اسلام اور عورت - از مظہرالدین صدیقی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2020-01-31

اسلام اور عورت - از مظہرالدین صدیقی - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

islam-aur-aurat

اسلام نے عورتوں کو ظلم، بے حیائی ، رسوائی اور تباہی کے گڑھے سے نکالا، انہیں تحفظ بخشا، ان کے حقوق اجاگر کیے، ماں، بہن ، بیوی اور بیٹی کی حیثیت سے ان کےفرائض بتلائے اور انہیں عزت واحترام کی سب سے اونچی مسند پر فائز کر دیا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے صاف لفظوں میں حکم دیا ہے کہ لڑکوں اور لڑکیوں کے ساتھ ہر معاملے میں خواہ وہ کھانے سے متعلق ہو، تعلیم و تربیت یا شادی بیاہ سے، یکساں سلوک کیا جانا چاہیے۔ اس طرح اسلام نے عورتوں کو عزت و مساوات کا وہ مقام عطا کیا جو انہیں پہلے حاصل نہیں تھا۔ حتیٰ کہ قرآن نے واضح طور سے بتایا ہے کہ روحانی ارتقا اور اخلاقی نشو و نما کے میدان میں عورتوں اور مردوں کے درمیان کامل مساوات ہے اور مردوں کی طرح عورتیں بھی اپنی جدوجہد، کوشش اور اطاعت گزاری سے روحانی ترقی کے اعلیٰ ترین مدارج تک پہنچ سکتی ہیں۔
مولانا محمد مظہرالدین صدیقی نے "اسلام اور عورت" جیسے اہم موضوع پر یہ اہم کتاب تصنیف کی ہے جو چھ (6) مفید ابواب: اسلام اور مساوات جنسی، ازدواجی زندگی، طلاق، پردہ، تعدد ازدواج، اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی پر مشتمل ہے۔
تعمیرنیوز کی جانب سے یہ قابل مطالعہ کتاب پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً دو سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 10 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

اس کتاب کے باب "ازدواجی زندگی" سے چند مفید اقباسات ذیل میں ملاحظہ فرمائیں ۔۔۔
ازدواجی زندگی کی خوشگواری یا ناخوشگواری کا دارومدار بہت کچھ اس امر پر بھی ہے کہ فریقین اپنی پسند اور مرضی سے ایک دوسرے کا انتخاب کریں اور کوئی دوسرا شخص ان کے اس حقوق میں مداخلت نہ کرے۔ اسلام نے جہاں عورتوں پر دیگر احسانات کیے ہیں وہاں اس معاملہ میں بھی انہیں پوری پوری آزادی دی ہے۔ افسوس کہ مسلمانوں نے رسم و رواج سے متاثر ہو کر عورتوں سے ان کا یہ حق چھین لیا ہے۔ ورنہ اسلامی احکام کی رو سے عورتیں اپنے حقِ انتخابِ زوج میں بالکل مردوں کی طرح خودمختار اور آزاد ہیں۔ چنانچہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی موقعوں پر اپنے صحابیوں سے بہ اصرار کہا کہ وہ شادی سے قبل ہونے والی بیوی کی شکل و صورت ضرور دیکھ لیں تاکہ انتخاب میں غلطی نہ ہو۔
فقہائے اسلام کا یہ ایک متفقہ مسئلہ ہے کہ فریق ثانی کی شکل و صورت دیکھنے کا یہ حق عورت کو بھی اسی طرح حاصل ہے جس طرح مرد کو۔ یہ اجازت محض اس لیے دی گئی ہے کہ عورت اور مرد اپنا جوڑا منتخب کرنے میں آزاد ہوں۔ چنانچہ متعدد احادیث سے ثابت ہے کہ عورت کی صریح رضامندی کے بغیر کوئی نکاح جائز نہیں ہے۔
اس حکم کا اصل مقصد یہ ہے کہ عورتوں کو اپنی آزاد مرضی سے اپنا شوہر منتخب کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ لیکن مسلمانوں نے جہاں اور احکام دین کو مسخ کر ڈالا وہاں عورتوں سے عملاً ان کا یہ حق بھی چھین لیا۔ اب لڑکیوں سے ان کی آئیندہ زندگی اور انتخاب زوج کے بارے میں کوئی مشورہ نہیں لیا جاتا۔ ماں باپ یا اولیا جس مرد کو پسند کرتے ہیں، لڑکی پر اس کی مرضی کے بغیر مسلط کر دیتے ہیں اور نکاح کے وقت صرف رسمی طور پر استفسار کر لیتے ہیں۔ لیکن نہ کسی لڑکی میں یہ جرات ہے کہ وہ صریحاً اپنے ہونے والے شوہر کی نسبت ناپسندیدگی کا اظہار کر سکے اور نہ سوسائٹی میں احکام اسلامی کی اتنی پاسداری ہے کہ اگر کوئی لڑکی اپنے اس حق کو استعمال کرتے ہوئے ماں باپ کے فیصلہ سے اختلاف کرے تو اسے خوشی سے اس امر کی اجازت دی جائے کہ وہ اپنا شوہر خود منتخب کرے۔
اس کا نتیجہ یہ ہے کہ اسلام کے صریحی احکام کے باوجود ہمارے یہاں عورتیں اور لڑکیاں شوہر کے انتخاب میں آزاد نہیں اور انہیں چار و ناچار ماں باپ یا بزرگوں کے انتخاب پر راضی ہو جانا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ان کی آئیندہ ازدواجی زندگی اکثر اوقات ناخوشگوار ثابت ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:

***
نام کتاب: اسلام اور عورت
مصنف: مولانا محمد مظہرالدین صدیقی
تعداد صفحات: 210
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 10 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ لنک: (بشکریہ: archive.org)
Islam Aur Aurat by Mazharuddin Siddiqui.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

اسلام اور عورت از مولانا محمد مظہر الدین صدیقی :: فہرست
نمبر شمارعنوانصفحہ نمبر
1اسلام اور مساوات جنسی5
2ازدواجی زندگی32
3طلاق84
4پردہ122
5تعدد ازدواج169
6اسلامی تعلیمات کی خلاف ورزی192

Islam aur Aurat, by Mazharuddin Siddiqui, pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں