ہند پاک مذاکرات بند نہ کرنے درپردہ تحریک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-06

ہند پاک مذاکرات بند نہ کرنے درپردہ تحریک

نئی دہلی
یو این آئی
پٹھان کوٹ پر دہشت گردانہ حملہ کے مد نظر ہند پاک مذاکرات کومنسوخ ہونے سے بچانے کے لئے جو در پردہ تحریک چلائی جارہی ہے اسے کافی حمایت مل رہی ہے کیونکہ دونوں جانب سے مصالحتی باتیں ہورہی ہیں ۔ تاہم امور خارجہ کی وزارت نے اس معاملہ پر دانستہ خاموشی اختیار کررکھی ہے اور سیاسی قیادت پر رد عمل کی ذمہ داری چھوڑ دی ہے ۔ اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے اپیل کی ہے کہ بات چیت کی عمل کو جاری رکھاجائے ۔ پچھلے موقف کے برعکس پاکستان نے اس مرتبہ اپنے لوگوں کے رول سے انکار نہیں کیا ہے اور تکلیف دہ انداز میں اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ وہ ہندوستان کی جانب سے فراہم کردہ سراغوں پر کام کررہا ہے۔ سمجھاجاتا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت دول نے اپنے ہم منصب لفٹننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ کے ساتھ بات چیت کی تھی اس کے بعد ہی پٹھان کوٹ حملہ میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرحد پار سر پرستوں کے درمیان ٹیلی فون پر ہوئی بات چیت کی ریکارڈنگ پاکستانی حکام کو سونپی گئی تھی۔ حکمراں جماعت نے اپنا رد عمل بہت احتیاط سے ظاہر کیا ہے ۔ مودی حکومت کے بیشتر وزیر ہند پاک بات چیت کے معاملہ میں تحمل سے کام لے رہے ہیں ۔ نئی دہلی حکومت کے موقف کو بیان کرتے ہوئے سینئر مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے کہا کہ آئندہ کیا کرنا ہے اس کا فیصلہ پٹھان کوٹ کے فضائی اڈے کی تلاشی کا کام مکمل ہونے کے بعد کیاجائے گا۔ تعجب کی بات ہے کہ پاکستانی دفتر کا رویہ بیحد ہمدردانہ ہے ۔ ماضی سے ہٹ کر اس نے کہا ہے ہم ان خاندانوں کا دکھ سمجھ رہے ہیں ، جنہوں نے اس المیہ میں اپنے پیاروں کو کھودیا ہے کیونکہ پاکستان خود بھی دہشت گرد ی کا بہت بڑا شکار رہا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے پٹھان کوٹ میں ہوئے افسوسناک واقعہ کی پاکستان صاف طور پر مذمت کرتا ہے نیز کہا کہ چونکہ پاکستان نے دہشت گردی سے موثر طریقہ سے نمٹنے اور اسے مٹانے کا عزم کررکھا ہے ۔ سرکار ہندوستانی حکومت کے ساتھ رابطہ میں ہے اور اس کے فراہم کردہ سراغوں پر کام کررہی ہے ۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے آگے آکر کہا ہے کہ ایک ہی خطہ میں رہنے اور مشترکہ تاریخ ہونے کی وجہ سے دونوں ملکوں کو مذاکرات کا عمل جاری رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں