غالب اور ہماری تحریک آزادی - از شمیم طارق - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-08-15

غالب اور ہماری تحریک آزادی - از شمیم طارق - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

ghalib-aur-hamari-tahreek-e-azadi


شمیم طارق (پیدائش: 8/اگست 1952)
ایک ایسے ذہین، باشعور اور باصلاحیت شاعر، صحافی، محقق اور نقاد ہیں جنہیں اردو زبان پر بہت اچھی قدرت حاصل ہے اور ان کا اسلوبِ نگارش منفرد ہے۔ اردو ٹائمز، ہمعصر اور اردو بلٹز کے وہ نائب مدیر رہے اور ہندوستان کے ممتاز رسائل و اخبارات میں ان کے مضامین تسلسل سے شائع ہوتے رہے ہیں۔ شمیم طارق کی تاریخِ ہند پر گہری نظر کا ثبوت غالبیات کے موضوع پر زیرنظر کتاب ہے جس میں عہد غالب کے سماجی، اقتصادی اور مذہبی حالات کا عالمانہ جائزہ لیا گیا ہے ونیز اس عہد کی سیاسی تحریکوں پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔
تعمیرنیوز کی جانب سے اس اہم تحقیقی کتاب "غالب اور ہماری تحریکِ آزادی" کا دوسرا ایڈیشن غالبیات میں دلچسپی رکھنے والے قارئین، طلبا و محققین کے مطالعہ کے لیے پیش خدمت ہے۔ تقریباً سوا دو سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 9 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

اس کتاب کے دوسرے ایڈیشن کے تعارف میں صاحبِ کتاب لکھتے ہیں:
غالب اپنی تمام تر شاعرانہ عظمتوں کے باوجود ہندوستان کی تحریکِ آزادی کے مجاہدین میں شامل نہیں ہیں بلکہ وہ شہیدانِ وطن کے متعلق بھی اچھی رائے نہیں رکھتے تھے ۔۔۔
"غالب اور ہماری تحریکِ آزادی" کا پہلا ایڈیشن 2002 میں انجمن اسلام اردو ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ممبئی کے ایما پر ایم۔ایچ۔ صابو صدیق انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سابق طلبا کی تنظیم اوسا [OSA] نے شائع کیا تھا۔ کتاب منظر عام پر آتے ہی کمیاب ہو گئی۔
اس کتاب کے دوسرے ایڈیشن میں دو نئے ابواب شامل کیے گئے ہیں:
توقیت غالب (1857ء سے وفات تک) اور
1857ء کے بعد غالب کی مطبوعات
امید ہے کہ ان ابواب کی شمولیت سے 1857ء کے بعد کے غالب کی علمی سرگرمیوں کا اندازہ کرنے میں آسانی ہوگی۔

غالب میرے بھی ممدوح ہیں۔ ان کے مرتبے کو کم کرنا مقصود نہیں، یہ کتاب صرف یہ دیکھنے کی کوشش ہے کہ وہ غالب جو
* شاہانِ تیموریہ کی تاریخ لکھنے پر متعین تھے
* آزادی و احتجاج کی آواز بلند کرنے والے شاعر سمجھے جاتے ہیں اور
* 1857ء کے واقعات کے عینی شاہد اور روزنامچہ لکھنے کے مدعی تھے
انہوں نے 1857ء کے دوران اور اس کے بعد حملہ آوروں کے بارے میں کیا نقطۂ نظر اختیار کیا؟
1857ء کی پہلی جنگِ آزادی کی ڈیڑھ سو سالہ یاد کے موقع پر (2007ء) اس کتاب کے دوسرے ایڈیشن کی اشاعت مناسب و برمحل ہے اور یاددہانی کراتی ہے کہ ۔۔۔
غالب اپنی تمام تر شاعرانہ عظمتوں کے باوجود یہی نہیں کہ ان مجاہدینِ آزادی میں شامل نہیں ہیں جن کے خون کے قطروں سے سرزمینِ ہند لالہ زار ہوئی بلکہ وہ ان شہیدانِ وطن کے بارے میں بھی اچھی رائے نہیں رکھتے تھے۔

- شمیم طارق
4/اگست 2007 ، ممبئی۔

اس کتاب کے پیش لفظ میں کالی داس گپتا رضا لکھتے ہیں:
مختلف فکر و خیال کے مصنفین کے بیانات، حاکموں کی یادداشتوں اور رپورٹوں کی بنیاد پر مصنف نے پہلے تو یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ 1857ء میں جو جنگ شروع ہوئی، بظاہر تو وہ ایک ہنگامہ کی طرح تھی اور ناکام ہوئی مگر اپنی روح کے اعتبار سے وہ جنگِ آزادی تھی اور اسی جنگِ آزادی کا نتیجہ تھا کہ 90 برس بعد ہمارا وطن آزاد ہوا اور وطن کی آزادی کے لیے جان دینے والوں کے اعزاز کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ ان لوگوں کی نشاندہی کی جائے جو شہیدوں کے خون کو "خونِ رائیگاں" سمجھتے تھے۔ جناب شمیم طارق نے یہی کام کیا ہے اور بڑے سلیقے اور دیانت سے کیا ہے۔ 1857ء کی جنگ آزادی میں غالب کے کردار کا دفاع ان شہیدانِ وطن کی توہین ہوگی جنہوں نے اس لیے انگریزوں کے خلاف مسلح مزاحمت اور جنگ کی تھی کہ وہ اس ملک سے بھاگ جائیں۔ اس کتاب کے ایک باب میں بیان کیا ہوا یہ نکتہ بھی بہت اہم ہے کہ کلکتہ کے جس روشن خیال طبقے نے انگریزوں سے سب سے پہلے ناطہ جوڑا تھا، 1857ء کے بعد وہ بھی ان کا مخالف ہو گیا تھا۔ مگر غالب کی انگریزوں سے وفاداری آخری سانس تک قائم رہی۔

***
نام کتاب: غالب اور ہماری تحریک آزادی
شمیم طارق
تعداد صفحات: 225
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 9 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Ghalib Aur Hamari Tahreek Azaadi.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

غالب اور ہماری تحریک آزادی :: فہرست
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
1تبصرے اور آراء: گوپی چند نارنگ، نثار احمد فاروقی، خلیق انجم، سید عبدالباری، شمس بدایونی.
2پیش لفظ از: کالی داس گپتا رضا.
3غالب اور عہدِ غالب.
4توقیتِ غالب (1857 سے وفات تک).
51857 کے بعد غالب کی مطبوعات.
6ضمیمہ: الثورۃ الہندیہ (ترجمہ: فضل حق خیرآبادی).
7ضمیمہ: قصیدہ ہمزیہ (ترجمہ: فضل حق خیرآبادی).
8ضمیمہ: قصیدہ دالیہ (ترجمہ: فضل حق خیرآبادی).
9غالب اور ہماری تحریکِ آزادی.
10غالب اور سرسید احمد خاں.
11دستنبو پر ایک نظر.
12غالب کی قصیدہ گوئی.
13اک شمع رہ گئی ہے سو وہ بھی خموش ہے.
141857 سے متعلق غالب کے خطوط (تاریخی ترتیب سے).
15ماخذ.

Ghalib Aur Hamari Tahreek-e-Azadi by Shamim Tariq, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں