ٹاملناڈو کو 6 ہزارکیوزک پانی جاری کرنے سپریم کورٹ کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-21

ٹاملناڈو کو 6 ہزارکیوزک پانی جاری کرنے سپریم کورٹ کا حکم

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سپریم کورٹ نے کرناٹک حکومت کو ہدایت دی کہ وہ21تا27ستمبر تک ٹاملناڈو کو روزانہ 6ہزار کیوزک پانی سربراہ کرے ۔ جب کہ سپر وائزی کمیٹی نے تین ہزار کیوزک پانی کی سربراہی کے لئے کہا تھا۔ جسٹس دیپک مشرا اور جسٹس ادیا منیش للت پر مشتمل سپریم کورٹ کی بنچ نے طویل بحث کے بعد کرناٹک حکومت کو حکم دیا کہ وہ تاملناڈو کو فی الحال 27ستمبر تک 6ہزارکیوزک پانی سربراہ کرے سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت سے کہا کہ اندرون چار ہفتہ کاویری مینجمنٹ بورڈ کی تشکیل کرے ۔ عدالت نے دونوں ریاستوں ٹاملناڈو اور کرناٹک اس بات کی آزادی دی کہ وہ کاویری سپر وائزری کمیٹی کی ہدایت کے خلاف اندرون تین یوم کاویری نگرانی کمیٹی کے سامنے اپنا اعتراض درج کراسکتے ہیں ۔ عدالت نے آئندہ سماعت کے دوران مرکز کو موجود رہنے کی ہدایت دی ۔ قبل ازیں دریائے کاویری کے پانی کی تقسیم کے سلسلے میں کرناٹک اور ٹاملناڈو کے درمیان جاری تنازعہ پر آج سپریم کورٹ میں ہونے والی سماعت کے پیش نظر کرناٹک بالخصوص دریائے کاویری کے طاس کے علاقوں میں احتیاطی اقدام کے طور پر امتنائی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ کرناٹک کے ضلع مانڈیا کے پانچ تعلقوں میں اسکولوں کو بند رکھا گیا ۔ لا اینڈر آرڈر کی صورتحال کو معمول پر رکھنے کے لئے ضلع میں سیکوریٹی فورسز کے چار ہزار سے زیادہ جوان تعینات کئے گئے ہیں ۔ ضلع پولیس نے کے آر ایس آبی ذخائر اور بنگلور، میسور ہائی وے سمیت تمام حساس مقامات کی سیکوریٹی بڑھا دی ہے ۔ رام نگر ضلع میں بھی حکم امتناع نافذ ہے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہند، تبت سرحدی پولیس کی کچھ پلا ٹون، نیم فوجی دستے کی چھ کمپنیوں ، فوری کارروائی دستہ ار انسداد فساد دستہ کی پینتیس پلاٹون کو ضلع بھر میں تعینات کیا گیا ہے۔اس درمیان پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں فساد کرنے اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 110افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ کاویری نگراں کمیٹی نے کرناٹک حکومت کو 30ستمبر تک تمل ناڈو کے لئے روزانہ تین ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کو کہا ہے ۔ میسور کے ڈپٹی کمشنر ڈی رندیپ نے کہا کہ اسکول اور کالج کھلے رہیں گے اور ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں کی بنگلوراور ریاست کے دوسرے حصوں تک آمد و رفت بحال ہوگئی ہے ۔ پولیس انسپکٹر روی ڈی چننا نادر نے کہا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اضافی سیکوریٹی فورسز تعینات کی گئی ہے ۔
بنگلورو
پی ٹی آئی
کرناٹک کے چیف منسٹر سدا رامیا نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کو ناقابل عمل بتایا جس میں کرناٹک کو ہدایت دی گئی کہ ٹاملناڈو کو27ستمبر تک کاویری کا چھ ہزار کیوزک پانی جاری کیاجائے ۔ انہوں نے آئندہ اقدام کے تعین کے لئے چہار شنبہ کو کابینہ کا اجلاس اور کل جماعتی اجلاس طلب کیا انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے ایک حکم جاری کیا ہے ۔ ہمارے پاس چونکہ پانی نہیں ہے اسی لئے اس پر عمل کرنا بہت مشکل ہے ۔

Release 6000 cusecs Cauvery water to Tamil Nadu till Friday: SC to Karnataka

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں