سر سید ہال ریویو - اولڈ بوائز نمبر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-10-17

سر سید ہال ریویو - اولڈ بوائز نمبر - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

sir-syed-hall-review-old-boys-number
سرسید ہال ریویو - علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا کا مجلہ رہا ہے۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے یوم تاسیس (1875ء) کی صد سالہ تقریب کے موقع پر سرسید ہال (یونیورسٹی کا ہاسٹل) کے طلبا نے اس مجلہ 'سرسید ہال ریویو' کا ایک خصوصی نمبر شائع کیا تھا جس میں سرسید ہال کے اولڈ بوائز (قدیم طلبا) کی اقامتی زندگی سے متعلق تجربات و تاثرات پر مشتمل مضامین شائع کیے گئے۔ تاکہ اس ہال کے طلبا اپنے پیشرؤں اور بزرگوں کے تجربات سے اپنے ماضی کا صحیح عرفان حاصل کریں بلکہ یہ تجربات ان کے مستقبل کے لیے نشانِ راہ بھی ثابت ہوں۔
سرسید کے 203 ویں یومِ پیدائش پر یہ اہم اور دلچسپ کتاب باذوق قارئین اور اے۔ایم۔یو کے فارغ التحصیل طلبا کے لیے تعمیرنیوز کی جانب سے پی۔ڈی۔ایف فائل شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً تین سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 16 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔
اس خصوصی شمارے کے اداریے سے منتخب اقتباسات ذیل میں ملاحظہ فرمائیں ۔۔۔
۔۔۔ یہ تعلیمی ادارہ 24/مئی 1875ء کو علی گڑھ میں قائم ہوا۔ اس کی ابتدا ایک چھوٹے سے مدرسہ کی شکل میں ہوئی جس کی سب سے اعلیٰ جماعت نویں تھی اور جس میں کل طلبا کی تعداد پچاس سے کچھ زیادہ تھی۔ 1875ء کے ماہ نومبر میں اس مدرسہ میں ایک بورڈنگ ہاؤس بھی قائم ہوا جو کہا جاتا ہے کہ ہندوستان میں اپنی نوعیت کا واحد بورڈنگ ہاؤس تھا۔ اس کی نگرانی کے فرائض پہلے مولوی ابوالحسن اور مولوی محمد اکبر نے انجام دئے۔ یہ بورڈنگ ترقی کرتے کرتے 1901ء میں سرسید ہال کہلایا اور اس کے پہلے پرووسٹ (Provost) انگریزی کے سینئر پروفیسر ایل پٹنگ مقرر ہوئے۔ تاریخی حیثیت سے ہمارا ہال یونیورسٹی کا سب سے قدیم ہال ہے۔ اور اس دانش گاہ میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ یہاں کے رہنے والوں نے اپنے علمی ذوق، رواداری، باہمی اخوت، رہن سہن، کھیل کود اور دوسرے تفریحی مشاغل کا ایک اعلیٰ معیار قائم کیا جس سے ایک ایسا اجتماعی ذہن وجود میں آیا جس نے ہماری قومی اور تہذیبی زندگی کے گوناگوں مسائل کو نئے تقاضوں کی روشنی میں دیکھنے کی کوشش کی اور اس طرح ایک نئے ہندوستان کے طلوع ہونے کی بشارت دی۔
یہ خصوصی شمارہ مدرسۃ العلوم کے یوم تاسیس کی صد سالہ تقریب کے موقع پر ہمارے ہال کے طلبا کا نذرانہ ہے۔ اس خصوصی نمبر میں سرسید ہال کے اقامتی زندگی کی تقریباً ایک صدی کی تہذیبی تاریخ کی مرقع کشی ہے۔ اس کے قلمی معاونین میں ایسے نامور اور مقتدر نئی اور پرانی نسل کے اربابِ فکر شامل ہیں جن پر کوئی بھی رسالہ بجا طور پر فخر کر سکتا ہے۔
جن میں ۔۔۔۔ مولوی میاں محمد امین، سید طفیل احمد، خواجہ عبدالعلی، میر ولایت حسین، بانی ویمنس کالج ڈاکٹر شیخ محمد عبداللہ، سر رضا علی، عبدالمجید قریشی، حکیم احمد شجاع، ڈاکٹر ذاکر حسین۔۔۔ کے علاوہ برصغیر کے ممتاز اہل قلم و دانشوران پروفیسر رشید احمد صدیقی، پروفیسر آل احمد سرور، پروفیسر مختار الدین احمد، عدیل عباسی، محمد شفیع قریشی، خواجہ مسعود علی ذوقی، ارشد مسعود، حبیب احمد صدیقی اور سید وقار حسین شامل ہیں۔

***
نام کتاب: سرسید ہال ریویو (اولڈ بوائز نمبر)
بیادگار صد سالہ تقریبات علی گڑھ مسلم یونیورسٹی
تعداد صفحات: 308
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 16 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Sir Syed Hall Review Old Boys Number.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:


Sir Syed Hall Review Old Boys Number, Urdu Essays by AMU Magazine, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں