مونگے کے جزیرے - ادب اطفال کا ناول از سیدی اعجاز - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-11-21

مونگے کے جزیرے - ادب اطفال کا ناول از سیدی اعجاز - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

Mongey-ke-Jazirey_urdu_Syedi-Aijaz

ممتاز صحافی اور قلمکار حقانی القاسمی اپنے ایک مضمون "اردو میں بچوں کے رسائل" میں لکھتے ہیں کہ:

ریاست اترپردیش کا بچوں کے ادب کے فروغ میں نمایاں حصہ رہا ہے۔ یہاں سے متعدد اردو رسائل ادب اطفال کے تحت شائع ہوتے رہے ہیں جن میں ۔۔۔
'غنچہ ' (بجنور)، 'ٹافی' (لکھنؤ)، 'کلیاں' (لکھنؤ)، 'نور' (رامپور)، 'اچھا ساتھی' (بجنور)، 'چندا نگری' (مراد آباد)، 'ہم پنچھی ایک ڈال کے' (مراد آباد)، 'چمن ' (مراد آباد)، 'ہم جولی' (امروہہ)، 'بچوں کا تحفہ( اعظم گڑھ)، 'چمن' (کانپور)، 'سعید' (کانپور)، 'جنت کا پھول' (کانپور)، بچپن (بریلی)، ، انور (میرٹھ)، درخشاں (مرادآباد)، راہی (علی گڑھ)، عزیز (گورکھپور)، چاند (سہارنپور)، باغیچہ (لکھنؤ) کے نام اہم ہیں۔
لکھنؤ کا "کلیاں" شمیم انہونوی کی ادارت میں شائع ہوتا تھا جو خود بھی بچوں کے اچھے ادیب تھے۔ 'کلیاں' کے اہم لکھنے والوں میں شاد عارفی، سطوت رسول، محشر بدایونی، شفیع احمد تاج ، عطیہ پروین، عفت موہانی، اے آر خاتون قابل ذکر ہیں۔ سیدی اعجاز کا ناول 'مونگے کے جزیرے' کلیاں میں ہی شائع ہوا تھا۔

ناول "مونگے کے جزیرے" دراصل انگریزی کے مشہور انگریزی ناول "دی کورل آئیلینڈ" کی تلخیص ہے۔ یہ ناول اسکاٹ لینڈ کے ادیب آر۔ ایم۔ بلنٹائن نے 1857ء میں تحریر کیا تھا جو 'ینگ اڈلٹ لٹریچر' (نوجوانوں کا ادب) کے تحت دنیا بھر میں مشہور ہوا اور دنیا کی تقریباً ہر بڑی زبان میں اس کا ترجمہ کیا گیا۔ بیسویں صدی کی ابتدا میں، کلاسیکی ناول کی حیثیت سے اسے برطانیہ اور امریکہ میں بچوں کی نصابی تعلیم کا حصہ بھی بنایا گیا۔ یہ ناول تین نوجوان لڑکوں کی جدوجہد کو بیان کرتا ہے جو سمندر میں دوران سفر ایک جہاز کے تباہ ہو جانے کے سبب بحرالکاہل کے ایک جزیرہ میں پھنس جاتے ہیں اور وہیں سے اپنی دنیا کو واپس لوٹنے کے لیے ان کی مسلسل کوششوں کا آغاز ہوتا ہے۔


تعمیرنیوز کے ذریعے اس دلچسپ مہماتی ناول کا اردو ترجمہ پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ ایک سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 5 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔


اس ناول کے دیباچہ کے تحت مترجم سیدی اعجاز (کوچہ چیلان، دریا گنج، نئی دہلی) لکھتے ہیں:

پیارے بچو! انگریزی میں ایک بہت اچھی کتاب "مونگے کے جزیرے" ہے۔ اب جو یہ کتاب تم پڑھنے جا رہے ہو وہ اسی سے ماخوذ ہے۔ ہم نے اپنی اس کتاب کو تمہاری سہولت اور پسند کی خاطر ایسا بنا دیا ہے کہ تم لوگ یہ سمجھو کہ جیسے یہ کارنامہ تم ہی لوگوں نے انجام دیا ہے۔ کرداروں کے نام اور دوسری بہت سی چیزیں ہم نے اپنے ملک کے رسم و رواج کے مطابق بدل دی ہیں۔ اس کتاب میں ہم نے کچھ چیزیں اپنی طرف سے بڑھائی بھی ہیں۔ اصل انگریزی میں یہ کتاب بہت موٹی تھی لیکن ہم نے اسے مختصر کر دیا ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ اس کی دلچسپی میں کوئی فرق آیا ہے بلکہ اس کی دلچسپی کچھ اور بڑھ گئی ہے۔ امید ہے کہ یہ کتاب تم لوگوں کو پسند آئے گی۔

ناول کا خلاصہ ۔۔۔

تین دوست ۔۔۔ عظیم، عزیز اور خالد اپنے ملک کی ایک بندرگاہ سے پانی کے کسی جہاز پر سوار ہو کر جنوبی سمندر بحرالکاہل میں پھیلے ہوئے مونگوں کے جزیروں کی سیر کرنے جاتے ہیں۔ یہ لڑکے فطرت کے شوقین ہیں اور ہمیشہ نئی نئی چیزیں تلاش کرتے رہتے ہیں۔
بحرالکاہل میں مونگوں کے یہ جزیرے سینکڑوں بلکہ ہزاروں کی تعداد میں پھیلے ہوئے ہیں۔ یہ جزیرے بعض جگہوں پر پانی کے نیچے بھی چھپے ہوئے ہیں۔ پانی کے اندر چھپے ہوئے ان جزیروں سے ٹکرا کر اکثر چھوٹے موٹے جہاز ٹوٹتے رہتے ہیں۔ لیکن خوش قسمتی سے ان بچوں کا چھوٹا سا جہاز ان چھپے ہوئے جزیروں اور چٹانوں سے بچتا ہوا اپنی منزل کی طرف بڑھتا رہتا ہے۔
بندرگاہ سے روانہ ہونے کے بعد پانچویں دن جبکہ ان کا جہاز کچھ جزیروں کے پاس سے گذر رہا ہوتا ہے تو طوفان آ جاتا ہے، طوفان بہت تیز ہوتا ہے۔ سمندر میں نکلی ہوئی ایک چٹان سے ٹکرا کر ان بچوں کا جہاز ٹوٹ جاتا ہے۔ تینوں بچے سمندر میں کود جاتے ہیں مگر خالد کے سر پر پتوار لگنے سے وہ بےہوش ہو جاتا ہے۔ عظیم اور عزیز دونوں اسے مل کر ساحل کی طرف کھینچتے ہیں اور خوش قسمتی سے وہ اس میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔


***
نام ناول: مونگے کے جزیرے
انگریزی ناول از: آر۔ ایم۔ بلنٹائن - R. M. Ballantyne اردو مترجم: سیدی اعجاز
ناشر: نسیم بکڈپو، لکھنؤ
تعداد صفحات: 100
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 5 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Mongey Ke Jazirey Urdu Syedi Aijaz.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

The Coral Island, a young adult literature novel by R. M. Ballantyne, Urdu translation by: Syedi Aijaz, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں