طب نبوی میں سنا کے پتوں کی افادیت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-06-29

طب نبوی میں سنا کے پتوں کی افادیت

senna-leaves

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے، جبکہ ابھی اس کا کوئی ٹھوس علاج دریافت نہیں ہوا ہے، البتہ اس وائرس کے توڑ کی ویکسین کی تیاری کی کوششوں میں تیزی آئی ہے۔
آج کل سوشل میڈیا میں کورونا کے علاج کے ضمن میں سنا کے پتوں کا استعمال بھی مفید ترین بتایا جا رہا ہے۔ حالانکہ ابھی کسی طبی ادارہ یا ماہرین نے تصدیق نہیں کی کہ سنا کے پتے ہی کورونا کا علاج کر سکتے ہیں۔
پھر بھی اس بات میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ طب نبوی کے علاوہ یونانی اور ایورویدک طریقہ علاج میں سنا کے پتوں کی بہت اہمیت ہے۔

کتب احادیث ابن ماجہ اور مستدرک الحاکم کی ایک حدیث کا مفہوم ہے: نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ:
تمہارے لیے سنا اور سنوت (یعنی: شہد) موجود ہیں ان میں ہر بیماری سے شفا ہے سوائے موت کے۔

سنا دراصل سرزمین حجاز کی ایک خود رو نباتات ہے۔ جس کی عمدہ ترین قسم مکہ مکرمہ میں پائی جاتی ہے۔ یہ ایک پھول دار پودا ہے جو پیلے اور سفید رنگ کے پھولوں جیسا دکھتا ہے۔ یہ محلہ یا شہر کی کسی بھی دواساز کی دکان پر بآسانی مل جاتا ہے۔
سنامکی ذائقہ میں نمکین اور مزاج میں گرم تر ہوتی ہے، اس کے بےشمار فوائد ہیں۔ اطبا کے مطابق سنا کے استعمال سے فاسد اور غلیظ مادے جسم سے خارج ہو جاتے ہیں اور جسم تندرست ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ اگر کسی بیمار شخص کو یہ پتے استعمال کرائے جائیں ، تو مریض اس مرض سے بازیابی میں مدد حاصل کر سکتا ہے۔
سنا مکی خون صاف کرتی ہے اور پیٹ کے کیڑے مار دیتی ہے۔ قبض سے چھٹکارا دلاتی ہے۔
دل کو مضبوط کرتی ، بدن کی تھکاوٹ دور کرتی اور عضلات کو چست بنا دیتی ہے۔ بالوں کو گرنے سے بچاتی ہے۔
اس کا جوشاندہ اس کے سفوف سے زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔ اس لیے سنا کو ثابت استعمال کرنا مناسب نہیں بلکہ اس کے جوشاندہ میں گلاب کے پھول اور روغنِ بادام ملا لینا زیادہ بہتر ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ جن لوگوں کو پیٹ میں درد یا سوجن ہو ، آنتوں میں رکاوٹ ہو، السر، اپینڈکس یا بواسیر کی بیماری لاحق ہو انہیں سنا کے پتے استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ اسی طرح دست و اسہال کے مریض کو بھی چاہیے کہ وہ سنا کے پتوں کا استعمال قطعاً مت کرے۔ حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اگر سنا کے پتوں کی کم سے کم مقدار استعمال کریں تو اس کے سائیڈ ایفکٹس سے محفوظ رہیں گی۔

امریکہ کے ایک تحقیقی ادارہ این سی بی آئی (نیشنل سنٹر فار بائیوٹیکنالوجی انفارمیشن) کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ سنا کے پتے بہت سے طبی مسائل کے گھریلو علاج کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ سنا کے پتوں کے ذریعے بنائی جانے والی ہربل چائے کا استعمال وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

Senna leaves, a herbal medicine, its advantages.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں