بہر کیف قتل کا یہ واقعہ اتناہی اندوہناک اور انسانیت سوز ہے،جتنے انسانیت سوز واقعات ملک کے دوسرے خطوں میں گزشتہ ساڑھے چار سالوں کے دوران رونما ہوچکے ہیں اور اب بھی کہیں نہ کہیں رونما ہوتے ہی رہتے ہیں۔ویسے سیتامڑھی کے مذکورہ علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی کوئی نیاحادثہ نہیں ہے،اس سے پہلے نوے کی دہائی میں اوراس سے قبل بھی اس علاقے میں ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں اور ہر سال رام نومی یا درگاپوجاکے موقعوں پر بہار کے مختلف اضلاع میں حالات کشیدگی کا شکار ہوجاتے ہیں،اسی سال رام نومی کے جلوس کے موقعے پر نالندہ،بھاگلپور،مونگیراور سمستی پور وغیرہ میں غیر معمولی طورپر حالات خراب ہوئے تھے اور ان علاقوں میں جان و مال کا بڑا اتلاف ہوا تھا،یہ واقعات ایسے تھے کہ بہار حکومت کو ہوشیار ہوجانا چاہیے تھا،مگرافسوس ہے کہ اپنے آپ کو’’سشاشن بابو‘‘ کہلوانے والے نتیش کمار اوران کی سرکارنے جب سے دوبارہ این ڈی اے کے آغوش میں پناہ اختیار کی ہے،بہار میں بھی بہ تدریج ایسے ہی حالات بن رہے ہیں،جو ملک کے دوسرے کئی بی جے پے کے زیر حکومت صوبوں میں گزشتہ ساڑھے چار سال سے قائم ہیں۔دوسری جانب سیتامڑھی کے حالیہ واقعے میں ایک قابلِ غور و فکر پہلوقومی میڈیا، ملک بھر کے سماجی و انسانی حقوق کے اداروں اور خاص طورپر مسلمانوں کے قومی و ریاستی سطح کے رفاہی وملی اداروں،جمعیتوں ،جماعتوں اور تنظیموں سے متعلق ہے،جنھوں نے مجموعی طورپرزینل انصاری کے وحشیانہ قتل اور نذرِ آتش کیے جانے پرمذموم ترین ،مکروہ ترین اور شرمناک ترین بے حسی کا مظاہرہ کیاہے،ان اداروں کوواضح کرناچاہیے کہ ان کا’’دائرۂ خدمات ‘‘کہاں سے شروع ہوکر کہاں ختم ہوتاہے؟انفرادی طورپر چند مقامی لوگوں اور محدود تروسائل رکھنے والے اداروں کی خبر ہے کہ وہ اپنے تئیں اس پورے واقعے کی تفتیش اور متاثرین کی بازآباد کاری کے سلسلے میں کوشش کررہے ہیں،ایک خبر ’’آج تک‘‘کے واسطے سے ہمیں ملی ہے کہ سیتامڑھی سنگھرش سمیتی کے صدرمحمد شمس شاہنوازنے قومی اقلیتی کمیشن کو خط لکھ کر پورے حادثے کی جانچ کا مطالبہ کیاہے،مسلم بیداری کارواں کا اخباری بیان بھی دیکھاکہ 3 ؍نومبر سے وہ متاثرہ علاقوں کا جائزہ لے گا،راجوپٹی،سیتامڑھی سے تعلق رکھنے والے تنویر عالم علیگ صاحب اپنے طورپر تمام سلسلۂ واقعات کی تفتیش اور متاثرین کو انصاف دلانے کی جدوجہد میں مصروف ہیں،چوں کہ وہ خود اسی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں اور انھیں اس کی حساسیت کا بخوبی اندازہ ہے؛اس لیے انھوں نے 25 ؍اکتوبر کواپنے فیس بک پیج پر مقامی لوگوں سے صورتِ احوال کی مکمل تفصیلات معلوم کرکے جو رپورٹ لکھی ہے،وہ اہم ہے اور اس کے مطابق جو حقیقت سامنے آتی ہے ،وہ یہ ہے کہ سیتامڑھی کے مذکورہ بالا علاقوں میں حالیہ ہنگامہ آرائی اور قتل و غارت گری یا تو مقامی انتظامیہ و پولیس کی بے شعوری وعدمِ حساسیت کی وجہ سے رونما ہوئی ہے یا خود پولیس و انتظامیہ بھی فسادی عناصر سے ملی ہوئی تھی،زینل انصاری کی اندوہناک موت کے معاملے میں حکمراں جماعت سے قطعِ نظر اپوزیشن کا رویہ بھی نہایت پراسرار ہے،مرکزی رہنماؤں کو توچھوڑیے،مقامی لیڈروں کی زبانیں بھی عموماًگنگ ہیں اور اس انسانیت کش حادثے کواس طرح گول کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،گویا یہ کوئی معاملہ ہی نہیں ہے،اوپندرکشواہاکی پارٹی سے حادثاتی طورپر منتخب ہونے والے سیتامڑھی کے ایم پی رام کمارشرما تو ایسے شخص ہیں،جو کبھی اپنے حلقے میں دیکھے ہی نہیں گئے،سواس معاملے میں بھی ان کا کہیں اتاپتانہیں ہے،پارلیمنٹ میں بھی وہ شا ید ہی کبھی اپنے حلقے کی نمایندگی کرتے نظر آئے ہوں،گویا ان کے انتخابی حلقے کو کوئی مسئلہ ہی درپیش نہیں ہے!
بہر کیف اس پورے معاملے کی منصفانہ جانچ ازحد ضروری ہے،یہ اچھی بات ہے کہ حالات کو پر امن بنانے اور سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے مقامی سطح پردونوں فرقوں کے باشعور افراد،دانشوران اورسماجی کارکنان کوششوں میں مصروف ہیں اور فی الحال امن و امان کا ماحول قائم بھی ہوگیاہے،مگر چوں کہ آنے والے قریبی وقت میں ہی جنرل الیکشن ہونے والاہے،جس کے پیش نظر فرقہ پرست عناصر کی جانب سے مزید کسی ہنگامہ آرائی کی کوشش عین ممکن ہے؛اس لیے دونوں اطراف کے سنجیدہ طبقات کو ایسے حالات اور غیر سماجی کوششوں کو بروقت ناکام بنانے کے لیے مضبوط لائحۂ عمل بنانا چاہیے اور باہم تبادلۂ خیال کرکے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والے تمام اسباب و عوامل کو دور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔خاص طورپر مسلمانوں کے کرنے کاکام یہ ہے کہ جلسہ بازواعظوں اور بے بصرگویّوں کے ذریعے پیدا کردہ جاہلانہ جذباتیت سے توبہ کریں،اپنے اندرمومنانہ فراست و بصیرت اور سنجیدگی کے اوصاف پیدا کریں اور حالات کا معروضی جائزہ لے کر نتیجہ خیز نقشۂ کار تیار کریں ،یہ حقیقت ہمارے پیش نظررہنی چاہیے کہ ہم جس معاشرے میں رہتے ہیں ، وہ مشترکہ،ملاجلا اور مختلف المذاہب طبقات سے مرکب ہے، یہ اشتراک و اختلاط ایسا ہے کہ ہم اس سے کسی بھی حال میں پیچھانہیں چھڑاسکتے؛لہذاہمیں اپنے دین و مذہب کی تعلیمات کی روشنی میں ایسی ہی راہ اختیار کرنی ہوگی،جو ایسے مخلوط معاشرے میں پرامن زندگی گزارنے اوراپنے مذہب کی درست نمایندگی میں ہمارے لیے معاون ثابت ہو۔
Nayab Hasan.
Email: nh912823[@]gmail.com
Email: nh912823[@]gmail.com
Sitamarhi violence. Article: Nayab Hasan
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں