پی ٹی آئی
صدر آر جے ڈی لالو پرساد نے آج دعویٰ کیا کہ مرکز سنٹرل یونیورسٹیوں میں پروفیسر اور اسوسی ایٹ پروفیسرس کی بھرتیوں کے لئے دیگر پسماندہ طبقات کے لئے27فیصد کے کوٹہ کو ختم کررہی ہے اور الزام عائد کیا کہ یہ دلتوں کے مسیحا بی آر امبیڈکر کے نظریہ کے قتل کی کوشش ہے ۔ تاہم دہلی میں ایک سینئر یوجی سی عہدیدار نے وضاحت کی کہ2007میں طئے شدہ قواعد کے مطابق دیگر پسماندہ طبقات کے امید واروں کے لئے27فیصد کے تحفظات کے انٹری لیول پر فیکلٹی ملازمتوں کے لئے اجازت دی گئی ہے اور زور دے کر کہا کہ تحفظات پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ سنٹرل یونیورسٹیوں کو3جون کے یوجی سی کے مکتوب پر وزارت فروغ انسانی وسائل پر تنقید کرتے ہوئے لالو پرساد نے دعویٰ کیاکہ یہ آر ایس ایس کی دیگر پسماندہ طباقات کے لئے دستوری تحفظات کی فراہمی سے کھلواڑ کی کوشش ہے ۔ انہوں نے دریافت کیا کہ دیگر پسماندہ طبقات کے تحفظات کو چراتے ہوئے آپ کسے فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔ صدر آر جے ڈی نے دعویٰ کیا کہ سرکاری ڈاٹا کے مطابق ایس سی، ایس ٹی ، او بی سی کوٹے کی60فیصد سے زائد کی پروفیسرس کی نشستیں خالی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ناگپور کے خیالات کو دستور پر ترجیح دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی کا60فیصد سے زائد حصہ دیگر پسماندہ طبقات پر مشتمل ہے اور یہ اس نا انصافی کو برداشت نہیں کرے گا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس حکومت پر سبقت حاصل کررہا ہے ۔ وزیر اعظم کہاں ہیں جو دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ایک پسماندہ طبقہ کی والدہ کے سپوت ہیں۔ لالو پرساد نے الزام عائد کیا کہ تاریخ کا المیہ دیکھئے کہ یہ سماج دشمن کام او بی سی وزیر اعطم کی حکومت میں کیاجارہا ہے۔ لالو پرساد خود بھی ایک طاقتور او بی سی قائد ہیں جنہوں نے او بی سی کے لئے کوٹہ پر منڈل کمیشن کی رپورٹ پر عمل آوری میں اہم رول ادا کیا تھا۔ اسی دوران سنٹرل یونیورسٹیوں میں پروفیسروں کی بھرتیوں میں دیگر پسماندہ طبقات کے لئے27فیصد کے کوٹہ کو ختم کرنے کے صدر آر جے ڈی لالو پرساد یادو کے دعوے کے بعد جنتادل یو قائد شام رجک نے الزام عائد کیا کہ پچھڑے طبقات کے لئے تحفظات کو ختم کرنے کی جانب یہ پہلا قدم ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ سنٹرل یونیورسٹیوں کو یو جی سی کی جانب سے3جون کو تحریر کردہ مکتوب کے ذریعہ آر ایس ایس کے منو وادی ایجنڈہ کو شروع کیا گیا ہے ۔ سماج کے پچھڑے طبقات کو تحفظات کو ختم کرنے کی سمت میں یہ پہلا قدم ہے ۔ بہار قانون ساز اسمبلی میں ڈپٹی لیڈر نے دعویٰ کیا کہ اس کے بعد این ڈی اے حکومت بتدریج درج فہرست طبقات و درج فہرست قبائل کے تحفظات کو ختم کرے گی ۔ اس سے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے دلتوں اور پسماندہ طبقات کے لئے ارادوں کی عکاسی ہوتی ہے ۔ وزیر اعظم اور آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت دلتوں کے مسیحا بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کو پھول مالا پہناتے ہوئے دلتوں کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ رجک نے جو جنتادل یو میں اہم دلت لیڈر ہیں ، دلتوں اور پسماندہ طبقات سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلہ پر این ڈی اے حکومت کے خلاف ملک گیر ایجی ٹیشن شروع کرنے کے لئے متحد ہوں ۔
Lalu lashes out at Centre on quota issue
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں