Warner brothers) وہ ڈی سی یو کی فلموں میں حد سے زیادہ دخل اندازی کرتا ہے۔ اور سب سے بڑی وجہ ہے تنازعات جو اداکاروں اور ڈائریکٹر میں بہت زیادہ ہے۔ کئی فلموں کا کینسل ہونا،اور اہم اداکاروں کا اس یونیورس کو چھوڑ کر چلے جانا ہے بھی اس کی ناپسندیدگی کی اہم وجہ ہے۔


ہندوستان میں بھی اب تین سے چار سینماٹک یونیورس وجود میں لائے گئے ہیں۔
1.کوپ (پولیس) یونیورس:
اس نئے یونیورس کی شروعات بالی ووڈ ہدایت کار روہت شیٹھی نے کی ہے اور اس سلسلے میں سنگھم، سمبا اور سوریا ونشی جیسی فلمیں شامل ہیں۔ مگر اس یونیورس کی خامی یہی ہے کہ اس میں فلموں کو ایک دوسرے سے منسلک رکھنے کے لیے ایک فلم کا اہم کردار دوسرے میں ایک مہمان رول ادا کرتا ہے۔ اس کے علاوہ کہانی اور اداکار دونوں الگ الگ رہتے ہیں جیسے کہ ایک فلم میں کوئی اداکار مجرم ہے تو دوسری فلم میں وہی اداکار پولیس کا رول ادا کرتا ہے۔


2. ہارر کامیڈی یونیورس:
اس یونیورس کی شروعات دنیش وجن نے 2018 میں ستری فلم کے ساتھ شروع کی تھی اب تک اس کی تین فلمیں ریلیز ہوئی ہیں: استری، روہی اور بھیڑیا۔ اور تینوں فلموں کو بہت زیادہ پسند کیا گیا ہے۔ ڈراؤنی فلموں میں کامیڈی سب کو پسند آ رہی ہے۔ اگر یہ سلسلہ اپنے معیار پر قائم رہے تو یہ کامیاب یونیورس بن سکتا ہے۔


3. یش راج فلمز اسپائی ( جاسوس) یونیورس:
اس یونیورس کی شروعات 2012 کی فلم 'ایک تھا ٹائیگر' سے ہوئی ہے ہے۔ اس یونیورس کے تخلیق کار ادیتہ چوپڑا ہیں اب تک اس کی تین فلمیں ریلیز ہوئی ہے جس میں ایک تھا ٹائیگر،ٹائیگر زندہ ہے اور وار اور آنے والی فلم "پٹھان" بھی اسی یونیورس کا حصہ ہے۔ اس کو پسند تو کیا جا رہا ہے لیکن اب تک اس کی فلمیں آپس میں ایک دوسرے کے موضوعات سے منسلک نہیں ہیں۔ لیکن امید ہے کہ آنے والی پٹھان میں باقی فلموں کو اس فلم سے جوڑا جائے گا۔


4. استرا ورس (Astraverse):
یہ یونیورس دیگر ہندوستانی سینماٹک یونیورس سے الگ ہے کیوں کہ اوپر دیئے گئے ہیں یونیورس کسی ایک فلم کی کامیابی کے بعد شروع کیے گئے، یوں پہلے سے ہی ان کا کوئی سینماٹک یونیورس بنانے کا منصوبہ نہیں تھا۔ لیکن استراورس کی شروعات ایک سینماٹک یونیورس کے منصوبے کے تحت ہی ہوئی ہے۔ اب تک بس ایک ہی فلم اسی سال ریلیز ہوئی ہے۔ برہماستر (brahmastra) اس کا حصہ ہے اور آگے بھی اس کے مزید فلمی حصے بنائے جانے کا منصوبہ ہے۔

***
محمد اعجاز علی، حیدرآباد
ایمیل: aijaz786ali786[@]gmail.com

marvel cinematic universe and the others. Essay: Mohd Aijaz Ali

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں