بچوں کا ادب اور مرتضیٰ ساحل - مرتبہ محمد مسلم غازی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-08-22

بچوں کا ادب اور مرتضیٰ ساحل - مرتبہ محمد مسلم غازی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

bachchon-ka-adab-aur-murtaza-sahil

مرتضیٰ ساحل تسلیمی (اصل نام: مرتضیٰ علی خاں) (پیدائش: 30/جون 1953 - وفات: 21/اگست 2020ء)
معروف شاعر، صحافی، ادیب اور ادبِ اطفال کے نامور قلمکار رہے ہیں جو گذشتہ سال کرونا وبا کی لہر کا شکار ہو گئے۔ ان کی پہلی برسی پر ایک ایسی یادگار کتاب "بچوں کا ادب اور مرتضیٰ ساحل" تعمیرنیوز کی جانب سے باذوق قارئین کی خدمت میں پیش ہے جو مرتضیٰ ساحل تسلیمی کے فن اور شخصیت کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کروانے میں معاون ثابت ہوگی۔ تقریباً ڈیڑھ سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 6 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

مرتبِ کتاب محمد مسلم غازی اس کتاب کے تعارفی مضمون "کہتا ہوں سچ کہ ۔۔۔" میں لکھتے ہیں ۔۔۔

مرتضیٰ ساحل تسلیمی ہمہ صفت انجمن اور تحریک کا نام ہے۔ ایک غیرجانبدار باشعور قاری اور ناقد ان کی جہد مسلسل، شب و روز کی ریاضت اور محنت و جدوجہد کا اعتراف کرنے پر مجبور ہے۔ اگر ہم یہ مانتے ہیں کہ ان کے پاس کچھ ہے، وہ بعض خداداد صلاحیتوں کے مالک ہیں اور ان کو تحریر کا قدرتی ملکہ حاصل ہے تو یہ بھی ماننا پڑے گا کہ بچوں کے ادب میں (کیونکہ یہی موضوعِ بحث ہے) میں ساحل کا مقام کسی کا عطاکردہ پیشہ ور نقاد کا نامزد کردہ نہیں ہے بلکہ انہوں نے خود بنایا ہے، اشتہار بازی سے حاصل نہیں کیا۔
بعض نام نہاد نقاد بچوں کے ادب کی تاریخ کا ذکر کرتے وقت ساحل کو بڑی ڈھٹائی کے ساتھ نظرانداز کر گئے جبکہ یہ شفیع الدین نیر، مائل خیرآبادی کے سلسلہ کی ایک مضبوط کڑی ہیں۔ ان کا سب سے بڑا امتیاز یہ ہے کہ بچوں کے ادب کو پروازِ تخیل کے بوجھل پن سے بچایا اور اصلاحی پیغامات اس خوبصورتی سے کہانیوں کے اندر پرو دئے کہ وہ براہ راست وعظ و عبادت کا رنگ اختیار نہ کر پائے۔
اس پل صراط پر بہت سے لوگ چلے، کچھ راستے میں دم توڑ گئے یا قبلہ ہی بدل دیا لیکن مرتضی ساحل تسلیمی نے شکست تسلیم نہیں کی اور نہ ہی اسے ساحل پر لنگرانداز کیا بلکہ ان کا سفر مسلسل جاری ہے۔ وہ جو لکھتے ہیں، اس میں نیا رنگ ہے۔ وہ اپنی تحریروں کے خود خالق ہیں اور اپنے منفرد رنگ کے راوی بھی۔ انہوں نے کسی بھی مقام پر خود کو دہرانے کی ہیضہ کن بیماری سے کوسوں دور رکھا ہے جس میں ہمارے آج کل کے بیشتر ادیب گرفتار ہیں۔


اس کتاب کی اشاعت کا قصد میں نے کئی سال قبل کیا تھا لیکن کافی مشکلات آئیں۔ میں بڑے احترام اور صاف گوئی سے عرض کروں گا کہ ساحل صاحب نے بھی کچھ کمی نہیں کی۔ ان کی منکسرالمزاجی اور ان کی ہمہ صفت انتہائی مصروفیت نے مجھے مایوس کیا۔ وہ تو اپنے بارے میں ایسی کتاب کی اشاعت کے لیے آمادہ تک نہیں تھے۔ دو صفحات لکھنے میں بھی انہوں نے طویل وقت لیا جبکہ اس دوران رسائل کے لیے سینکڑوں صفحات لکھے ہوں گے۔
کتاب کی تاخیر سے اشاعت کا ایک نقصان یہ بھی ہوا کہ کئی بزرگ ادیب و شاعر اس دنیا سے رخصت ہو گئے جنہوں نے اپنے احساسات سے نوازا تھا۔۔۔ آنجہانی ظفر پیامی اور کنور مہندر سنگھ بیدی سحر صاحب۔ جناب کیف بھوپالی اور جناب سراج انور مرحومین نے بھی اپنے تاثرات رقم کیے تھے۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ مرحمت فرمائے۔ آمین۔
امید ہی نہیں بلکہ یقین ہے کہ ادبی حلقوں میں اس کتاب کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بچوں کے ادب پر ریسرچ کرنے والوں کے لیے بھی غالباً ایک اہم حوالہ ثابت ہوگی۔


نوٹ: جن مشاہیر نے ساحل صاحب کے فن و شخصیت کا مختصر جائزہ لیا ہے، ان میں یہ اسمائے گرامی بھی شامل ہیں۔۔۔
مہندی سنگھ بیدی سحر، دیوان بریندرناتھ ظفر پیامی، محمد جاوید اقبال، سیدہ نسرین نقاش، مائل خیرآبادی، سید شہاب الدین، قاضی حسین احمد، مولانا سلیمان قاسمی، نعیم صدیقی، مریم جمیلہ، سید عزیز الحسن جعفری، خورشید احمد، سہیل انجم، ڈاکٹر الطاف حسین۔
اور اس کتاب میں شامل ساحل صاحب کی نگارشات کے عناوین ہیں ۔۔۔
غزل، گیت، اے میرے دلِ ناداں، پہیلیاں، بوجھو تو جانیں، حجام، بدلہ، کھوٹی اٹھنی، شمی کے کھلونے، صلہ، شکایت اور اداریے۔

مرتضیٰ ساحل تسلیمی اپنے مضمون "من آنم کہ من دانم" میں لکھتے ہیں ۔۔۔

۔۔۔ میں پورے اعتماد سے کہہ سکتا ہوں کہ بچوں کے لیے لکھنا بہت مشکل کام ہے۔ خود کو بچوں کی سطح پر لانا پڑتا ہے۔ ان کے مسائل کا تجزیہ ان کی ذہنی سطح سے کرنا پڑتا ہے۔ بچوں کی اپنی ایک دنیا ہوتی ہے، اگر قریب سے مشاہدہ کیا جائے، اگر بچوں کو پوری سنجیدگی سے پڑھا جائے تو یہ اپنے آپ میں ایک دلچسپ مشغلہ ہے۔ میں نے گزشتہ پندرہ سال میں بچوں کے لیے جو کچھ لکھا ہے وہ بچوں کے ادب کی کسی تعریف کے سانچے میں ڈھال کر نہیں لکھا ہے۔ شاید کوئی دوسرا ادیب بھی اس طرح نہیں لکھتا ہوگا۔ البتہ جو کچھ لکھا ہے اس میں یہ کوشش کی ہے کہ بچوں کے لیے دلچسپ ہو، معلوماتی ہو اور مفید بھی ہو۔ یعنی میری تحریریں پڑھ کر بچوں میں اخلاقی قدریں پیدا ہوں، وہ اچھے انسان بنیں اور برائی سے نفرت کریں۔ لیکن سب کچھ غیرمحسوس طریقے پر ہو۔


***
نام کتاب: بچوں کا ادب اور مرتضیٰ ساحل
مرتبہ: محمد مسلم غازی
ناشر: سید پبلشنگ کمپنی، نئی دہلی (سن اشاعت: 1994ء)
تعداد صفحات: 162
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 6 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Bachchon Ka Adab Aur Murtaza Sahil.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

فہرست
نمبر شمارعنوانتخلیق کارصفحہ نمبر
1کہتا ہوں سچ کہ ۔۔۔محمد مسلم غازی8
2من آنم کہ من دانممرتضیٰ ساحل تسلیمی12
3احساساتپروفیسر آل احمد سرور / پروفیسر قاضی عبدالستار14
4مرتضیٰ ساحل کا فنڈاکٹر ابن فرید15
5ساحل کے فن کو خراجِ تحسینپروفیسر ابوالکلام قاسمی17
6میری رائے ہے کہ ۔۔۔اکبر علی خاں عرشی زادہ18
7نایاب ہیرامحمد اعظم خاں20
8صالح ادیب مرتضیٰ ساحلکیف بھوپالی23
9نیک جذبوں کا ادیبوصی اقبال25
10بچوں کا شعری ادب اور مرتضیٰ ساحلعتیق جیلانی سالک33
11میرا دوست میرا بھائی - اپنے اداریوں میںتبسم نشاط50
12باتیں ان کی یادیں میریایس۔ فضیلت57
13بچوں کا شاعر اور ادیبعزیز مرادآبادی66
14نظمِ حسرت میں بھی مزا نہ رہاسراج انور75
15بچوں کے ادب کا ٹکسالانجم بہار شمسی80
16خاموش ساحلسراج الدین ندوی88
17مرتضیٰ ساحل - ایک تقابلی مطالعہفاروق علی خاں95
18ساحل تا ساحلہوش نعمانی100
19اچھا انسان اچھا ادیبمحمد اطہر مسعود خاں103
20صاف ذہن کے مالکعرفان خلیلی107
21بچوں کا منفرد ادیبسالک دھام پوری109
22بچوں کا ساحلرئیس رام پوری112
24مرتضیٰ ساحل تسلیمی : مشاہیر کی نظر میںمختلف شعرا و ادبا116
23مرتضیٰ ساحل - ایک جائزہمحمد مسلم غازی123
25نگارشاتِ ساحلمرتضیٰ ساحل تسلیمی127

Bachchon Ka Adab Aur Murtaza Sahil, introductory/research/critical Essays on Murtaza Sahil Taslimi, Compiled by: Mohammad Muslim Ghazi, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں