لوک سبھا اور اسمبلیوں کے ایک ساتھ انتخابات - الیکشن کمیشن کی تائید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-09

لوک سبھا اور اسمبلیوں کے ایک ساتھ انتخابات - الیکشن کمیشن کی تائید

نئی دہلی
پی ٹی آئی
الیکشن کمیشن نے لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے ایک ساتھ انتخابات منعقد کرنے حکومت کے خیال کی تائید کی لیکن واضح کیاکہ اس پر بہت زیادہ مصارف آئیں گے اور بعض ریاستی اسمبلیوں کی میعاد میں کمی یا توسیع کے لئے دستور میں ترمیم کرنا ہوگا ۔ وزارت قانون نے کمیشن کو پارلیمانی اسٹینڈنگ کمیٹی کی رپورٹ پر خیالات ظاہر کرنے کے لئے کہا تھا، کمیٹی نے ایکساتھ انتخابات منعقد کرنے کی تجویز رکھی ہے ۔ وزارت قانون کو مئی میں اپنے جواب میں کمیشن نے کہا کہ وہ تجویز کی تائید کرتا ہے لیکن اس کے لئے9ہزار کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئے گی۔ پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش ہوتے ہوئے کمیشن نے ایسی ہی مشکلات کا اظہار کیا تھا ۔ کمیشن نے حکومت کے ساتھ ساتھ کمیٹی کو بتایا کہ ایکساتھ انتخابات کے انعقاد کے لئے بڑے پیمانہ پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور ووٹر کی جانچ کے کاغذکی مشینیں خریدنی ہوں گی ۔ ایک ساتھ انتخابات کے انعقاد کے لئے کمیشن نے توقع ظاہر کی کہ ان مشینوں کی خریدی کے لئے جملہ 9,284.15کروڑ روپے کی ضرورت ہوگی۔ پارلیمانی کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے حوالہ سے بتایا کہ ان مشینوں کو ہر پندرہ برس میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہوگی اور ایک بار پھر بھاری اخراجات آئیں گے ۔ مزید برآں ان مشینوں کو رکھنے کے لئے گوداموں کی لاگت میں بھی اضافہ ہوگا ۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر حکومت نے مسئلہ کا جائزہ لینے کے لئے پہلے ہی وزراء کا ایک گروپ تشکیل دیا ہے ۔ یہ گروپ نئے ووٹنگ مشینوں کی خریدی کے لئے الیکشن کمیشن کی تجویز کا جائزہ لے گا ۔ اس کے علاوہ یہ گروپ لوک سبھا اور اسمبلیوں کے ایک ساتھ انتخابات منعقد کرنے کے امکان کا بھی جائزہ لے گا تاکہ جمہوری عمل میں ہونے والے اخراجات کو کم کیاجاسکے ۔ انتخابی قانون کے مطابق ایوان کی میعاد ختم ہونے سے چھ ماہ قبل انتخابات منعقد کئے جاسکتے ہیں ۔ حکومت کا احساس ہے کہ ایک ساتھ انتخابات کے انعقاد سے یکمشت لاگت بھاری ہوگی، لیکن انتخابی بندوبست جیسے نیم فوجی فورسس اور پولنگ عملہ کی تعیناتی کے لئے اخراجات میں کمی آئے گی۔

Can hold Lok Sabha, all state polls at once: Election Commission

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں