اقبال : جہانِ نو کی تلاش میں - مضامین از ڈاکٹر یوسف اعظمی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2021-02-27

اقبال : جہانِ نو کی تلاش میں - مضامین از ڈاکٹر یوسف اعظمی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

iqbal-jahan-e-nau-ki-talash-mein-yusuf-azmi
ڈاکٹر یوسف اعظمی (پیدائش: 4/اگست 1944 ، وفات: 26/فروری 2021)
اردو اور انگریزی کے استاذ، ناقد، شاعر اور معروف ماہر اقبالیات رہے ہیں، جن کا انتقال بعمر 76 سال بروز جمعہ 26/فروری/2021 کو حیدرآباد میں ہوا۔ ان کے تین شعری مجموعے: آسمان کا پیرہن (1986)، شہرِ صبا (2003)، پرندوں کے سائبان (2015) کے علاوہ اقبالیات پر ان کے نو (9) اہم مضامین کی کتاب (اقبال : جہانِ نو کی تلاش میں) منظرعام پر آ چکی ہے۔
پروفیسر یوسف اعظمی کو خراج عقیدت کے بطور، تعمیرنیوز کے ذریعے اقبالیات پر انکے پرفکر اور مفید مقالات کا یہ مجموعہ پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً ڈیڑھ سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 5 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

ڈاکٹر یوسف اعظمی وائس پرنسپل کی حیثیت سے شاذ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (ملحقہ جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی) میں برسرکار رہے۔ اس سے قبل وہ سابق صدر شعبۂ انگریزی اور چئرمین بورڈ آف اسٹڈیز انوارالعلوم کالج اور عثمانیہ یونیورسٹی میں بھی مختلف عہدوں پر فائز رہے ونیز ایسٹ ویسٹ یونیورسٹی (امریکہ) میں بھی انہوں نے خدمات انجام دیں۔ ہندوستان اور امریکہ کے کئی تعلیمی، تہذیبی اور ادبی اداروں کے قیام میں ان کا اساسی رول رہا۔ دنیا کے مختلف ممالک میں بین الاقوامی سمینار، سمپوزیم اور کانفرنس میں انہوں نے شرکت کی اور کئی جامعات میں انہیں توسیعی لکچرس دینے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ تعلیم و تحقیق کے علاوہ صحافتی میدان سے بھی ان کی وابستگی رہی۔ امریکہ میں انڈین رپورٹر اینڈ ورلڈ نیوز کی ادارت کے علاوہ الہند-العرب کے مدیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دی ہیں۔ اقبال اکیڈیمی (حیدرآباد) کی مجلس مشاورت میں ایک طویل عرصہ تک وہ شامل رہے۔
حیدرآباد اور دنیا کے مختلف شہروں میں 'اقبال شناسی' ک سلسلے میں ان کے توسیعی لکچرس نے اقبال فہمی کو ایک نئی جہت عطا کی ہے۔ ادب کے علاوہ سماجیات، عمرانیات اور مذہب پر ان کے عمیق مطالعہ نے اس فکر و نظر کو جلا بخشی ہے جس کی عکاسی ان کی شعری تخلیقات میں بھی ملتی ہیں۔ انہوں نے انگریزی کے شہرۂ آفاق شاعر ایلیٹ اور اقبال کے تقابلی مطالعہ پر تحقیقی کام کیا ہے۔
یوسف اعظمی کی شعری اور نثری تخلیقات، برصغیر کے اہم ادبی رسائل اور اخبارات کے علاوہ برطانیہ اور امریکہ میں بھی شائع ہوتی رہی ہیں۔ بی۔بی۔سی لندن، وائس آف امریکہ ورلڈ سروس اور ہندوستان میں دوردرشن، آل انڈیا ریڈیو کے علاوہ دنیا کے مختلف نشری اداروں نے ان کے کلام کو پیش کیا اور ان کے انٹرویوز نشر کیے۔ مختلف زبانوں میں ان کی شاعری کے تراجم بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے تخلیقی اور تحقیقی کام پر کئی ایوارڈس بھی حاصل کیے ہیں۔

یوسف اعظمی کے فن اور شخصیت پر مشاہیر کی آراء
گوپی چند نارنگ: آج کے انسان کا فکری بحران یوسف اعظمی کے فکر و فن سے نمایاں ہے۔

شمس الرحمن فاروقی: یوسف اعظمی کا دل مشرقی اور آنکھ مغربی ہے۔ اس نادر امتزاج نے ان کی اکثر نظموں کو ایسی تازگی عطا کی ہے جو غیرمعمولی پیکروں اور مشاہدے کے نئے زاویوں کی وجہ سے ہماری جدید شاعری میں ایک امتیازی مقام رکھتی ہے۔

حسن عسکری: یوسف اعظمی کی شاعری میں ادبی اور مذہبی محرکات کا ایسا جدید اظہار موجود ہے جو اپنے لہجے کی وضاحت اور احساس کی گہرائی کی وجہ سے مخاطب کے شعور کو بیدار کرتا ہے اور اس کی ماورائی جہت کا تعین بھی۔

شاذ تمکنت: بہ باطن شاعر ۔۔۔ ادب و شعر کا مطالعہ عبادت کی طرح کرتے ہیں۔ جدیدیت کے حامیوں میں ہیں، لیکن اس کے باوجود بےجا تائید میں نومسلموں کا جوش نہیں دکھاتے۔

مغنی تبسم: غزل کی گرم بازاری کے اس دور میں جن شعرا نے نظم کی آبرو بچائے رکھی ہے ان میں یوسف اعظمی بھی شامل ہیں۔ ان کی نظموں کا پیرایہ اظہار، حلقۂ ارباب ذوق کے شعرا کی یاد دلاتا ہے۔ دوسری نمایاں خصوصیت پیکر تراشی ہے جس میں وصف (Epithet) اور توصیفی و تشبیہی مرکبات کے ذریعہ وہ نظم کے بنیادی تجربے کو متحرک منظر کی صورت میں محسوس و مشہود بنا دیتے ہیں۔ یوسف اعظمی نے اردو کی مروجہ آزاد نظم میں ایک سے زیادہ بحریں استعمال کرتے ہوئے اور کہیں رکن کی تبدیلی کے ذریعہ آہنگ کے نئے اور کامیاب تجربے کیے ہیں۔

***
نام کتاب: اقبال : جہانِ نو کی تلاش میں (اقبالیات پر مضامین)
مصنف: ڈاکٹر یوسف اعظمی ، ناشر: اقبال اکیڈیمی حیدرآباد۔ سن اشاعت: 2005ء
تعداد صفحات: 145
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 5 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Iqbal Jahan E Nau Ki Talash Mein by Yusuf Azmi.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

فہرست مضامین
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
1مطالعہ اقبال - پس منظر اور پیش منظر7
2اقبال کی شاعری کے ادبی اور فکری سرچشمے15
3اقبال کی غزل میں روایت اور انحراف29
4بیسویں صدی کے تاریخ ساز معاصرین - اقبال اور ایلیٹ 45
5اقبال کا تصور انسان63
6مذہبی فکر - خطبات کے آئینے میں81
7نوجوانوں کا رول اقبال کی نظر میں99
8فلسفہ حیات - شاعری کے حوالے سے107
9اکیسویں صدی میں شاعر مشرق کی معنویت121

Iqbal - jahan e nau ki talash mein, By Yusuf Azmi, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں