اردو کے منتخب خاکے - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2019-05-05

اردو کے منتخب خاکے - پی۔ڈی۔ایف ڈاؤن لوڈ

Urdu-ke-muntakhab-khake
خاکہ نگاری کا فن تاریخ نویسی سے بہت قریب ہوتا ہے اور اس فن کی پہلی شرط شخصیت کا ہم عصر ہونا ہے۔
اردو ادب سے اخذ شدہ چودہ (14) منتخب خاکے مشہور طنز و مزاح نگار یوسف ناظم (مرحوم) نے کتابی شکل میں مرتب کیے ہیں۔ تعمیرنیوز کے ذریعے پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔
تقریباً پونے دو سو صفحات کی اس پی۔ڈی۔ایف فائل کا حجم صرف 9 میگابائٹس ہے۔
کتاب کا ڈاؤن لوڈ لنک نیچے درج ہے۔

ڈاکٹر خلیق انجم اس کتاب کے 'حرفِ آغاز' میں خاکہ کا تعارف کرواتے ہوئے لکھتے ہیں ۔۔۔
خاکہ نگاری کا فن تاریخ نویسی سے بہت قریب ہوتا ہے۔ اور اردو میں خاکہ نگاری ایسی صنف نثر ہے جس کی عمر زیادہ نہیں ہے۔ خاکہ نگاری کی پہلی شرط شخصیت کا ہم عصر ہونا ہے۔ خاکہ نگار جس شخص کا خاکہ لکھتا ہے اس کی شخصیت کو وہ اپنے ڈھنگ سے دیکھتا ہے۔ اس میں اس کی اپنی پسند اور ناپسند بھی منعکس ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک ہی شخصیت پر لکھے گئے مختلف لوگوں کے خاکے ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں اور انہیں ایسا ہونا بھی چاہیے۔ تاہم ایک اچھے خاکے کی بنیادی خوبی پھر بھی یہی ہے کہ وہ حق و صداقت پر مبنی ہو۔ اس میں ایسا نہ لگے کہ جان بوجھ کر کسی کا مضحکہ اڑایا جا رہا ہے یا جھوٹی ستائش کی جا رہی ہے۔
انہی تمام وجوہ سے مولوی محمد حسین آزاد کو پہلا کامیاب خاکہ نگار ہونے کا شرف حاصل نہیں ہو سکا حالانکہ وہ پہلے ایسے تذکرہ نگار ہیں جنہوں نے اردو میں پہلی بار انتہائی مفصل انداز میں شعرا کے قلمی مرقعے تیار کیے ہیں۔
خاکہ نگار تھوڑے بہت مبالغے سے کام لے کر خاکے کو دلچسپ بنا سکتا ہے اور اردو میں ایسے خاکوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ مجتبیٰ حسین اور یوسف ناظم جیسے مزاح نگاروں نے خاصی تعداد میں خاکے لکھے ہیں، جن میں مزاح ہے اور اکثر مبالغے سے بھی کام لیا گیا ہے، لیکن یہ مبالغہ شخصیت کو زیادہ دلچسپ بنا دیتا ہے اور پڑھنے والے کے ذہن پر بار نہیں بنتا۔

کسی مورخ کے برعکس خاکہ نگار کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ جس شخصیت کا خاکہ لکھ رہا ہے اس کے پڑھنے والے میں ہمدردی کے وہی جذبات پیدا کر دے جو خود اس میں ہیں۔ ہمدردانہ رویہ اور غیرجانبداری میں ایک نازک سا فرق ہے۔ ایک ہمدردانہ رویہ رکھنے والا خاکہ نگار کسی شخصیت کے تمام برے اور بھلے پہلوؤں پر اس طرح روشنی ڈالتا ہے کہ پڑھنے والے کو اس شخصیت کے ساتھ تھوڑی بہت ہمدردی پیدا ہو جاتی ہے اور وہ یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ بعض انسانی کمزوریاں ایسی ہوتی ہیں کہ آدمی کے بس میں نہیں ہوتیں اور اگر ہم اپنے ہمدردانہ انداز میں ان کمزوریوں کو دیکھیں تو پھر ان میں سے کچھ کمزوریاں ہمیں دلچسپ نظر آنے لگتی ہیں اور پڑھنے والے کو اس شخصیت کے ساتھ ایک تعلقِ خاطر پیدا ہو جاتا ہے۔ خاکہ نگار کا مرکزِ نظر شخصیت اور صرف شخصیت ہوتی ہے جسے وہ ایک مجسمہ ساز کی طرح تراش کر آپ کے سامنے رکھ دیتا ہے۔

اردو کے نقادوں نے خاکوں کی بہت سی قسمیں بیان کی ہیں، مگر میں سمجھتا ہوں کہ خاکوں کی اہم قسمیں:
تاثراتی خاکے، توصیفی خاکے، سوانحی خاکے اور مزاحیہ و طنزیہ خاکے ہیں۔
غالب کے خطوط میں بھی بعض اچھے خاکوں کے نقوش ملتے ہیں۔ انہوں نے اپنی ایک ملازمہ بی وفادار کا ایک مختصر سا خاکہ لکھا ہے جو بہت دلچسپ ہے، جسے ہم اردو کا پہلا خاکہ کہہ سکتے ہیں۔
مرزا فرحت اللہ بیگ نے بیسویں صدی کی ابتدا میں "ڈپٹی نذیر احمد کی کہانی: کچھ ان کی کچھ میری زبانی" کے عنوان سے ایک خاکہ لکھا تھا۔ چونکہ اس میں ایک اچھے خاکے کی تمام خوبیاں موجود ہیں، اس لیے ہم اسے اردو کا پہلا کامیاب ترین خاکہ کہہ سکتے ہیں۔
اس کے بعد کے خاکہ نگاروں میں خاص طور سے قابل ذکر نام کچھ یہ ہیں:
مولوی عبدالحق، آغا حیدر حسن، محمد شفیع دہلوی، خواجہ غلام السیدین، عبدالماجد دریاآبادی ، رشید احمد صدیقی، عصمت چغتائی، سعادت حسن منٹو، اشرف صبوحی، مالک رام، محمد طفیل، شاہد احمد دہلوی، علی جواد زیدی، مجتبیٰ حسین اور یوسف ناظم۔

***
نام کتاب: اردو کے منتخب خاکے
مرتب: یوسف ناظم
تعداد صفحات: 180
پی۔ڈی۔ایف فائل حجم: تقریباً 9 میگابائٹس
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Urdu Ke Muntakhab Khake.pdf

Direct Download link:

اردو کے منتخب خاکے :: فہرست
نمبر شمارخاکہمصنفصفحہ نمبر
1حرفِ آغازڈاکٹر خلیق انجم4
2ابتدائیہیوسف ناظم7
3مقدمہالیاس شوقی10
خاکے
4گھمی کبابیاشرف صبوحی19
5نام دیومالیمولوی عبدالحق29
6کندنرشید احمد صدیقی33
7عبدالمجید سالکشورش کاشمیری44
8کنہیا لال کپورمرزا ادیب70
9تین گولےسعادت حسن منٹو75
10دوزخیعصمت چغتائی87
11ابراہیم جلیسمرزا ظفر الحسن96
12باقر مہدییوسف ناظم102
13شاذ تمکنتمجتبیٰ حسین106
14مسعود حسن رضوی ادیبعلی جواد زیدی115
15اختر الایمانرفعت سروش132
16میں اور شیطانڈاکٹر اسلم پرویز136
17طوطی کوشش جہت ۔۔۔انور ظہیر خان151

Selected caricatures in Urdu, Compiled by Yusuf Nazim, pdf download.

2 تبصرے: