نہرو نے کشمیر پر تاریخی غلطی کی - امیت شاہ کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-30

نہرو نے کشمیر پر تاریخی غلطی کی - امیت شاہ کی تنقید

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بی جے پی صدر امیت شاہ نے آنجہانی جواہر لال نہرو کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیر پر تاریخی غلطی کی ۔ امیت شاہ نے ملک کی تقسیم کے لئے اس وقت کی کانگریس قیادت پر بھی نکتہ چینی کی۔ کشمیر میں1948میں پاکستان کے حمایتی قبائلی حملہ آورں کو پسپا کیے جانے کے دوران لڑائی بندی کا اعلان کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر یہ فیصلہ نہیں کیا جاتا تو آج جموں وکشمیر کا مسئلہ ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ امیت شاہ نے یہاں نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری میںایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اچانک بلا وجہ لڑائی بندی کا اعلان کردیا گیا تھا، جسکی وجہ آج تک معلوم نہ ہوسکی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ فیصلہ کسی (نہرو کی) شخصی شبیہ کو بہتر بنانے کے لئے کیا گیا تھا اور اس بات پر اظہار تاسف کیا کہ اس فیصلہ کی وجہ سے آج کشمیر کا ایک حصہ پاکستان کے قبضہ میں ہے ۔ یہ تقریب بھارتیہ جن سنگھ کے بانی شیاما پرساد مکرجی کی یاد منانے کے لئے منعقد کی گئی ، جس میں گورنر تریپورہ تتھا گت رائے نے بھی لکچر دیا ۔ رائے اپنے لکچر میں ان حالات پر سوال اٹھائے جن کے نتیجہ میں1953ء میں کشمیر میں شیاما پرساد مکرجی کی موت ہوئی تھی، جہاں وہ ایک احتجاج میں حصہ لینے گئے تھے ۔ رائے نے ان واقعات سے نمٹنے نہرو کے طریقہ کار اور اس معاملہ کی تحقیقات نہ کرانے کے فیصلہ پر بھی سوال اٹھائے۔ امیت شاہ نے کہا کہ ایک بڑا طبقہ یہ مانتا ہے کہ شیاما پرساد مکرجی کی موت نہیں ہوئی تھی بلکہ انہیں قتل کیا گیا تھا ۔ اگر تحقیقات کرائی جاتیں تو سچائی سامنے آسکتی تھیں ۔ جن سنگھ کے بانی کے رول کی ستائش کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ انہوں نے بنگال میں ہندوؤں کے مسائل اٹھانے میں کلیدی رول ادا کیا تھا ۔ آج اگر کولکتہ ہندوستان کا حصہ ہے اور کسی فرد واحد نے اس کے لئے جدو جہد کی ہے تو اس کا سہرا صرف اور صرف شیاما پرساد مکرجی کو دیاجاسکتا ہے ۔ شاہ نے دعویٰ کیا کہ اگر ماقبل آزادی کانگریس قیادت عجلت نہ کرتی تو ہندوستان کی تقسیم کو روکا جاسکتا تھا ۔ امیت شاہ نے کہا کہ آزادی کے وقت کانگریس قیادت آزادی حاصل کرنے انتہائی بے چین تھی ۔ وہ سب بوڑھے ہوتے جارہے تھے اور انہیں یہ پریشانی لاحق تھی کہ اگر اس میں تاخیر ہوجائے تو کیا ہوگا، لیکن اس وقت ایک نوجوان قائد نے سوچا کہ ایک غلطی نہیں ہونی چاہئے اور اس طرح بنگال کو بچایاجاسکا۔

Amit Shah blames Nehru's 'historic blunder' for 'Kashmir issue'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں