پی ٹی آئی
پاکستان نے آج پنجاب کے سابق آزاد خیال گورنر سلمان تاثیر کا قتل کرنے والے سابق پولیس کمانڈو ممتاز قادری کو پھانسی دے دی ہے ۔ جس کے ساتھ ہی اسلام پسندوں نے آج کے دن کو یوم سیاہ قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں زبردست احتجاج شروع کردیا۔ توہین رسالت ؐ کے قوانین پر تنقید کرنے کے نتیجہ میں قادری نے اسلام آباد کے ایک پاش علاقہ میں دن دھاڑے تاثیر پر28مرتبہ گولیاں چلاتے ہوئے انہیں ہلاک کردیا تھا ۔ یہ واقعہ2011ء میں پیش آیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ راولپنڈی کی اڈیالا جیل میں صبح4:30بجے ممتاز قادری کو پھانسی دے دی گئی ۔ اطلاع پھیلنے کے چند گھنٹے بعد ملک کے متعدد شہروں میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور قادری کی حمایت میں نعرے لگانے لگے ، جنہیں وہ ہیرو سمجھتے ہیں۔ قادری کے حامیوں نے پہلے ہی دھمکی دی تھی کہ اگر انہیں پھانسی دی گئی تو تشدد بھڑک اٹھے گا۔ راولپنڈی میں قادری کے مکان کے باہر رینجرس اور پولیس کو تعینات کیا گیا تھا جہاں سینکڑوں مظاہرین جمع ہوئے۔ اسلام آباد میں بھی تقریبا یہی صورتحال دیکھی گئی۔ سنی گروپوں کے کارکنوں نے راولپنڈی میں اہم سڑکوں کے راستے بند کردئیے اور دارالحکومت اسلام آباد کو جوڑنے والی شاہراہ کو دھرنا دیتے ہوئے منقطع کردیا۔ ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ سڑکوں پر نیم فوجی فورسس اور پولیس گشت کررہی ہے ۔ صوبہ پنجاب اور راولپنڈی میں ہائی الرٹ کے احکام جاری کردئیے گئے ہیں۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ سڑکوں پر راستہ کھولنے کے لئے زائد پولیس فورس بھیج دی گئی ہے ۔ جنوری2011ء میں تاثیر کا قتل کرنے کے بعد قادری نے جرم کا اعتراف کرلیا اور کہا تھا کہ انہوں نے توہین رسالت کے قوانین میں اصلاح سے متعلق گورنر کے بیانات پر اعتراض کیا تھا۔ 66سالہ تاثیر نے ایک عیسائی کاتون کی حمایت میں مذکورہ بیان دیا تھا جس پر اہانت کا الزام تھا ۔ تاثیر نے اس قانون کو سیاہ قانون قرار دیا تھا جس پر کٹر مذہب پسند طبقہ سخت برہم ہوگیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے اسی سال قادری کو قصور وار قرار دیتے ہوئے سزائے موت سنائی جسے بعد میں اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے بھی برقرار رکھا ۔ عدالت عظمیٰ نے گزشتہ سال14دسمبر کو قادری کی درخواست نظر ثانی کو مسترد کردیا۔ اس کے بعد وہ صدر ممنون حسین کے پاس درخواست رحم کے ساتھ رجوع ہوئے، تاہم صدر نے بھی ان کی درخواست کو مسترد کردیا۔ سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے پھانسی دئیے جانے کی مذمت کی اور کہا کہ ملک کی تاریخ کا یہ سیاہ دن ہے ، جنہوں نے انہیں پھانسی کے پھندہ سے لٹکایا ہے وہ آخرت میں ناکام ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق ممتاز قادری کی نماز جنازہ اور تدفین کل راولپنڈی میں عمل میں آئے گی ۔ پاکستان میں توہین رسالت قانون، سابق فوجی حکمراں ضیاء الحق نے1980ء میں وضع کیا تھا جس کے بعد سینکڑوں افراد پر اس کے تحت مقدمہ چلایا گیا۔
Salman Taseer murder: Pakistan hangs Mumtaz Qadri
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں