دل دریا - پنجاب کے پس منظر کا ناول از دلیپ سنگھ - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2022-05-11

دل دریا - پنجاب کے پس منظر کا ناول از دلیپ سنگھ - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

Dil-Dariya-novel_Dileep-Singh

دلیپ سنگھ (پیدائش: 1932ء - وفات: 8/اگست 1994ء)
کا شمار ہندوستان کے معروف و مقبول مزاح نگاروں میں ہوتا ہے۔ ان کی پیدائش ہرچند کہ ضلع گوجرانوالہ (پاکستان) میں ہوئی لیکن ان کے آباء و اجداد نے ہندوستان ہی میں سکونت اختیار کرنا پسند کیا۔ دلیپ سنگھ وزارت خارجہ حکومت ہند میں اپنی خدمات انجام دینے کے علاوہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے لیے بھی اپنی ادبی خدمات پیش کرتے تھے۔


"دل دریا" (سن اشاعت: 1992ء) دلیپ سنگھ کا ایسا ناول ہے جسے ٹیلی ویژن سیریز کے طور پر بھی فلمایا گیا۔ اس کی ہدایت کاری کے فرائض لیکھ ٹنڈن جیسے مایہ ناز ہدایت کار نے نبھائے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ بالی ووڈ فلمی صنعت کے کنگ خان شاہ رخ خان، لیکھ ٹنڈن ہی کی 1988ء کی دریافت تھے اور چھوٹے پردے پر شاہ رخ خان کا سب سے پہلا رول اسی سیرئیل "دل دریا" کا تھا۔ یہ الگ بات ہے کہ ٹیلی ویژن پر جس سیرئیل کے ذریعے شاہ رخ کی اداکاری کا آغاز ہوا وہ راج کمار کپور کا "فوجی (1989ء)" تھا۔
دل دریا پنجاب کی تہذیب و ثقافت کو اجاگر کرنے والا ناول باور کیا جاتا ہے۔
تعمیرنیوز کے ذریعے عیدالفطر 2022ء کے موقع پر دلیپ سنگھ کا یہی مختصر مگر یادگار سماجی ناول پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً سوا سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 5 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔


اس ناول کے تعارف میں لکھا گیا ہے کہ ۔۔۔۔

"دل دریا" کا مرکزی کردار موہن سنگھ ایک ایسا دریا دل شخص ہے جس کے دل کی گہرائیوں میں محبت کے انمول خزانے پوشیدہ ہیں۔ وہ محبت کا کاروبار کچھ اس طرح سے کرتا ہے کہ اس میں فائدے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ مزے کی بات یہ ہے کہ گھاٹے کے اس سودے میں وہ بےپناہ مسرت محسوس کرتا ہے۔
یہ نہیں ہے کہ موہن سنگھ ایک ایسا کردار ہے جو دھرتی پر پیدا نہیں ہوتا بلکہ آسمانوں سے اترتا ہے۔ وہ تو گوشت پوست کا بنا ہوا انسان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ زندگی کے معمولی واقعات اسے بےپناہ مسرت بھی دیتے ہیں اور اس کے کلیجے کو چھلنی بھی کر جاتے ہیں۔
یہی بات انسانی رشتوں کے اس ناول کے دوسرے کرداروں کے بارے میں بھی کہی جا سکتی ہے۔ اوم پرکاش، مہندر، نند کشور، رام پیاری، اندرکور، کلونت اور کانتا کے کرداروں کی تشکیل اس طرح سے کی گئی ہے کہ یوں لگتا ہے جیسے زندگی کے سفر میں کسی بھی موڑ پر ہماری ملاقات ان سے ہو سکتی ہے۔ ناول پڑھتے ہوئے قارئین محسوس کریں گے کہ ناول نگار کوئی ایسی کہانی نہیں لکھ رہا جس نے اس کے تصورات میں جنم لیا ہو بلکہ اس نے تو اپنے قارئین کے سامنے آئینہ رکھ دیا ہے۔


یہ بھی ڈاؤن لوڈ کیجیے ۔۔۔
اگلی عید سے پہلے - کشمیر کے پس منظر کا ناول از آنند لہر (عید الفطر 2021ء کے موقع پر)
"سارے جہاں کا درد" - دلیپ سنگھ کے منتخب طنزیہ و مزاحیہ مضامین
***
نام ناول: دل دریا
مصنف و ناشر: دلیپ سنگھ۔ سن اشاعت: 1992ء
تعداد صفحات: 136
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 5 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Dil Dariya - Novel by Dileep Singh.pdf
Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Dil Dariya, a social Urdu Novel in the backdrop of Punjab by Dileep Singh, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں