اینٹنی اور کلیوپٹرا از شیکسپیر - اردو ترجمہ ڈاکٹر منیب الرحمن - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-08-29

اینٹنی اور کلیوپٹرا از شیکسپیر - اردو ترجمہ ڈاکٹر منیب الرحمن - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

antony-and-cleopatra-shakespeare-urdu

ولیم شیکسپیئر (پیدائش: 26/اپریل 1564ء - وفات: 23/اپریل 1616ء)
انگریزی زبان کا غالباً ایسا واحد شاعر رہا ہے جسے دنیا میں سب سے زیادہ پڑھا گیا اور جس کے ڈراموں کے سب سے زیادہ تراجم ہوئے۔ شیکسپئر کی تخلیقات میں انسانوں کی نفسیات، محبت، ہمدردی، دشمنی، دکھ اور سکھ شامل رہے ہیں۔ اور اس کی تخلیقی عظمت کو دنیا کے تقریباً تمام عام و خاص ادیبوں و شاعروں نے تسلیم کیا۔ دنیا کی تمام لائبریریوں کا ایک خاص حصہ شیکسپئر کے نام اور کام کے لیے مخصوص رہا ہے۔ اس کے ڈراموں پر بے شمار تحقیقی و تنقیدی کتب لکھی گئیں۔ ان ڈراموں کو عمومی طور پر تین زمروں میں تقسیم کیا جاتا ہے: تاریخی، ٹریجیڈی (المیہ) اور کامیڈی (طنز و مزاح)۔ شیکسپیر کے مشہور تاریخی ڈراموں میں جولیس سیزر اور انتھونی و قلوپطرہ شامل ہیں۔
علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے ڈاکٹر منیب الرحمن نے شیکسپئر کے مشہور ڈرامے "اینٹنی اور کلیوپٹرا" کا اردو ترجمہ بی۔بی۔سی لندن کے لیے سنہ 1954ء میں کیا تھا۔ جسے بعد میں مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ نے مارچ 1979ء میں پہلی بار کتابی شکل میں شائع کیا۔
شیکسپیر کے ایک لازوال تاریخی ڈرامے کا یہ یادگار ترجمہ عالمی ادب کے تراجم کا ذوق رکھنے والے قارئین کی خدمت میں تعمیرنیوز کی جانب سے پیش ہے۔ تقریباً سوا سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 5 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔


صاحبِ کتاب ڈاکٹر منیب الرحمن کتاب کے دیباچہ کے تحت لکھتے ہیں ۔۔۔

کسی زبان کے ادب کو دوسری زبان میں اس طرح منتقل کرنا کہ اصل کی خوبیاں ترجمے میں آ جائیں، ایک دشوار عمل ہے۔ شیکسپیر کے سلسلے میں اس کا شدید احساس ہوتا ہے۔ اس کے چند خاص اسباب ہیں۔ پہلا سبب یہ کہ شیکسپیر نے شاعری کو وسیلۂ اظہار بنایا ہے اور شاعری خواہ کسی زبان کی ہو، ترجمے میں ایک حد تک اپنا تاثر کھو دیتی ہے۔ پھر سوال شیکسپیر کے مکالموں کا ہوتا ہے جن کا ترجمہ کرتے وقت اس بات کا لحاظ کرنا پڑتا ہے کہ ان کا لب و لہجہ کانوں کو اجنبی معلوم نہ ہو۔ اخیر میں سب سے بڑا مسئلہ شیکسپیر کی زبان کا ہے جس کا محاورہ ایک خاص زمانے سے تعلق رکھتے ہوئے آج کے قاری کو اگر غیر نہیں تو نامانوس ضرور محسوس ہوتا ہے۔ اس کو زمانۂ حال کے محاورے سے ہم آہنگ کرنا ترجمہ کرنے والے کی صلاحیتوں کو خاصا چیلنج ہے۔ ان تمام باتوں سے نبٹنے میں موجودہ ڈرامے کے مترجم کو کہاں تک کامیابی ہوئی ہے، اس کا فیصلہ ناظرین کریں۔
یہاں میں صرف اس کمی کی طرف اشارہ کرنا چاہتا ہوں جو اردو ادب میں شیکسپیر کے ترجمے کے سلسلے میں پائی جاتی ہے۔ یہ ایک افسوس ناک حقیقت ہے کہ ہماری زبانِ اردو میں اب تک دنیا کے اس عظیم شاعر اور ڈراما نویس کا کوئی مکمل اور مستند ایڈیشن موجود نہیں۔ کاش ایک وقت ایسا آئے کہ لوگ اس کی طرف توجہ دیں۔ اگر اس موقع پر موجودہ ترجمے سے فائدہ اٹھایا جا سکے تو میں اسے اپنی کوششوں کی تکمیل سمجھوں گا۔


***
نام کتاب: اینٹنی اور کلیوپٹرا
ڈرامہ از: ولیم شیکسپیر
اردو ترجمہ: ڈاکٹر منیب الرحمن
ناشر: مکتبہ جامعہ لمیٹیڈ، نئی دہلی (سن اشاعت: مارچ 1979ء)
تعداد صفحات: 138
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 5 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Antony And Cleopatra Shakespeare Urdu.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Antony And Cleopatra by Shakespeare, Urdu Translation: Dr. Munibur Rahman, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں