اسلام کے علاوہ مذاہب کی ترویج میں اردو کا حصہ - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-06-10

اسلام کے علاوہ مذاہب کی ترویج میں اردو کا حصہ - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

propagation-of-religions-other-than-islam-through-urdu

بیسویں صدی کی پانچویں دہائی کے دوران علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کی ایک نشست میں یہ مکالمہ شروع ہوا کہ اردو پر مذہبی یا جماعتی ٹھپہ کیوں لگایا جاتا ہے جبکہ اس کی ابتدا اور ارتقا میں سبھی برابر کے شریک ہیں اور اس موضوع پر مستقل تصانیف موجود ہیں کہ کس کس نے اردو کی ترقی میں کیسا اور کتنا حصہ لیا، ہندو مسلم، دیسی بدیسی ، روساء فقراء عوام وغیرہ۔ مکالمے کے دوران اس وقت کے صدر شعبہ نے کہا کہ اب یہ گنانے اور بتانے کی ضرورت ہے کہ اردو کے احسانات دوسروں پر کیا ہیں؟
اس وقت کے ایک ریسرچ اسکالر محمد عزیز کو صدر شعبہ نے یہ ذمہ داری دی کہ اس موضوع پر ڈاکٹریٹ کا مقالہ تحریر کیا جائے۔ یوں سنہ 1954ء میں محمد عزیز نے "اسلام کے علاوہ مذاہب کی ترویج میں اردو کا حصہ" کے موضوع پر اپنی پی۔ایچ۔ڈی کی تھیسز مکمل کی۔ اس مقالے کا بنیادی مقصد یہ دکھانا تھا کہ (غیر منقسم) ہندوستان میں اسلام کے علاوہ دوسرے مذاہب اور ان کے اخلاق کی اشاعت میں اردو زبان کا حصہ کتنا ہے؟ اور اس کے لیے ان کتابوں کا حسب مقدور احاطہ کیا گیا جو غیرمسلموں نے اپنے مذہب و اخلاق پر اردو میں تصنیف، تالیف یا ترجمہ کر کے شائع کی ہیں۔
مرتب نے لاہور سے پٹنہ تک اردو کی کم و بیش چار سو غیر اسلامی مذہبی اور اخلاقی کتابوں کا مطالعہ کیا اور ان سے یادداشتیں اخذ کیں۔ ان میں سے اکثر کے اقتباسات مقالے میں پیش بھی کیے گئے جن سے غیر اسلامی مذاہب کی بنیادی تعلیمات پر بھی روشنی پڑتی ہے اور اس مشترک زبان کے نمونے بھی سامنے آ جاتے ہیں جو غیر مسلموں نے اپنی مذہبی اور اخلاقی کتابوں میں اختیار کی ہے۔
مقالے کے پہلے باب میں ان مختلف اثرات کو دکھایا گیا ہے جو مسلمانوں کی آمد سے ہندوستان کی تہذیب پر پڑے۔
دوسرے ابواب میں مختلف غیر اسلامی فرقوں کی مذہبی اور اخلاقی کتابوں کا ذکر ہے۔ ہر باب کے شروع میں اس مذہب یا فرقے کے بنیادی اصول مستند کتابوں سے اخذ کر کے لکھے گئے ہیں۔ یہ اصول اگر خود اس فرقے کی کسی اردو کتاب میں مل سکے تو اسی کے اقتباس کو ترجیح دی گئی ہے۔
چند غیر اسلامی مذہبی اخبارات و رسائل میں سے صرف ان کی فہرست دی گئی ہے جن کا ذکر گارساں دتاسی نے اپنے خطبات میں یا دوسرے اصحاب نے مختلف مضامین میں کیا ہے۔
آخری باب میں اس مقالے کا خلاصہ ہے۔ غیر اسلامی مذہبی مطبوعات کی کثرت کا اجمالی ذکر اور جن کتابوں کی عبارتوں کے نمونے پیش کیے گئے ہیں ان کی زبان پر مختصر تبصرہ ہے۔ ہر فرقے کی صرف انہی کتابوں کے اقتباسات دئے گئے ہیں جو خود اس فرقے کے لوگوں نے لکھی ہیں۔


مذہب کے حوالے سے اردو زبان کی ترقی و ترویج کے موضوع میں دلچسپی رکھنے والے باذوق قارئین و محققین کی خدمت میں، تقریباً پونے چار سو صفحات کا یہ اہم اور یادگار مقالہ پی۔ڈی۔ایف فائل شکل میں پیش ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے ہے۔


***
نام کتاب: اسلام کے علاوہ مذاہب کی ترویج میں اردو کا حصہ
مرتب: محمد عزیز
ناشر: انجمن ترقی اردو ہند، علی گڑھ (سن اشاعت: 1955ء)
تعداد صفحات: 378
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 14 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Propagation Of Religions Other Than Islam Through Urdu.pdf

Direct Download link:

GoogleDrive Download link:

فہرست
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
الفحرف آغاز7
بتعارف10
1ہندوستان میں مسلمانوں کی آمد اور اس کے اثرات13
2ہندو مذہب33
3ہندو مذہب کے اصلاحی فرقے137
41: کبیر پنتھ137
52: برہمو سماج151
63: آریہ سماج178
74: تھیوسوفیکل سوسائٹی202
85:رادھا سوامی مت209
96: دیو سماج216
10جین مذہب221
11سکھ مذہب236
12عیسائی مذہب262
13بہائی مذہب311
14مذہبی اخبارات و رسائل330
15حاصل سخن338
16کتابیات349
17کتب حوالہ375


Propagation Of Religions Other Than Islam Through Urdu. Compiled by: Mohammad Aziz, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں