اے آئی اے ڈی ایم کے گروپس آخر کار متحد - پنیر سیلوم نائب وزیراعلیٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2017-08-22

اے آئی اے ڈی ایم کے گروپس آخر کار متحد - پنیر سیلوم نائب وزیراعلیٰ

پنیر سیلوم، ڈپٹی چیف منسٹر بنادئیے گئے ۔ ششی کلا کو برطرف کرنے کا فیصلہ
چینائی
آئی اے این ایس
اے آئی اے ڈی ایم کے میں پھوٹ کے چھ ماہ بعد پارٹی کے دو دھڑے پیر کے دن ضم ہوگئے ۔ باغی قائد اوپنیر سیلوم کو ٹاملناڈو کا ڈپٹی چیف منسٹر اور پارٹی کو آرڈینیٹر بنادیا گیا جب کہ وی کے ششی کلا کو جو ان دنوں جیل میں ہیںِ جنرل سکریٹری کے عہدہ سے برطرف کردینے کا فیصلہ ہوا ۔ جیہ للیتا کے جیل میں رہنے کے دوران اور دسمبر میں ان کی موت کے بعد دو مرتبہ چیف منسٹر رہے اوپنیر سیلوم کو ان کا فینانس کا قلمدان بھی واپس مل جائے گا۔ جیہ للیتا کی دیرینہ سہیلی ششی کلا سے اختلافات کے بعد پنیر سیلوم نے فروری میں چیف منسٹری چھوڑ دی تھی ۔ کئی ہفتوں کی سر گرم بات چیت کے بعد د و دھڑوں کا انضمام عمل میں آیا۔ لمحہ آخر میں پنیر سیلوم گروپ نے بڑا مول تول کیا۔اس نے زور دیا کہ ششی کلا کو ہٹائے جانے کا با قاعدہ اعلان ہونا چاہئے ۔ ششی کلا، کرپشن کیس میں بنگلورو جیل میں بند ہیں۔ دنوں دھڑوں کے انضمام کا اعلان جس کا بے چینی سے انتظار تھا،اے آئی اے ڈی ایم کے ہیڈ کوارٹرس میں ایک تقریب میں ہوا جہاں چیف منسٹر کے پلانہ سوامی نے پارٹی میں تبدیلی کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر جوائنٹ کوآرڈینیٹر ہوں گے جب کہ پنیر سیلوم گروپ کے قائد کے پی منو سوامی اور پلانی سوامی دھڑے کے قائد اور رکن پارلیمنٹ ویتیا لنگم ڈپٹی کو آرڈینیٹر ہوں گے۔ مابعد انضمام اے آئی اے ڈی ایم کے کو چلانے کے لئے گیار ہ رکنی رہنمایانہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ تقریبِ انضمام میں ویتیا لنگم نے گھرانہ شاہی، خاندانی حکمرانی کی مخالفت کی اور اعلان کیا کہ ششی کلا کو ہٹانے اے آئی اے ڈی ایم کے جنرل کونسل کا اجلاس جلد منعقد ہوگا ۔ اسی کونسل نے ششی کلا کو گزشتہ برس پانچ دسمبر کو جیہ للیتا کے گزر جانے کے دن جنرل سکریٹری مقرر کیا تھا ۔ پنیر سیلوم کے وفادار کے پانڈیہ راجن کی حکومت میں واپسی ہوئی ہے ۔انہیں وزیر ٹامل سرکاری زبان اور ٹامل کلچر بنایا گیا ہے ۔ وہ قبل ازیں وزیر اعلی تعلیم تھے ۔ پارٹی ہیڈ کوارٹرس میں اپنے خطاب میں پنیر سیلو م نے کہا کہ دونوں گروپس کے درمیان اختلافات دورہوگئے ہیں۔ اور قائدین، حکومت اور ایم جی آر۔ جیہ للیتا ورثہ کے تحفظ کے لئے یکجا ہوئے ہیں۔ انہوں نے انضمام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم بٹے ہوئے نہیں رہ سکتے ۔ ہم سبھی اماں جیہ للیتا کے بچے ہیں۔ ہم ٹاملناڈو کے عوام اور دیڑھ کروڑ اے آئی اے ڈی ایم کے ورکرس کے مفاد میں ایسا کررہے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر پلانی سوامی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انضمام کی پہل کی ۔ پنیر سیلوم نے کہا کہ اب میں خود کو ہلکا محسوس کررہا ہوں ۔ حریف گروپ کا خیر مقدم کرتے ہوئے چیف منسٹر نے بڑے بھائی پنیر سیلوم کا پارٹی اتحاد کے لئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اتحاد سے ایم جی آر اور جیہ للیتا کے خواب پورے ہوں گے۔تقریب انضمام کے فوری بعد تمام اعلی قائدین بشمول پنیر سیلوم اور پلانی سوامی مرینا بیچ پرجیہ للیتا اور ایم جی آر کی یادگار پر پہنچے ۔ اسی دوران ششی کلا کے بھتیجہ ٹی ٹی وی دینا کرن زیر قیادت گروپ نے دینا کرن اور ششی کلا کو ڈپٹی جنرل سکریٹری اور جنرل سکریٹری کے عہدہ سے ہٹائے جانے کے خلاف خبر دار کیا ہے۔ کہاجاتا ہے کہ دینا کرن کو پارٹی کے بارہ ارکان اسمبلی کی تائید حاصل ہے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب زائد از چھ ماہ کی تلخیوںکے بعد حریف اے آئی اے ڈی ایم کے گروپس آج ضم ہوگئے ۔ اقتدار میں حصہ داری کے معاہدہ کے تحت کے پلانی سوامی چیف منسٹر برقرار رہیںگے اور پنیر سیلوم ان کے نائب ہوں گے ۔ کابینہ میں ردو بدل ہوگا۔ آج پلانی سوامی پہلے پارٹی دفتر پہنچے ۔ پنیر سیلوم کچھدیر بعد آئے ۔ پنیر سیلوم کیلگ بھگ سات ماہ بعد یہ پہلی آمد تھی ۔ دونوں کا زبردست خیر مقدم ہوا۔ پارٹی ہیڈ کوارٹرس جانے والی سڑک کے دونوں جانب پارٹی ارکان قطار لگائے کھڑے تھے۔ پارٹی میں گروپ بندی فروری میں شروع ہوئی تھی ۔ پنیر سیلوم نے اس وقت ششی کلا کے خلاف بغاوت کردی تھی اور کہا تھا کہ انہیں چیف منسٹر ی چھوڑنے پر مجبور کیا گیا ۔ بعد ازاں ششی کلا نے پنیر سیلوم کو لیجسلیچر پارٹی قائد بنادیا تھا کیونکہ انہیں غیر متناسب اثاثے کیس میں سزا کاٹنے کے لئے بنگلور وجیل جانا پڑا تھا۔ چیف منسٹر پلانی سوامی اور ان کی حکومت کا باغی پنیر سیلوم اور اپوزیشن ڈی ایم کے مذاق اڑایا کرتے تھے کہ یہ ششی کلا کی در پردہ حکومت ہے۔ جاریہ سال اپریل میں ایک سیاسی موڑ اس وقت آیا تھا کہ جب ٹاملناڈو کابینہ نے ششی کلا اور دینا کرن کو درکنار کرنے کے اشارے دئیے تھے۔ حکومت نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ جیہ للیتا کی موت کی تحقیقات کرائے گی۔ اس نے کہا تھا کہ اماں کے پوئس گارڈن بنگلہ کو یادگار بنادیاجائے گا۔ پنیر سیلوم گروپ کے یہ اہم مطالبات جب مان لئے گئے تواتحاد کا عمل تیزہوگیا۔ کئی دور کی بات چیت کے بعد انضمام کی راہ ہموار ہوگئی۔

AIADMK factions merge finally, Panneerselvam is deputy CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں