مشہور ادیبہ اروندھتی رائے کو راحت دینے سے سپریم کورٹ کا انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-23

مشہور ادیبہ اروندھتی رائے کو راحت دینے سے سپریم کورٹ کا انکار

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سپریم کورٹ نے آج بمبئی ہائی کورٹ کی جانب سے ادیبہ اروندھتی رائے کے خلاف جاری کردہ فوجداری تحقیر عدالت نوٹس پر حکم التوا جاری کرنے سے انکار کردیا۔ واضح رہے کہ بمبئی ہائیکورٹ نے ایک ہفتہ واری میگزین میں مضمون لکھنے پر جس میں دہلی یونیورسٹی کے پروفیسر جی این سائی بابا کو مستقل حراست میں رکھنے پر سوال اٹھایا گیا تھا، ادیبہ کو نوٹس جاری کی تھی ۔ سپریم کورٹ نے اروندھتی رائے کو 25جنوری کو ہائیکورٹ کی واحد رکنی ناگپور بنچ پر شخصی حاضری سے استثنیٰ دینے سے انکار کردیا۔ عدالت عظمیٰ نے انہیں پیر کے دن عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دیتے ہوئے ان کی درخواست پر مدعی علیہان کو نوٹس جاری کردی جس میں ہائی کورٹ کے احکام کو چیلنج کیا گیا تھا ۔ سینئر ایڈوکیٹ چندر راؤ دئے سنگھ نے جو ادیبہ کی طرف سے پیش ہوئے تھے جب یہ استدلال پیش کرتے ہوئے ان کی شخصی حاضری پر حکم التوا جاری کرنے کی خواہش کی کہ جذبات بھڑک اٹھے ہیں اور پتلے جلائے گئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ وہ اس معاملہ کا بغور جائزہ لینے کے بعد یہ احکام صادر کررہی ہے۔ جسٹس جے ایس کیہر اور جسٹس سی ناگپن پر مشتمل بنچ نے کہا کہ آپ کو عدالت میں حاضر ہونے سے ڈرنا نہیں چاہئے ، آپ جائیں اور حاضر ہوں ہم یہاں ہیں۔ ہم نے یہ طریقہ کار شروع کیا ہے اور اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہم نے اس کے بارے میں سنجیدگی سے غور کیا ہے۔ اروندھتی کے وکیل نے جب ایک بار پھر انہیں پیر کے روز شخصی حاضری سے استثنیٰ دینے کی گزارش کی تو بنچ نے کہا کہ ہم آپ کی درخواست منظور یا مسترد کرنا نہیں چاہتے ۔ بمبئی ہائی کورٹ نے23دسمبر2015کو ادیبہ کے خلاف تحقیر عدالت نوٹس جاری کی تھی ۔ واضح رہے کہ گڈ چرولی پولیس نے2014میں سائی بابا کو ماوسٹوں سے مبینہ روابط کے سلسلہ میں گرفتار کیا تھا۔ وہ گزشتہ سال جون سے ضمانت پر ہیں ۔ اروندھتی رائے نے گزشتہ سال ایک ہفتہ واری میگزین میں اپنے مضمون میں سائی بابا کی گرفتاری پر اپنے خیالات کا اظہار کیاتھا۔

Supreme Court refuses to exempt Arundhati Roy from appearing in contempt case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں