پرانے شہر حیدرآباد میں چاندی کے ورق ساز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2018-10-06

پرانے شہر حیدرآباد میں چاندی کے ورق ساز

chaandi warq-saaz
پرانے شہر حیدرآباد کے "ورق ساز" سیاحوں کی توجہ کا مرکز
مشینوں سے تیار کردہ ورق کے باوجود حیدرآباد میں آج بھی 10 دکانیں موجود

مکہ مسجد کے سامنے سے گزرتے ہوئے "ٹھک ٹھک ٹھک ٹھک" کی آواز حیدرآبادیوں کے لیے نئی نہیں لیکن چارمینار اور مکہ مسجد کا نظارہ کرنے والے سیاحوں کو یقیناً اپنی جانب متوجہ کرتی ہے اور وہاں دکانوں میں لوگوں کو ہتھوڑیوں سے کسی شئے کو مسلسل ٹھوکتے ہوئے دیکھ کر یہ جاننے کے لیے بےچین رہتے ہیں کہ "آخر یہ کیا ہو رہا ہے؟"
اگرچیکہ "چاندی کا ورق" تیار کرنے کا یہ قدیم روایتی طریقہ آج بھی حیدرآباد میں جاری ہے لیکن اس مشینی دور میں اب مشینوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر ورق سازی کے باعث حیدرآباد کے دستکار ورق سازوں کا کاروبار بھی بڑی حد تک متاثر ہوا ہے۔
چاندی کے ورق کا مٹھائیوں کی آرائش کے علاوہ یونانی ادویات میں بھی خوب استعمال ہوتا ہے۔ چاندی کی طبی خصوصیات کی بنا پر حکما برسہا برس سے مختلف ادویات، گولیوں اور حلوہ کے لیے چاندی کا ورق استعمال کرتے آئے ہیں۔ یہاں تک کہ اس کا استعمال پان مسالہ کے علاوہ پان پر لپیٹنے کے لیے بھی ہوتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مشہور و معروف حکیم لقمان کی کوئی دوا، گولی یا حلوہ چاندی کے ورق سے عاری نہیں ہوتا تھا۔ اور آج بھی یونانی حکیم اس کا استعمال کرتے ہیں۔
چاندی کا ورق تیار کرنے کے لیے خالص چاندی، چمڑے کی تھیلیاں اور دو کیلو وزنی ہتھوڑے استعمال ہوتے ہیں۔ پہلے خالص چاندی کی ایک باریک شیٹ تیار کی جاتی ہے جسے پانچ پانچ گرام کے حصوں میں کاٹا جاتا ہے۔ عام طور پر دو کیلو چاندی سے تیار کردہ شیٹ کو 160 مساوی حصوں میں کاٹا جاتا ہے جو تقریباً ایک انچ دبیز ہوتے ہیں۔ پھر ان ٹکڑوں کو چمڑے کے ایک پاؤچ کے درمیان رکھ کر ہتھوڑے سے مسلسل تقریباً دو گھنٹے پیٹنے پر "چاندی کا ورق" تیار ہوتا ہے۔
اسی طرح خصوصی آرڈر ملنے پر ان دکانوں میں سونے کا ورق بھی تیار کیا جاتا ہے۔
سابق میں چارمینار سے شاہ علی بنڈہ جانے والی سڑک پر پچیس تیس دکانیں موجود تھیں لیکن اب بمشکل دس دکانیں باقی رہ گئی ہیں۔ فی الوقت 100 عدد چاندی کے ورق کے ایک بنڈل کی قیمت 340 روپے ہے۔

The existance of chaandi warq saaz in old city Hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں