سرینواس لاہوٹی (پیدائش: 17/اکتوبر 1922، حیدرآباد - وفات: 1992 ، حیدرآباد)
اردو کے ایسے ممتاز ادیب، صحافی اور مترجم رہے ہیں جنہیں چار زبانوں ہندی، اردو، انگریزی اور تلگو پر قدرت حاصل تھی۔ انہوں نے جہاں تقریباً چھ سال تک ادیب شہیر قاضی عبدالغفار کے ساتھ روزنامہ "پیام" میں کام کیا وہیں وہ پانچ سال تک بلبلِ ہند مسز سروجنی نائیڈو کے پرسنل سکریٹری بھی رہے۔ انجمن ترقی اردو ہند کے مجلس عامہ کے رکن رہے اور انجمن ترقی اردو آندھرا پردیش کے اہم عہدوں پر بھی فائز رہے۔ ترقی پسند مصنفین، افرو ایشیائی انجمن اور ہند سوویت دوستی کی انجمن کے علاوہ ہندی پرچارنی سبھا سے بھی وہ منسلک رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی سماجی اور سیاسی زندگی کا آغاز 1938ء میں کانگریس میں شرکت کے ذریعے اس وقت کیا جب آزادی کی لڑائی اپنے عروج پر تھی۔ جب ملک آزاد ہو گیا تو لاہوٹی صاحب کانگریس کو چھوڑ کر کمیونسٹ پارٹی سے وابستہ ہو گئے۔ 1941ء سے اپنی وفات تک وہ اردو اور ہندی زبانوں میں لکھتے رہے۔ اردو/ہندی، ہندی/اردو اور تلگو لغات کی ترتیب میں حصہ لیا اور تلگو ادب کی تاریخ (ہندی) کے وہ نگراں رہے۔
زیر نظر کتاب، اردو کی ترویج اور فروغ کی جدوجہد میں مصروف بہ کار رہے سرینواس لاہوٹی کی تحریر کردہ ایسی دلچسپ اور مختصر کتاب ہے جس میں دس خاکے اور تین مضامین شامل ہیں۔ یہ خاکے ان لوگوں کے ہیں جن سے لاہوٹی صاحب کو قربت حاصل تھی یا جنہوں نے اپنی شخصیت اور سیرت، زندگی و عمل سے لاہوٹی صاحب کو متاثر کیا تھا۔ ان لوگوں میں ادیب شاعر، عالم اور سیاست داں غرض ہر طرح کے لوگ شامل ہیں۔
ڈاکٹر خلیق انجم کہتے ہیں کہ: اس کتاب میں جن حضرات کے خاکے لکھے گئے ہیں ان کی شخصیت کے بارے میں ذاتی تجربے کی بنا پر بعض ایسی اہم باتیں کہی گئی ہیں جن کا علم ہمیں کسی اور ذریعے سے نہ ہو پاتا۔ اور یہی ان خاکوں کی اہمیت ہے۔
سرینواس لاہوٹی کی یہ اہم اور دلچسپ کتاب "یہ لوگ" تعمیرنیوز کے ذریعے، حیدرآباد کی ادبی شخصیات کی کتب کے مطالعے میں دلچسپی والے قارئین کی خدمت میں پیش ہے۔ تقریباً سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم 5 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔
***
نام کتاب: یہ لوگ (خاکے)
مصنف: سرینواس لاہوٹی۔ ناشر: انجمن ترقی اردو ہند، نئی دہلی۔ سنہ اشاعت: 1989ء
تعداد صفحات: 120
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 5 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Yeh Log by Srinivas Lahoti.pdf
فہرست | ||
---|---|---|
نمبر شمار | عنوان | صفحہ نمبر |
الف | پیش لفظ (ڈاکٹر خلیق انجم) | 9 |
1 | قاضی عبدالغفار | 11 |
2 | پروفیسر حبیب الرحمن - سیرت و شخصیت | 20 |
3 | پروفیسر ہارون خاں شیروانی | 28 |
4 | ڈاکٹر زور - چند تاثرات | 32 |
5 | بنے بھائی | 37 |
6 | مخدوم - چند تاثرات | 82 |
7 | پنڈت ونشی دھر ودیا لنکار | 58 |
8 | ڈاکٹر رادھا کرشنن - زندگی اور عمل | 65 |
9 | ڈاکٹر راجندر پرشاد | 71 |
10 | محمد شہاب الدین | 76 |
11 | نرالا کی شخصیت اور شاعری | 81 |
12 | تلگو کا انقلابی شاعر - سری سری | 91 |
13 | کشمیری زبان کا عوامی شاعر - مہجور | 98 |
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں