کمندِ ہوا - ہرکیول پائرو ناول از اگاتھا کرسٹی - اردو ترجمہ - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-12-26

کمندِ ہوا - ہرکیول پائرو ناول از اگاتھا کرسٹی - اردو ترجمہ - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

kamande-hawa-agatha-christie-Sad-Cypress

اگاتھا کرسٹی (پ: 15/ستمبر 1890 ، م: 12/جنوری 1976) ، انگریزی میں جاسوسی کہانیاں و ناول تحریر کرنے والی عظیم ترین اور عالمی شہرت یافتہ مصنفہ ہیں۔ ان
کا ایک جاسوسی ناول (اردو ترجمہ) "شب گزیدہ" پیش کیا جا چکا ہے۔ زیرنظر ناول "کمندِ ہوا" (اشاعت اول: 1940)، اگاتھا کے تخلیق کردہ مقبول عام افسانوی سرغرساں کردار ہرکیول پائرو [Hercule Poirot] کی ایسی پہلی کہانی ہے جس میں پائرو زیادہ تر عدالتی مقدمہ میں ایک قتل کی تفتیش اور اس کی تفصیلات پیش کرتا نظر آتا ہے۔
مترجم یعقوب یاورکوٹی نے اس کا ترجمہ 1985 میں پیش کیا تھا جو نسیم بکڈپو لکھنؤ سے شائع ہوا۔ یہی اردو ترجمہ تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ تقریباً ڈھائی سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 11 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

ناول کا پلاٹ:
ناول کا عنوان [Sad Cypress] شیکسپئر کے ایک ڈرامے "بارہویں رات" کے درج ذیل نغمے سے اخذ کیا گیا ہے:
آ بھی جا! آ بھی جا! اے موت
اداس سرو (1) میں مجھے سلا دے
اڑ جا! اڑ جا! اے نفس
میری قاتل ہے بےدرد میری موت
میرا سفید کفن پھولوں سے سجا دے
سوا ان کے میری موت کے ساتھی ہیں بھلا کون
پھولوں سے سجا کفن میرا اداس سرو کا تابوت
(1): سرو [Cypress] ایک درخت ہوتا ہے جس کی لکڑی کا تابوت بنایا جاتا ہے۔
ایلینر اپنے محبوب راڈی کے ساتھ منگنی کی تیاریوں میں مصروف ہوتی ہے کہ ایک دن اسے ایک گمنام فرد کا خط ملتا ہے۔ جس میں لکھا ہوتا ہے کہ وہ موت سے قریب اپنی فالج زدہ امیر ترین پھوپھی لارا سے فوری ملاقات کرے اور ان کی دولت کی وراثت والی وصیت حاصل کر لے۔ کیونکہ ایک ہوشیار لڑکی پھوپھی کی خدمت گزاری کے ذریعے ان کے دل میں جگہ بناتے ہوئے ان کی ساری دولت پر قبضہ کرنے کے چکر میں ہے۔ جب ایلینر اپنے منگیتر کے ہمراہ پھوپھی کے پاس پہنچتی ہے تو کچھ دن بعد بغیر کوئی وصیت چھوڑے پھوپھی کی وفات ہو جاتی ہے، لہذا پھوپھی کی تمام تر دولت کا حقیقی وارث قانونی طور سے ایلینر کو قرار دیا جاتا ہے۔ لیکن جب ایلینر مشاہدہ کرتی ہے کہ اس کا منگیتر راڈی پھوپھی کی خدمت گزار لڑکی میری میں دلچسپی لے رہا ہے تو وہ راڈی سے لڑ کر اپنی منگنی ختم کر دیتی ہے۔ دریں اثنا اچانک سینڈوچ میں شامل زہر کے زیراثر میری کی موت ہو جاتی ہے اور اس موت کا الزام ایلینر کے سر آتا ہے کہ وہ سینڈوچ اس نے خود میری کو پیش کیا تھا۔ علاوہ ازیں ایلینر پر اپنی پھوپھی کو بھی قتل کرنے کا الزام عائد کر دیا جاتا ہے۔
پھوپھی لارا کے مخصوص معالج ڈاکٹر لارڈ کو، جو ایلینر سے دلی وابستگی رکھتا ہے، یقین ہے کہ ایلینر کسی بھی قتل کی ملزمہ نہیں ہو سکتی۔ لہذا وہ اپنے دوست ہرکیول پائرو سے درخواست کرتا ہے کہ وہ اس دہرے قتل کی تفتیش کرتے ہوئے حقیقی مجرم کو بےنقاب کرے۔ عدالت کے تیز رفتار مقدمے میں کیا ہرکیول پائرو اس بات کو ثابت کر سکا کہ اس کے دوست ڈاکٹر لارڈ کی خوبصورت جوان محبوبہ ایلینر قتل عمد سے بری ہے؟
اس کو جاننے کے لیے ناول کا مطالعہ کیجیے۔

***
نام ناول: کمندِ ہوا [Sad Cypress]
مصنف: اگاتھا کرسٹی
اردو مترجم: یعقوب یاور کوٹی
تعداد صفحات: 253
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 11 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Sad Cypress URDU.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

Sad Cypress, an spy thriller novel, by Agatha Christie, Urdu translation pdf download.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں