استنبول ایرپورٹ پر فائرنگ و خود کش دھماکے - 41 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-30

استنبول ایرپورٹ پر فائرنگ و خود کش دھماکے - 41 ہلاک

استنبول
پی ٹی آئی
استنبول انٹر نیشنل ایر پورٹ پر خود کش بم برداروں کے خود کار اسلحہ سے حملوں میں41افراد بشمول غیر ملکی باشندے ہلاک ہوگئے۔ ترکی نے اس حملہ کے لئے اسلامک اسٹیٹ پر انگشت نمائی کی ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ آوروں نے اتاترک ایر پورٹ کے باب الداخلہ پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور پھر خود کو دھماکہ سے اڑا لیا ۔ یہ ایر پورٹ یوروپ کے مصروف ترین ایر پورٹس میں سے ایک ہے ۔ اس حملہ کی کسی نے فوری ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن وزیر اعظم بنالی یلدرم نے کہا کہ شواہد سے داعش کی جانب اشارہ ملتا ہے ۔ شہر کے گورنر نے بتایا کہ41افراد بشمول13غیر ملکی ہلاک اور239زخمی ہوئے ہیں ۔ مہلوکین میں کوئی سعودی ، ایک چینی، ایک تیونسی اور ایک یوکرینی باشندہ شامل ہے ۔ صدر رجب طیب اردگان نے آج یوم قومی سوگ کا اعلان کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی مشترکہ لڑائی پر زور دیا۔ سوشیل میڈیا پر وسیع تر گشت کردہ سیکوریٹی کیمرہ فوٹیج میں دو دھماکوں کی تصاویر بتائی گئیں۔ ایک کلپ میں ٹرمینل بلڈنگ کے باب الداخلہ پر آگ کا مہیب مرغولہ اٹھتے ہوئے دیکھایا گیا جس سے مسافرین میں دہشت پھیل گئی ۔ ایک اور ویڈیو میں سیاہ لباس میں ملبوس حملہ آور کو عمارت کے اندر دوڑتے ہوئے دکھایا گیا بعد ازاں وہ فرش پر گر پڑا ۔ غالبا وہ پولیس کی گولی سے زخمی ہوگیا تھا پھر اس نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا ۔ مقامی مردہ خانے کے باہر خواتین زاروقطار رو رہی تھیں جبکہ ارکان خاندان استنبول کے کئی ہاسپٹلس کے باہر اپنے عزیز و اقارب کے بارے میں خبروں کا بے چینی سے انتظار کررہے تھے ۔ ایک خاتون اطفہ محمد عبداللہ نے بتایا کہ وہ اپنے لگیج کی چیکنگ کررہی تھیںکہ ایک حملہ آور کو اپنی چھپائی ہوئی بندوق کو نکالتے ہوئے دیکھا ۔ اس نے بتایا کہ اس نے فائرنگ کا آغاز کردیا۔ جنوبی افریقہ یونیورسٹی کی اڈمنسٹریٹر نے بتایا کہ جب حملہ آور نے فائرنگ شروع کی تو اس نے خود کو کاؤنٹر کے نیچے چھپا لیا ۔ وہ اور دیگر مسافرین ایک بیسمنٹ میں پناہ لینے پر مجبور ہوئے اور دو گھنٹے بعد باہر نکلے ۔ جب ہم ایر پورٹ سے گزرے تو ہم نے ملبہ اور خون دیکھا ۔ ہر طرف افرا تفری تھی۔ اے پی کے بموجب اسلامک اسٹیٹ گروپ کے تین مشتبہ خود کش بمباروں نے استنبول کے اتاترک ایر پورٹ کے انٹر نیشنل ٹرمنل کو نشانہ بنایا ۔ کم از کم41افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ عہدیدار نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ50کے قریب پہلے ہی مرچکے ہیں لیکن اس نے بعد ازاں کہا کہ مہلوکین کی تعداد50تک پہنچنے کی توقع ہے ۔ یلدرم نے کہا کہ حملہ تین خود کش بمباروں نے کیا اور ابتدائی اشارہ مل رہا ہے کہ اس میں اسلامک اسٹیٹ گروپ کا ہاتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور ، ٹیکسی میں ایر پورٹ پہنچے فائرنگ کی اور خو د کو دھماکہ سے اڑالیا۔

دریں اثنا نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب ترکی کے اتاترک ایر پورٹ کے انٹر نیشنل ٹرمنل پر دہشت گرد حملہ میں کسی ہندوسانی کے ہلاک ہونے کی تا حال کوئی اطلاع نہیں ہے جہاں اسلامک اسٹیٹ کے تین مشتبہ دہشت گرد وں نے کم از کم36افراد کو ہلاک کردیا۔ وزارت خارجہ کا بھی کہنا ہے کہ ہندوستانی قونصل خانہ استنبول کی گورنر یٹ سے ربط میں ہے اور مدد کے خواہاں ہندوستانیوں کے لئے ایمرجنسی رابطہ نمبر دئیے گئے ہیں ۔ وزارت نے کہا کہ کسی ہندوستانی کے ہلاک ہونے کی تا حال کوئی اطلاع نہیں۔

Istanbul Ataturk airport attack: 41 dead

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں