بی جے پی اور ہندو توا عناصر فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کوشاں - سی پی آئی ایم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-09

بی جے پی اور ہندو توا عناصر فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کوشاں - سی پی آئی ایم

نئی دہلی
آئی اے این ایس
سی پی آئی ایم نے آج بی جے پی اور ہندو توا عناصر پر الزام عائد کیا کہ وہ اتر پردیش میں بیف کے استعمال کے نام نہاد مسئلہ پر فرقہ ورانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ سی پی آئی ایم نے کہا کہ اتر پردیش کے دادری علاقہ میں ستمبر2015میں محمد اخلاق کا قتل اور ان کے خاندان پر حملہ کے واقعہ کو اب ذبیحہ گاؤ اور بیف کے استعمال سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ متھرا کے ایک مبینہ فارنسک لیاب کی رپورٹ کا استعمال کرتے ہوئے یہ کہاجارہا ہے کہ اخلاق کے گھر میں پایا جانے والا گوشت بکرے کا نہیں بلکہ گائے کا تھا۔ موضع میں منعقدہ ایک میٹنگ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اخلاق کے ارکان خاندان کے خلاف کیس درج کیا گیا۔ سی پی آئی ایم نے اپنے بیان میں کہا کہ انتظامیہ کو بیس دن کا الٹی میٹم دیا گیا ہے کہ وہ اس معاملہ میں کارروائی کرے اور یہ انتباہ بھی دیا گیا ہے کہ ایسا کرنے میں ناکامی سے عوامی برہمی پیدا ہوگی۔ سی پی آئی ایم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت کے ایک اور وزیر سنجیو بالیان نے جنہیں قبل ازیں مظفر نگر فسادات سے متعلق کیسس میں ماخوذکیا گیا تھا، اشتعال انگیز بیان دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تحقیقات کرتے ہوئے یہ پتہ چلایاجائے کہ اخلاق کے علاوہ اور کس کس نے بیف استعمال کیا تھا ۔ دیگر بی جے پی قائدین نے بھی اخلاق کے ارکان خاندان کے خلاف کارروائیکا مطالبہ کیا ہے ۔ یہ تمام بیانات فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کے مقصد سے دئیے جارہے ہیں اور اتر پردیش میں آئندہ سال مقرر اسمبلی انتخابات سے قبل فرقہ ورانہ پھوٹ ڈالنے بی جے پی کے عظیم تر منصوبہ کا حصہ ہیں۔ سی پی آئی ایم نے اتر پردیش انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ فرقہ وارانہ نفرت پیدا کرنے پر بالیان اور دیگر کے خلاف کیسس درج کرے ۔ پارٹی نے کہا کہ وہ ان تمام عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹے اور جو فرقہ ورانہ جذبات کو بھڑکانے اور تشدد پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اخلاق قتل کیس کے تمام ملزمین کے کلاف قانونی کارروائی میں کوئی لا پرواہی نہیں ہونی چاہئے۔ پی ٹی آئی کے بموجب سی پی آئی ایم نے مطالبہ کیا کہ فرقہ وارانہ نفرت بھڑکانے کے سلسلہ میں مرکزی وزیر سنجیو بالیان اور دیگر بی جے پی قائدین کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں ۔ ان قائدین نے مبینہ طور پر یہ پتہ چلانے کا مطالبہ کیا ہے کہ اخلاق کے علاوہ اور کس کس نے بیف کا استعمال کیا تھا۔

BJP raising communal tensions: CPI-M

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں