یگانہ چنگیزی (پیدائش: 17/اکتوبر 1884 - وفات: 4/فروری 1956)
اردو کے ممتاز شاعر تھے۔ ان کے طرز فکر اور لب و لہجے دونوں میں انفرادیت تھی۔ افسوس کہ اردو شعر و ادب میں یگانہ کے ساتھ بےانصافی ہوئی کہ ان کا مستحقہ مقام انہیں نہیں ملا۔ لیکن ایسی صورتحال کو پیدا کرنے میں شاید ان کا بھی کچھ ہاتھ رہا ہو کہ ان کی انا اعتدال کی تمام حدود کو پار کر چکی تھی۔ جیسا کہ اپنی کتاب "آیاتِ وجدانی" میں وہ لکھتے ہیں: "سچ تو یہ ہے کہ اس صدی میں یگانہ کے سوا اور کسی کو شاعر سمجھنا محض خودفریبی ہے۔"
اردو کے ممتاز ادیب، محقق اور نقاد پروفیسر نیر مسعود (پیدائش: 16/نومبر 1936 ، وفات: 24/جولائی 2017) نے یگانہ کی شخصیت اور ادبی خدمات کے اہم پہلوؤں پر ایک کتاب "یگانہ - احوال و آثار" تصنیف کی ہے۔ یہی کتاب یگانہ کی 66 ویں برسی پر تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً سوا سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 4 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔
اس کتاب کے دیباچہ میں خلیق انجم لکھتے ہیں ۔۔۔
زیرنظر کتاب اردو کے ممتاز محقق اور نقاد نیر مسعود کے ان مضامین کا مجموعہ ہے جو انہوں نے یگانہ کی ممتاز شخصیت اور ادبی خدمات کے اہم پہلوؤں پر لکھے ہیں۔ نیر صاحب اپنے والدِ محترم سید مسعود حسن رضوی ادیب کی طرح یگانہ کے فن کے قائل ہیں اور انہیں یگانہ کی ذات سے پوری ہمدردی ہے۔ انہوں نے بہت ہی معقول اور مدلل انداز میں یگانہ کی ذہنی کجروی اور ابنارمل شخصیت کا جائزہ لیا ہے۔
یگانہ 1905ء میں جب لکھنؤ آئے تو ان کی عمر اکیس سال تھی۔ اس وقت لکھنؤ میں صفی، ثاقت اور عزیز کا طوطی بول رہا تھا۔ یگانہ کو وہ اہمیت نہیں ملی جو ان تینوں حضرات کو حاصل تھی۔ اپنے معاصرین سے مخاصمت کی بظاہر یہی وجہ ہے۔ 1914ء مین جب یگانہ نے "نشترِ یاس" کے نام سے اپنا دیوان شائع کیا تو اس کے مقدمہ میں تعلی سے کام لیتے ہوئے لکھا کہ: لکھنؤ کے معاصرینِ حال اور آئیندہ نسلوں پر فرض ہے کہ یگانہ کی زبان اور اجتہادی تصرفات سے سند لیں۔ دوسرے لفظوں میں انہوں نے ثاقب، عزیز اور دوسرے معاصرین سے مطالبہ کیا کہ وہ انہیں استادِ فن تسلیم کر کے ان کی پیروی کریں۔
اپنے معاصرین کے علاوہ یگانہ، غالب کے بھی مخالف تھے۔ جبکہ صفی، عزیز اور ثاقب، غالب کے ممدوح تھے اور ان کی پیروی کی کوشش کرتے تھے۔ ان تینوں کی ضد میں یگانہ نے غالب کے خلاف ایسی رباعیاں کہیں جن میں غالب کے متعلق بہت نازیبا اور ناشائستہ باتیں تھیں۔
نیر مسعود نے بڑے سلیقے اور مستند حوالوں کے ساتھ تاریخ ادب اردو کے، یگانہ کے حوالے سے المناک ترین واقعات بیان کیے ہیں۔
***
نام کتاب: یگانہ - احوال و آثار
مصنف: نیر مسعود۔ ناشر: انجمن ترقی اردو ہند، نئی دہلی۔ سنہ اشاعت: 1991ء
تعداد صفحات: 113
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 4 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Yeh Log by Srinivas Lahoti.pdf
فہرست | ||
---|---|---|
نمبر شمار | عنوان | صفحہ نمبر |
الف | حرف آغاز از خلیق انجم | 7 |
1 | یگانہ (بہ حوالۂ مسعود حسن رضوی ادیب) | 9 |
2 | یگانہ کے معرکے | 30 |
3 | یگانہ کی چند غیر معروف تحریریں | 51 |
4 | یگانہ اور تنقیدِ کلامِ عزیز | 75 |
5 | تصنیفاتِ میرزا یگانہ | 79 |
6 | یگانہ کی تصنیفوں کے سرورق | 80 |
7 | یگانہ - منتخب کلام | 95 |
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں