تری پورہ کے مسلمانوں کا قصور کیا ہے؟ - کالم از معصوم مرادآبادی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-10-31

تری پورہ کے مسلمانوں کا قصور کیا ہے؟ - کالم از معصوم مرادآبادی

anti-muslim-violence-flares-up-indian-state-tripura

شمال مشرقی ریاست تری پورہ میں کئی روزسے شعلے بلند ہورہے ہیں۔ یہاں وشو ہندو پریشد کے کارکنوں نے مسجدوں ، مسلمانوں کے گھروں اور کاروباری اداروں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ گزشتہ ایک عشرے کے دوران کم ازکم ایک درجن سے زائد مسجدوں میں توڑپھوڑ اور آتشزنی کی گئی ہے اور مسلمانوں کے مکانوں ، دکانوں اور کارخانوں پر جارحانہ حملے کئے گئے، جس کے نتیجے میں مسلمانوں کو خاصامالی نقصان پہنچا ہے۔
مسجدوں سے جلے ہوئے قرآنی نسخے اور حدیث کی کتابیں برآمد ہوئی ہیں۔ وشوہندو پریشد کے سینکڑوں کارکنوں نے تری پورہ کے مختلف حصوں میں ریلیاں نکال کر مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزنعرے لگائے۔ یہی وجہ ہے کہ تری پورہ کے مسلمان عدم تحفظ کے شدید احساس مبتلا ہیں۔ کئی علاقوں میں وہ اپنے مکان اور کاروباری ادارے چھوڑکر محفوظ علاقوں میں چلے گئے ہیں۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ:
"تری پورہ میں مسلمان بھائیوں پر مظالم ہورہے ہیں۔ ہندو کے نام پر تشدد برپا کرنے والے ہندو نہیں بلکہ ڈھونگی ہیں۔ "
کئی دیگر ارکان پارلیمنٹ نے بھی تری پورہ کے واقعات کے لیے آرایس ایس اور اس کی ذیلی تنظیموں کو موردالزام قرار دیا ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تشدد بنگلہ دیش میں مندروں پر ہوئے حملوں کا ردعمل مانا جا رہاہے۔ کئی جگہ وشوہندو پریشد نے جلوس نکال کر اشتعال انگیزی کی ہے اور بنگلہ دیش کے واقعات کا انتقام تری پورہ کے مسلمانوں سے لینے کی کوشش کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ تری پورہ بنگلہ دیش کی سرحد سے ملا ہوا ہے اور یہاں مسلمان اقلیت میں ہیں۔
یہاں کی بیشتر آبادی ان ہندوؤں پر مشتمل ہے جوبنگلہ دیش سے نقل مکانی کرکے یہاں آباد ہوئے ہیں۔ بنگلہ دیش میں اس ماہ کے اوائل میں درگا پوجا کے دوران ایک مندر میں قرآن کی بے حرمتی کے بعد مندروں میں توڑ پھوڑ ہوئی تھی اور ہندوؤں کے گھروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس پر ہندوستان نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بنگلہ دیش حکومت سے ہندوؤں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کہا تھا۔ جبکہ اس سے پہلے ہی بنگلہ دیش سرکار حرکت میں آگئی تھی اور اس نے تشدد میں شریک لوگوں پر پولیس فائرنگ بھی کی تھی جس کے نتیجے میں کم سے کم چار بنگلہ دیشی مسلمان ہلاک ہوگئے تھے۔ پولیس نے تشدد میں شامل لوگوں کے خلاف 72 مقدمات درج کئے تھے اور کم وبیش 700 افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔
بنگلہ دیش حکومت کے وزیرنے ہندو علاقوں میں جاکر ان کے زخموں پر مرہم رکھا تھا، لیکن تری پورہ میں مسلمانوں کے خلاف تشدد اور مسجدوں کو نشانہ بنائے جانے کے دس دن بعد بھی نہ تو ریاستی حکومت نے کوئی مذمتی بیان جاری کیا ہے اور نہ ہی مرکزی حکومت نے اس سے بازپرس کی ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ تری پورہ کے مسلمانوں کے خلاف جارحیت میں شامل کسی ایک بھی شخص کو ابھی تک گرفتار بھی نہیں کیا گیا ہے۔


سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ آخر تری پورہ کے مسلمانوں کو کس جرم کی سزا دی جارہی ہے؟اگر بنگلہ دیش میں مندروں پر حملے ہوئے ہیں تو اس کاقصوروار تری پورہ کے مسلمانوں کو کیوں ٹھہرایا جا رہا ہے؟


ہم آپ کو یاد دلادیں کے جس وقت بنگلہ دیش میں مندروں میں توڑ پھوڑ کے واقعات پرہندوستان نے اپنا ردعمل ظاہر کیا تھا تو وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے ہماری حکومت کو باخبر کیا تھا کہ وہ اپنے ہاں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم پر روک لگائے، کیونکہ اس قسم کے واقعات کا ردعمل بنگلہ دیش میں بھی ہوتا ہے۔ اس بات سے قطع نظر کہ ہندوستان کو بنگلہ دیش کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنی چاہئے تھی یا نہیں ،یہ بات اہمیت کی حامل ہے کہ شیخ حسینہ واجد نے قصورواروں کے خلاف سخت ایکشن لیا۔ پولیس فائرنگ ہوئی اور سینکڑوں ملزمان کو گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا گیا۔ بنگلہ دیش کابینہ کے ایک سینئر وزیر نے متاثرہ ہندو خاندانوں سے جاکر ملاقات کی اور ان کے زخموں پر مرہم بھی رکھا۔


اس معاملے میں مزید روشنی ڈالنے سے قبل ہم آپ کو تھوڑا پیچھے کی طرف لئے چلتے ہیں۔ آپ کو یاد ہوگاکہ گزشتہ سال کے شرو ع میں دہلی کے نارتھ ایسٹ علاقہ کے جعفرآباد علاقے میں ہوئے فرقہ وارانہ فساد میں درجنوں مسلمانوں کی جانیں گئی تھیں۔ پولیس نے سینکڑوں مسلمانوں کو ہی فساد بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا ، جو آج بھی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔ اس انتہائی ہولناک فساد کے بعد پوری دنیا نے اپنی تشویش ظاہر کی تھی۔ ترکی اور ایران جیسے مسلم ملکوں نے بھی باقاعدہ ہندوستان سے احتجاج درج کرایا تھا۔ لیکن ہماری حکومت نے ترکی اور ایران کے احتجاج کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا تھا کہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے۔ سوال یہ ہے کہ اگر ہندوستان میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر اسلامی ملکوں کا احتجاج مودی سرکار کے لیے اس کا ’اندرونی معاملہ ' ہے تو وہ پھرکس منہ سے بنگلہ دیش میں مندروں اور ہندوؤں کی املاک پرہونے والے حملوں کے خلاف بنگلہ دیش سے احتجاج درج کرا رہی ہے؟


تری پورہ میں تشدد کا شکارہونے والے عبدالمنان نے بی بی سی کو بتایا کہ:
" میری عمر 44 سال ہے،لیکن میں نے کبھی ایسے حالات نہیں دیکھے۔ اب جینا مشکل ہوگیا ہے۔ حملے سے ایک رات پہلے وشوہندو پریشد کے ارکان نے ان کے گھر پر بھگوا جھنڈا لہرایا تھا۔ عبدالمنان ایک معروف تاجر ہیں اور صوبائی اسمبلی کے ایک ممبر کے قریبی رشتے دار بھی ہیں ، لیکن وہ خود پر ہونے والے حملے کو نہیں روک پائے۔ وہ کہتے ہیں کہ جہاں ہم رہتے ہیں، وہاں مسلمانوں کے صرف پانچ دس گھر ہی ہیں۔ اگر حملے نہیں رکے تو ہمیں کسی ایسی جگہ جاکر رہنا پڑے گا، جہاں مسلمانوں کی اچھی آبادی ہو۔ "


تریپورہ میں مسلمانوں کی آبادی دس فیصد سے بھی کم ہے۔ یہاں مسلمان کسی ایک جگہ نہیں رہتے بلکہ ان کی آبادی پورے صوبے میں پھیلی ہوئی ہے۔ تعداد میں کم ہونے کی وجہ سے وہ فرقہ پرست طاقتوں کا آسان نشانہ ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پولیس وشوہندو پریشد کو شر پھیلانے سے روکنے کی بجائے ان کے ساتھ بالواسطہ تعاون کررہی ہے۔ شمالی تریپورہ کی رہنے والی تانیہ خانم کہتی ہیں کہ ہندو شدت پسند پورے صوبے میں ریلیاں کررہے ہیں اور مسلم مخالف نعرے لگارہے ہیں۔
تشدد کئی دن سے جاری ہے ، لیکن جیسے ہی مسلمانوں نے اس کی مخالفت کی، پولیس نے فوراً امتناعی احکامات نافذ کردئیے۔ تری پورہ اسٹوڈینٹس آرگنائزیشن آف انڈیا کے صدر شفیق الرحمن کا کہنا ہے کہ انھوں نے چند مسجدوں کا دورہ کیا ہے ، لیکن حالات نازک ہونے کی وجہ سے وہ ہندو اکثریتی علاقوں کی مسجدوں میں نہیں جاسکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پورے تریپورہ کے مسلمان خوفزدہ ہیں۔ انھوں نے سبھی ہندو نوجوانوں کو شدت پسند بنا دیا ہے۔ شفیق الرحمن کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب یہ لوگ مسجدوں کو جلاکر چلے جاتے ہیں، تب انتظامیہ دفعہ 144نافذ کرتا ہے۔


بی جے پی کے دور اقتدار کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں فرقہ پرست اور فسطائی عناصر کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔ مسلمانوں کے خلاف بڑی سے بڑی واردات پر بھی پولیس اور انتظامیہ حرکت میں نہیں آتا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے حوصلے آسمان کو چھو رہے ہیں۔ اس کے برعکس پڑوسی ملکوں میں اگر کہیں ہندوؤں کے خلاف کوئی واردات ہوتی ہے تو اس پر سخت ایکشن لیا جاتا ہے۔ اس کا ایک ثبوت حال ہی میں پاکستان سپریم کورٹ کے ایک فیصلے سے ملا ہے۔ جس میں خیبر پختون خوا کے کراک علاقے میں ہندو مندرکو جلانے میں شامل ملزمان سے 33 کروڑ روپے وصول کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ جرمانے کی ادائیگی کے لیے ملزمان کو ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ عدالت نے ہندوؤں کو اتنی زمین میں مندر بنانے کی اجازت دی ہے ، جتنی زمین میں وہ مندر بنانا چاہتے ہیں۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد کی قیادت میں دو ججوں کی بنچ نے دسمبر 2020 میں ہجوم کے ذریعہ ایک مندر کو منہدم کرنے کے واقعہ کا ازخود نوٹس لیا تھا۔ اس معاملے میں 123 ملزمان ہیں تو وہیں سرکار نے مندر کی تعمیر نوپر 33 کروڑروپے خرچ کئے ہیں۔ یہ رقم اب مندر مسمار کرنے والوں سے وصولی جائے گی۔


اس کے برعکس اگر آپ اپنے ملک کا جائزہ لیں تو پائیں گے کہ عدالت نے ان تمام ہی ملزمان کو باعزت بری کردیا ہے جنھوں نے 6 دسمبر 1992 کو دن کے اجالے میں بابری مسجد شہید کی تھی۔ عدالت نے ہی اس جگہ رام مندر بنانے کا فیصلہ سنایا ، جہاں زور و شور سے رام مندر کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ اس سے آپ بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کس ملک کی اقلیتیں کس حال میں ہیں۔


***
بشکریہ: معصوم مرادآبادی فیس بک ٹائم لائن
masoom.moradabadi[@]gmail.com
موبائل : 09810780563
معصوم مرادآبادی

What is the fault of Tripura Muslims? - Column: Masoom Moradabadi.
Anti-Muslim violence flares up in Indian state Tripura

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں