ہندوستانی فلم انڈسٹری کی فراموش کردہ اداکارائیں : قسط-2 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-07-10

ہندوستانی فلم انڈسٹری کی فراموش کردہ اداکارائیں : قسط-2

indian-film-industry-forgotten-actresses-2

معروف و مقبول فلمی و نیم ادبی جریدہ "شمع" (نئی دہلی) نے اپنی اشاعت کے پچاسویں سال (گولڈن جوبلی) کی شروعات کی خوشی میں اس وقت کی پچھتر سالہ ہندوستانی فلم انڈسٹری پر اپنا ایک خصوصی شمارہ بعنوان "فلم اور ٹی۔وی نمبر 1988ء" شائع کیا تھا۔ اس نمبر کو اس اعتبار سے دستاویزی حیثیت حاصل رہی کہ اس میں حال کے ہنگاموں سے زیادہ بیتے دنوں کی رونقوں اور محفلوں کا جائزہ پیش کیا گیا۔ جس کے تحت تقریباً بیس (20) ایسی اداکاراؤں کا مختصر تعارف پیش کیا گیا جنہوں نے ہندوستانی فلموں کے شروعاتی دور میں اپنے فن کا لوہا منوایا تھا۔ ان میں سے چند کا ذکر پہلی قسط میں یہاں کیا جا چکا ہے۔ اب دوسری قسط کے ذریعے مابقی اداکاراؤں کا تعارف ذیل میں پیش کیا جا رہا ہے۔
نوٹ: چند اداکاراؤں سے متعلق تازہ اپ-ڈیٹ تعمیرنیوز نے انٹرنیٹ سے حاصل کی ہے۔

سردار اختر
sardar-akhtar

جنوری 1915ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں۔ پورنیما، دھرم کی دیوی، پریتما، سماج، آسرا، نئی روشنی، گھر سنسار، ماسٹرجی تو مشہور فلمیں ہیں ہی مگر آج کے لوگ انہیں سہراب مودی کی فلم "پکار" اور محبوب خاں کی فلم "عورت" کی وجہ سے جانتے ہیں۔ محبوب خاں سے شادی کی، اولاد کوئی نہیں ہوئی۔ 20/جولائی 1984ء کو انتقال ہوا۔


دیویکا رانی
devika-rani

بمبئی ٹاکیز اسٹوڈیو کے مالک ہمنسو رائے کی بیوی تھیں، مگر اپنے زمانے میں ان کے حسن و عشق کے بہت چرچے تھے۔ اشوک کمار کی پہلی ہیروئین رہیں۔ ہمنسو رائے کے 1941ء میں انتقال کے بعد 1945 میں روسی آرٹسٹ ریورچ سے شادی کی جو 1993ء تک قائم رہی۔ 1969ء میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ پانے والی یہ اداکارہ مارچ 1994ء میں بعمر 85 برس بنگلور میں انتقال کر گئیں۔


خورشید
khursheed

1914ء میں شکارپور، سندھ میں پیدا ہوئیں۔ پہلی بار فلم "لیلی مجنوں (1931)" میں آئیں جبکہ فلم "مرزا صاحباں (1935)" سے مشہور ہوئیں۔ پھر مراد، سورگ کی سیڑھی، چراغِ حسن، اعلان جنگ، دلاور، دیکھا جائے گا، کون کسی کا، ستارہ، ہولی، مسافر، پردیسی، شادی، چاندنی، سورداس، پٹولا، بیٹی، تان سین وغیرہ مشہور فلمیں ہیں۔ اپریل 2001 میں بعمر 87 برس کراچی میں انتقال کر گئیں۔


ریحانہ
rehana

اصلی نام مشطر جہاں ہے۔ 20/ مارچ 1934ء کو لکھنؤ میں پیدا ہوئیں۔ فلموں میں آنا ایک قیامت سے کم نہ تھا۔ ریحانہ کا نام فلم کی کامیابی کی ضمانت تھا۔ راج کمار، راج کپور کی ہیروئین رہی ہیں۔ سرگرم، کھڑکی، سن شناکی ببلابو۔۔۔ ان کی مشہور ترین فلمیں ہیں۔ 1947ء کی فلم "شہنائی" میں ان کا گانا "آنا میری جان سنڈے کے سنڈے" بےحد مقبول ہوا۔ 1956ء میں وہ پاکستان منتقل ہوئیں جہاں ان کی صرف دو فلموں نے کامیابی حاصل کیں: رات کے راہی (1960) اور اولاد (1962)۔ 23/اپریل 2013 کو تقریباً 80 برس کی عمر میں وہ پاکستان میں انتقال کر گئیں۔


لیلا ڈیسائی
leela-desai

نیوارک (نیوجرسی، امریکہ) میں اس وقت پیدا ہوئیں جب ان کے والدین امریکہ کے تین سالہ سیاحتی دورہ پر تھے۔ والد گجراتی اور ماں بہاری تھیں۔ پریذیڈنٹ، دشمن، نرتکی، کپال کنڈلا اور تمنا قابل ذکر فلمیں تھیں۔ سہگل، نجم الحسن، پہاڑی سانیال اور جےراج کی ہیروئین رہیں۔ فروری 1989ء میں انتقال کر گئیں۔


پرمیلا
prameela

اس یہودی نسل اداکارہ کا خاندانی نام ایستھر وکٹوریہ ابراہم ہے۔ 30/دسمبر 1916ء کلکتہ کی پیدائش ہے اور وفات ممبئی میں 6/اگست 2006ء کو ہوئی۔ اسکول کی معلمہ کی حیثیت سے زندگی کا سفر شروع کیا مگر 1936ء میں خاں بہادر آردشیر ایرانی انہیں فلموں میں لے آئے۔ پرمیلا اپنے وقت کی حسین ترین اداکارہ تھیں جن کا نام کامیابی کی ضمانت تھا۔ سانگ آف لائف، میرے لال، سرلا، مدر انڈیا (1938ء)، شہزادی کنچن، بسنت، جھنکار، سہیلی، بڑے نواب صاحب کامیاب فلمیں تھیں۔ اداکار کمار سے ان کی شادی ہوئی۔ پرمیلا کے فرزند فلم اور ٹی۔وی کے اداکار اور پلےرائٹر حیدر علی ہیں جنہوں نے فلم "جودھا اکبر (2008)" کی کہانی لکھی تھی اور 1986 کے مشہور ٹی۔وی سیرئیل "نکڑ" میں راجہ کا کردار نبھایا تھا۔


نرملا
nirmala

26/جنوری 1928ء کو بنارس کے ایک صراف خاندان میں پیدا ہوئیں اور ممبئی میں 15/جون 1996 کو انتقال کر گئیں۔ 1942ء میں ہدایت کار و فلمساز کے۔ بی۔ لال کے ذریعہ فلمی دنیا میں آئیں۔ شادی اور سویرا مشہور ترین فلمیں ہیں۔ بیشتر فلموں میں اداکار ارون کی ہیروئین بنیں اور ان ہی سے شادی کر لی۔ بالی ووڈ کے موجودہ اداکار گووندا کی ماں ہیں۔ ٹھمری، غزل، بھجن خوب گاتی ہیں۔


شمیم
shameem-bano

اصلی نام شمیم بانو بیگم ہے۔ 1920ء میں لاہور میں پیدا ہوئیں اور 1984ء میں لاہور میں ہی وفات پائی۔ ابتدا شوقیہ طور پر ہوئی اور پھر باقاعدہ اداکاری شروع کر دی۔ دلیپ کمار کی پہلی فلم جوار بھاٹا (1944ء) کی ہیروئین کے طور پر مشہور ہوئیں۔ پرتھوی راج کپور، موتی لال، ایشور لال، جال مرچنٹ، کشور ساہو کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔ چھوٹی بہن نسیم بھی فلموں میں آئی مگر اسے کامیابی نہ ملی۔ ایماندار، باغی، میجک سٹی، کنیادان، ڈھنڈورا، ٹرسٹ یور وائف، ارمان، گوری، فریاد، بانسری، کالی داس اور سیندور مشہور فلمیں ہیں۔


مادھوری
madhuri

بولتی فلموں کے ابتدائی دور کی ہیروئینوں میں مادھوری کا بہت بڑا نام ہے۔ وہ اینگلو انڈین تھیں اور اصل نام بیرل کلیسن (Beryl Claessen) تھا۔ نینی تال میں 1913ء میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کی کامیابی اور مقبولیت ان کی خوبصورتی کی مرہون منت تھیں۔ رنجیت اسٹوڈیو سے وابستہ تھیں اور 850 روپے ماہوار تنخواہ تھی۔ طوفان میل، نادرہ، نور وطن، کشمیرا، شادی، پاگل مشہور ترین فلمیں ہیں۔ ان کی بولتی فلموں میں پردیسی پریتم (1933) شامل ہے۔


نینا
neena

اصلی نام شاہدہ مگر فلموں میں نینا کے نام سے آئیں اور کہلائیں پراسرار نینا۔ لکھنؤ کے سٹی مجسٹریٹ کی لڑکی تھیں۔ اپنے شوہر محسن عبداللہ کی ایما پر شالیمار پکچرز پونا کی فلم "ایک رات" کے ذریعہ فلموں میں آئیں، فلم کے ہیرو پرتھوی راج کپور تھے۔ ایک رات، من کی جیت، پریم سنگیت، پرتھوی راج سنجوگتا، میرابائی میں کام کیا۔ پاکستان منتقل ہونے کے بعد بھی وہاں کی کچھ فلموں میں کام کیا۔ بعد میں فلم 'ایک رات' کے ہدایت کار اور شالیمار پکچرز کے مالک ڈبلیو زیڈ احمد سے شادی کر لی۔ اپریل 1990ء میں کراچی میں انتقال کر گئیں۔


پرتیما داس گپتا
protimadas-gupta

5/ستمبر 1921 کی پیدائش اور 1938ء میں فلموں میں آئیں۔ گورا، کورٹ ڈانسر اور کنوارا باپ مشہور فلمیں ہیں۔ بعد میں خود پروڈیوسر اور ڈائرکٹر بھی بنیں۔


کلیانی
kalyani

اصلی نام زرینہ، 1919ء میں دہلی میں پیدا ہوئیں۔ 1930ء میں نیو تھیٹرز میں شامل ہوئیں۔ اس کے بعد سن رائز، موہن پکچرز، ساگر، بھارت پکچرز اور رادھیکا پکچرز کی بہت سی کامیاب فلموں میں کام کیا۔ مکتی، پریزیڈنٹ، ناتھ آشرم، ودیاپتی، غازی صلاح الدین، مرزا صاحباں، پیارا وطن، گھر سنسار، سہاگن، جوانی کی پکار، ہولی، ندی کنارے، آج کا ہندوستان، کنیا دان، نرالی دنیا، پربھات، گھر کی لاج۔۔ ان کی کامیاب فلمیں ہیں۔



***
ماخوذ: ماہنامہ "شمع" دہلی۔ (جنوری-1988) ، فلم اور ٹی۔وی نمبر۔

Forgotten Actresses of Indian Film Industry, part-2.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں