انشائے حق - مضامین از افضل العلما ڈاکٹر عبدالحق - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-06-20

انشائے حق - مضامین از افضل العلما ڈاکٹر عبدالحق - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

insha-e-haq-by-dr-abdul-haq

افضل العلما ڈاکٹر عبدالحق (پیدائش: 1900ء - وفات: 14/مارچ 1958ء)
بابائے اردو مولوی عبدالحق کے پراعتماد دوستوں میں شمار ہوتے تھے۔ بابائے اردو نے اپنے ہمنام دوست کو جو خطوط تحریر کیے تھے، ان خطوط کا مجموعہ (عبدالحق کے خطوط عبدالحق کے نام) کتابی شکل میں شائع ہو چکا ہے۔
افضل العلما ڈاکٹر عبدالحق کے نام سے جنوبی ہند کی نئی یونیورسٹی (بمقام کرنول، آندھرا پردیش) موسوم ہے۔ ڈاکٹر صاحب کے چند اہم مضامین کو اکٹھا کر کے ان کے فرزند انوار الحق اور دختر ہاجرہ حق نے کتابی شکل میں سن 1982ء میں شائع کیا تھا۔
تیرہ (13) اہم مضامین پر مشتمل یہی کتاب "انشائے حق" تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً ڈیڑھ سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 8 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔


ڈاکٹر عبدالحق کے فرزند انوار الحق، اس کتاب میں "حرفِ آغاز" کے طور پر لکھتے ہیں ۔۔۔

۔۔۔ میں نے والد مرحوم کے مضامین کو، جو مختلف رسائل اور درسی کتابوں میں منتشر تھے، اکٹھا کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ان مضامین کو "انشائے حق" کے عنوان سے پیش کرتے ہوئے مجھے جو خوشی محسوس ہو رہی ہے اس کا احاطہ الفاظ نہیں کر سکتے۔ مجھے ان مضامین کی اہمیت اور افادیت کے تعلق سے کچھ کہنا نہیں ہے کیوں کہ یہ مضامین نہ صرف ارباب نقد و نظر سے داد و تحسین حاصل کر چکے ہیں بلکہ عرصہ دراز سے مدراس اور آندھرا کے ہائی اسکولوں اور کالجوں کے نصاب میں داخل ہونے کی وجہ سے آج بھی اردو طلبا کے لیے سرچشمۂ فیضان ہیں۔ البتہ قارئین سے اس قدر گذارش ضرور کروں گا کہ وہ دوران مطالعہ ایک بات خاص طور سے ذہن میں رکھیں کہ یہ مضامین اور خطوط آج سے تقریباً نصف صدی قبل لکھے گئے تھے۔ (نوٹ: سن 2021ء سے تقریباً 90 سال قبل)۔
ان مضامین میں والد مرحوم نے جن خیالات کا اظہار کیا ہے وہ اس وقت کے اعتبار سے بالکل درست تھے۔ پچاس سال کے طویل عرصے کے بعد انہیں دورِ حاضر کی کسوٹی پر پرکھنا یقیناً مصنف کے ساتھ زیادتی ہوگی۔
آخر میں ایک بات اور عرض کر دوں کہ یہ مضامین والد مرحوم کے قلمی مسودوں سے نہیں بلکہ مختلف رسائل اور نصابی کتب سے نقل کیے گئے ہیں۔ اس لیے اگر کوئی فروگذاشت رہ گئی ہو تو اس کی ذمہ داری مصنف پر نہیں بلکہ نقل نویسوں پر عائد ہوتی ہے۔
- انوار الحق

ڈاکٹر عبدالحق کی دختر ہاجرہ حق، اس کتاب کے مقدمہ میں لکھتی ہیں ۔۔۔

۔۔۔ والد مرحوم کے بیشتر مضامین "انشائے حق" کے نام سے پیش نظر کتاب میں جمع کر دئے گئے ہیں۔ اس ادبی گلدستہ میں رنگ برنگ کے جو پھول کھلے ہیں ان کی خوشبو اور مہک سے ناظرین کے قلب و دماغ معطر ہونے کی قوی امید ہے۔
"انشائے حق" کے مضامین کی زبان سادہ اور دلنشین ہونے کے علاوہ شستہ اور فصیح بھی ہے۔ یہ مضامین علمی اور تحقیقی اعتبار سے مصنف کی غائر فکر اور وسیع مطالعے کے غماز ہیں۔ بعض مضامین جنوبی ہند کی چند نامور شخصیتوں کی سوانح نگاری پر مشتمل ہیں۔ ان قلمی تصویروں میں مصنف نے ایک کہنہ مشق مصور کی طرح رنگ آمیزی کی ہے اور ہر رنگ نظر کو دعوتِ نظارگی دینے میں کامیاب نظر آتا ہے۔
اس کے علاوہ مصنف کے طرز نگارش کی بدولت پڑھنے والے کے دل و دماغ پر ان ہستیوں کی سیرت اور کردار کے ایسے نقوش مرتسم ہوتے ہیں جن کی بدولت وہ محسوس کرنے لگتا ہے کہ یہ صفحۂ قرطاس کے کردار نہیں بلکہ جیتے جاگتے آنکھوں کے سامنے چلتے پھرتے پیکر ہیں۔
نیز سوانح حیات کے پس منظر میں مصنف نے اس زمانے کے اہم تاریخی واقعات، تحریکیں اور ہمعصروں کا جس انداز سے جائزہ لیا ہے وہ آپ اپنی مثال ہے۔ اگر یہ سلسلہ جاری رہتا تو جنوبی ہند کی دیگر اہم شخصیتوں کے کارنامے اور اس زمانے کی گرانقدر معلومات محفوظ ہو سکتی تھیں لیکن مصنف کی بےوقت موت کی وجہ ع
آں قدح بشکست و آں ساقی نماند
"انشائے حق" کے چند مضامین مصنف کی شگفتہ مزاجی اور زندہ دلی کے آئینہ دار ہیں خصوصاً "پاگل خانے کی سیر"، "میرے ایک عنایت فرما" اور "نام" ایسے مضامین ہیں جنہیں بجا طور پر طنز و مزاح کے شہ پاروں میں شمار کیا جا سکتا ہے۔ طنز و مزاح کے حسین امتزاج کے ساتھ الفاظ کا انتخاب، جملوں کی ترکیب اور دلچسپ طرز بیان نے ان مضامین کو جو شگفتگی عطا کی ہے وہ پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے ۔۔۔
کچھ افضل العلماء ڈاکٹر عبدالحق کے بارے میں - مضمون از محمود سلیم
امجد حیدرآبادی - مضمون از ڈاکٹر عبدالحق
جدید سائنسی اور تیکنیکی تعلیم - ڈاکٹر عبدالحق اردو یونیورسٹی کرنول میں دو روزہ ورکشاپ

***
نام کتاب: انشائے حق (افضل العلما ڈاکٹر عبدالحق کے مضامین)
مرتب: انوار الحق
طباعت: عثمانیہ کالج، کرنول، آندھرا پردیش (سن اشاعت: 1982ء)
تعداد صفحات: 162
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 8 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Insha-e-Haq, Essays by Dr. Abdul Haq.pdf

Direct Download link:

GoogleDrive Download link:

فہرست
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
الفحرفِ آغاز (از انوارالحق، فرزند ڈاکٹر عبدالحق)5
بمقدمہ (ہاجرہ حق، دختر ڈاکٹر عبدالحق)7
1مولانا عبدالسبحان مرحوم9
2حاجی جمال محمد مرحوم24
3سر رچرڈ برن سے میری ملاقات37
4نظم اردو کی مجمل تاریخ40
5مدراس میں اردو صحافت48
6ملیبار اور ماپلہ مسلمان69
7جامع عمر بن العاص93
8پامپی آئی97
9سفر و سیاحت112
10پاگل خانے کی سیر116
11میرے ایک قدیم عنایت فرما138
12نام147
13خطوط157


Insha-e-Haq (Essays), by: Dr. Abdul Haq Kurnooli, urdu pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں