سماج وادی پارٹی مسلم دوست شبیہ ترک کرنے کوشاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-06

سماج وادی پارٹی مسلم دوست شبیہ ترک کرنے کوشاں

لکھنو
آئی اے این ایس
فرقہ وارانہ انتشار کے سبب لوک سبھا انتخابات میں شکست کا سامنا کرنے والی سماج وادی پارٹی نے آئندہ ہفتہ مقرر ضمنی انتخابات کے لئے صرف ایک مسلم امیدوار کا انتخاب کیا ہے۔ پارٹی کے حکمت عملی سازوں نے اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے کہ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات کے دوران سماجوادی پارٹی کو مسلم دوست پارٹی قرار دیا تھا، اقلیتی فرقہ سے کسی حد تک دوری اختیار کرلی ہے ۔ 11نشستوں میں سے صرف ایک نشست مسلم امیدوار کو دی گئی ہے جب کہ2012کے اسمبلی انتخابات میں3امیدواروں کو نشستیں الاٹ کی گئی تھیں۔ دیگر10امیدوار ہندو ہیں ۔ پارٹی کے حکتم عملی سازوں کا ماننا ہے کہ بی جے پی ایک با ر پھر رائے دہندوں کو فرقہ وارانہ اور ذات پات کے خطوط پر تقسیم کرنا چاہتی ہے ۔ ایک سماج وادی پارٹی قائد نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ بی جے پی دوبارہ وہی کھیل کھیل رہی ہے لہذا ہمارے لئے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ ہم صحیح حکمت عملی اختیار کریں تاکہ بی جے پی سے کچھ نشستیں چھین سکیں ۔ مذکورہ تمام نشستوں پر بی جے پی اور اس کی حلیف جماعت اپنا دل کا قبضہ ہے۔11ارکان اسمبلی کے لوک سبھا کے لئے منتخب ہونے کی وجہ سے ان نشستوں پر ضمنی انتخاب ضروری ہوگیا ہے ۔ فرقہ وارانہ طور پر حساس مغربی اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی کے طرز فکر میں تبدیلی بھی اہمیت کی حامل ہے ۔ پارٹی نے یہاں صرف ایک حلقہ ٹھاکرواڑہ میں مسلم امیدوار کو میدان میں اتارا ہے ۔
پارٹی نے اپنے سب سے نمایاں مسلم چہرے اعظم خان کو بھی ان11حلقوں سے دور رہنے کو کہا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات کے دوران اعظم خان کی اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ الفاظ پر مشتمل تقاریر کی وجہ سے سماج وادی پارٹی کو نقصان پہنچا کیونکہ بعض مقامات پر ہندوؤں نے بی جے پی کی بھرپور تائید کی ۔ ایک سینئر وزیر نے یہ بات بتائی ۔ واضح رہے کہ مئی میں منعقدہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے ریاست کی 80کے منجملہ71نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ اپنا دل کو دو نشستوں پر کامیابی ملی ۔ سماج وادی پارٹی نے 5نشستوں پر اور کانگریس نے دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی جب کہ بہو جن سماج پارٹی کا صفایا ہوگیا ۔ سماج وادی پارٹی کے مسلم قائدین نے پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو سے اپیل کی ہے کہ وہ پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنانے ہر ممکن اقدام کریں ۔

SP strives to give away Muslim friend icon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں