جاپان کا ایک خوبصورت ریلوے اسٹیشن - داخلہ اور واپسی پھاٹک کے بغیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-06-14

جاپان کا ایک خوبصورت ریلوے اسٹیشن - داخلہ اور واپسی پھاٹک کے بغیر

seiryu-miharashi-eki-railway-station-japan 1

کیا آپ نے ایسے کسی ریلوے اسٹیشن کا نام سنا ہے، جہاں نہ تو داخلی دروازہ ہے اور نہ ہی کوئی خارجی پھاٹک۔ دیگر معنی میں اس اسٹیشن تک صرف ٹرین کے ذریعے ہی پہنچا جا سکتا ہے اور صرف ٹرین کے ذریعے واپسی بھی ممکن ہے۔ یہاں نہ کوئی ٹکٹ کھڑکی ہے اور نہ استفسار کے شعبہ کا کوئی کمرہ۔
مگر یاد رہے کہ یہ اسٹیشن ہندوستان یا پاکستان میں نہیں بلکہ جاپان میں ہے۔


مارچ 2019ء میں کھولا گیا جاپان کا سریو مہارشی ایکی دنیا کا ایسا ہی ایک انوکھا ریلوے اسٹیشن ہے۔ اس کی تعمیری لاگت 112 ملین جاپانی کرنسی (تقریباً ساڑھے سات کروڑ ہندوستانی روپے) بتائی جاتی ہے۔ یہ جاپان کے علاقہ یماگوچی پریفکچر [Yamaguchi Prefecture] میں ناگوا [Naguwa] اور نیکاسا [Nekasa] اسٹیشنوں کے درمیان واقع ہے۔ اس اسٹیشن تک رسائی صرف ٹرین ہی کے ذریعے ممکن ہے کیونکہ اس اسٹیشن تک جانے کے لیے نہ کوئی سڑک ہے اور نہ کوئی فٹ پاتھ۔ یہ دریائے نشکی [Nishiki River] کے کنارے بطور پلیٹ فارم اس لیے تعمیر کیا گیا ہے کہ زائرین اس دریا اور آس پاس کے حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوں۔

seiryu-miharashi-eki-railway-station-japan 2

جاپانی الفاظ 'سریو مہارشی ایکی' کا ترجمہ کچھ یوں بنتا ہے کہ ایسا اسٹیشن جہاں سے جھرنے کو صاف دیکھا جا سکے۔ اور یہاں صرف ٹرین کے ذریعے ہی پہنچا جا سکتا ہے۔ پھر اسٹیشن کی تعمیر ہی کچھ اس طرح کی گئی ہے کہ یہاں زائرین ٹرین کے ذریعے پہنچیں، ماحول کے حسین مناظر سے لطف اٹھائیں اور واپسی کی ٹرین سے رخصت ہو جائیں۔


موسم بہار اور قدرتی ہریالی کے حوالے سے جاپان کے لوگ اس مقام کو نہایت پسندیدہ قرار دیتے ہیں۔ اس رستے سے روزانہ ایک ہی ریلوے لائن سے تقریباً دس ٹرینیں گزرتی ہیں ، جن میں سے چار ٹرینیں گلابی ، سبز ، نیلے اور پیلے رنگ کی ہوتی ہیں۔ موسم بہار میں آبشاروں ، پہاڑوں اور پھولوں کی خوبصورتی کا نظارہ کرنے کے لئے سیاح اس راستے سے سفر کرتے ہیں۔

seiryu-miharashi-eki-railway-station-japan 3

میڈیا رپورٹس کے مطابق ، یہ اسٹیشن سال میں صرف ایک بار 17/مارچ کو کھولا جاتا ہے۔ اس اسٹیشن کے آس پاس کی سات فیصد اراضی کو حکومت نے نو سال قبل 2012ء میں قدرتی پارک کے طور پر محفوظ کیے جانے کا اعلان کیا تھا۔ یہاں آنے والا ہر سیاح فطرت کے خوبصورت نظاروں کو اپنے کیمرے میں قید کرنے کا آرزومند ہوتا ہے۔

***
ہندی نیوز اسٹوری کا اردو ترجمہ: مکرم نیاز

Incredible Railway Station in the world.
Beautiful Seiryu Miharashi Eki railway Station in Japan myths and facts.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں