پی ٹی آئی
مرکز پر ایک تازہ نشانہ لگاتے ہوئے چیف منسٹر کجریوال نے آج اس پر الزام عائد کیا کہ وہ دہلی حکومت کے خلاف کئی رکاوٹیں کھڑی کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے وزراء اور مودی حکومت کے درمیان دیواربن کر کھڑے ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مرکز، ہمارے کام انجام دینے میں ہمارے لئے رکاوٹیں تخلیق کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا ہے ۔ ہماری ایسی کی تیسی کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر23کلو میٹر طویل وکاس پوری ۔ وزیر آباد سگنل فری ایلیوٹیڈ راہداری(مدھو بن چک تا مکربا چوک دہلی کے باہری علاقہ مین) کے تیسرے مرحلہ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے ۔ کجریوال نے کہا وہ دہلی حکومت اور مرکز کے درمیان دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے پاس کوئی قلمدان نہیں رکھا ہے ۔ میں اپنے وزراء اور مرکزی حکومت کے درمیان دیوار کی طرح کھڑا ہوں۔ میں مرکز کی جانب سے اپنے وزراء کو تکلیف نہیں ہونے دوں گا ، میں سب سنبھال لوں گا ۔ ماضی میں مختلف مسائل بشمو ل انتظامیہ پر اور سٹی پولیس پر کنٹرول کے سلسلہ میں اے اے پی زیر قیادت دہلی حکومت اور مرکز، تلخ سیاسی جنگ میں مصروف رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے افسوس ہوتا ہے ۔ اگر مرکز نے ہمارے ساتھ مثبت رویہ اختیار کیا ہوتا اور ہماری تائید کی ہوتی تو ہم نے تا حال جو کام کئے ہیں ، ان سے دس گنا کام کئے ہوتے۔ اس طرح مجھے امید ہے کہ مرکز اب تو اپنی آنکھیں کھولے گااور حقیقت دیکھے گا۔3.8کلو میٹر طویل پٹی تیس ماہ میں 300کروڑ کے مصارف سے تعمیر کی گئی، جب کہ منظورہ رقم421.79کروڑ روپے تھی ۔ وکاس پوری۔ وزیر آباد راہداری پراجکٹ شیلا دکشت حکومت کی پہل ہے ، اے اے پی قائئد نے اس پراجکٹ کو کم وقت میں مکمل کرنے اور تعمیری اخراجات 120کروڑ روپے کم کرنے پر ہمارے پی ڈبلیو ڈی انجینئرس اور عہدیداروں کی تعریف کرنی چاہئے ۔ اسی دوران شیلا دکشت حکومت کی جانب سے کئے گئے کام کا کریڈٹ لینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کانگریس ورکرس کے ایک گروپ نے سابق ایم ایل اے کی قیادت میں فلائی اوور کے قریب احتجاج کیا۔ انہوں نے سیاہ پرچم لہرائے اور مخالف کجریوال نعرے لگائے بڈلی کے سابق کانگریسی رکن اسمبلی دیویندر یادو نے الزام عائد کیا کہ کجریوال نے ادعا کیا ہے کہ اس راہداری پراجکٹ میں جو تین مرحلوں میں پورا ہوا ، تقریبا350کروڑ روپے کی بچت کی گئی۔ ہم ان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ یہ کس طرح کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے ادعا کیا ہے کہ اختراعی تیکنکس کا استعمال کرتے ہوئے رقم بچائی گئی ، لیکن جب میں نے آرٹی آئی کے تحت معلومات چاہی تھی تب مجھے اس طرح کی کوئی معلومات نہیں دی گئی ۔
Kejriwal Says Centre Creating Hurdles For AAP govt
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں