مرکزی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ - کابینہ کی منظوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-30

مرکزی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ - کابینہ کی منظوری

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی حکومت کے ایک کروڑ سے زائد ملازمین اور وظیفہ یابوں کو بڑی مسرت کا سامان فراہم کرتے ہوئے مرکز نے ساتویں پے کمیشن کی سفارش کو منظوری دے دی ہے جس نے مجموعی مشاہرہ پر23.5فیصد اضافہ کی سفارش کی تھی ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے وزیرا عظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینی اجلاس کے فوری بعد ٹوئیٹر پر اطلاع دیتے ہوئے کہا مرکزی حکومت کے عہدیداروں، ملازمین اور وظیفہ یابوں کو ان کی تنخواہوں اور بھتوں میں ساتویں پے کمیشن کے ذریعہ تاریخی اضافہ مبارک ہو۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ سفارشات پر عمل آوری یکم جنوری2016سے ہوگی۔ کمیشن کی سفارشات پر غور کے بعد تنخواہوں اور بھتوں میں مجموعی طور پر23.55فیصد اضافہ کیا گیا جس سے حکومت پر1.02لاکھ کروڑ روپے کا زائد بوجھ عائد ہوگا ۔ سفارش کے مطابق ابتدائی یافتہ کو7,000روپے سے بڑھا کر 18,000روپے کردیا گیا ہے جب کہ اعظم ترین یافت کو جا کابینی معتمد پ اتے ہیں،2.5لاکھ روپے ماہانہ کردیا گیا ۔ اس دوران کنفڈریشن آف سنٹرل گورنمنٹ ایمپلائز نے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ اضافہ کو مسترد کردیا اور آئندہ ہفتہ ہڑتال کرنے کی دھمکی دی ۔ اس فیصلہ کو مرکزی کابینہ ٹریڈ یونین کی تائید حاصل ہوئی ہے ۔ کنفیڈریشن نے کہا کہ مرکزی کابینہ کی جانب سے منظور ہ اضافہ قابل قبول نہیں ہے ۔ آر ایس ایس سے ملحقہ بھارتیہ مزدور سنگھ اور دوسری ٹریڈ یونینس نے بھی اضافہ کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ گزشتہ سترہ برسوں میں سب سے کم اضافہ ہے جس سے کم سے کم اور زیادہ اجرت کے درمیان تفافت میں اضافہ ہوگا ۔ مرکزی ٹریڈ یونینس نے ملازمین کی تائید کرتے ہوئے تنخواہوں مین اس اضافہ کے خلاف ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا۔ٹاملناڈو میں کنفیڈریشن کے جنرل سکریٹری این درئی پانڈین نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں مجوزہ اضافہ ناکافی ہے ۔ یہ ہمارے قابل قبول نہیں ہے ۔ نیشنل مزدور سنگھ نے مرکزی کابینہ کے فیصلہ خیر مقدم کیا ہے اور اسے تاریخی قرار دیا ہے ۔ کانگریس پارٹی نے آج رات مودی حکومت پر ناکافی اضافہ کے ذریعہ سرکاری ملازمین کو مایوس کرنے کا الزام لگایا ۔ پارٹی کے ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ98لاکھ ملازمین مہنگائی اور قیمتوں میں اضافہ کے اس دور میں تنخواہوں اور الاؤنس میں ناکافی اضافہ مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں ۔ اس دوران ایک اطلاع کے مطابق مسلح افواج بھی اضافہ سے ناخوش ہیں ۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر نے اعتراف کیا کہ ان کی بعض سفارشات کو قبول نہیں کیا گیا۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ ہم اب بھی تفصیلات کا انتظار کررہے ہیں ۔ لیکن اب تک کوئی اچھی باتیں نظر نہیں آئیں۔

cabinet approved 7th CPC pay scales central govt employees

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں