داعش کے خلاف روس کا طالبان سے تال میل - روسی وزارت خارجہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-26

داعش کے خلاف روس کا طالبان سے تال میل - روسی وزارت خارجہ

واشنگٹن
یو این آئی
روس نے اسلامی ریاست آئی ایس کے خلاف اپنے پرانے دشمن افغان طالبان سے ہاتھ ملایا۔ لیکن اس سے وہ صرف خفیہ اطلاعات کا تبادلہ کرے گا۔ سی این این کی خبر کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریازرداردوا نے بتایا کہ ماسکو اور افغانستان طالبان کے درمیان رابطہ صرف آئی ایس کے خلا ف جنگ کے لئے اس کی سر گرمیوں کے بارے میں خفیہ اطلاعات کے تبادلہ کے مقصد سے ہوگا۔ امریکہ کے ایک فوجی کمانڈر نے گزشتہ ماہ افغانستان میں آئی ایس کے دہشت گردوں کی تعداد تین ہزار بتائی تھی ۔ پوٹین روس اور کاکیشیا اور سابق سوویت یونین کے دیگر ملکوں سے ہزاروں کی تعداد میں جہادیوں کے شام جاکر آئی ایس کے مل کر لڑنے سے فکر مند ہیں۔ افغانستان میں بھی آئی ایس کے اثرات بڑھنے سے پوٹین فکر مند ہیں اور اسے کنٹرول کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنا چاہتے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ وہ طالبان سے ہاتھ ملا رہے ہیں ۔ اسی دوران افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے داعش کی بیخ کنی کے لئے روس اور اپنی تنظیم کے درمیان رابطوں اور معلومات کے تبادلے سے متعلق روسی دعوے کی تردید کردی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایک بیان میں طالبان ترجمان نے کہا کہ داعش کے خاتمہ کی خاطر طالبان کو کسی کی مدد درکار نہیں ہے۔ روسی وزارت خارجہ میں افغان امور کے سربراہ اور کرملین میں افغان ڈیسک کے نگراں زامیر کا بولوف نے ایک بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کے ملک اور افغان طالبان کے درمیان افغانستان سے داعش کے خاتمہ کے سلسلہ میں معلومات کے تبادلہ ہوچکا ہے ۔ روسی عہدیدار نے انٹر فیکس نیوز ایجنسی کو بتایا کہ افغانستان میں داعش کا پھیلاؤ روکنے جیسے مشترکہ مفادات کے ضمن میں ماسکو اور طالبان کے درمیان رابطے موجود ہیں اور اس سلسلے میں ہمارے درمیان معلومات کا تبادلہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان اور روسی مفادات معروضی طور پر ہم آہنگ ہیں کیونکہ پاکستان اور افغانستان میں سر گرم طالبان دونوں ہی داعش اور اس کے خود ساختہ خلیفہ کو ماننے سے انکاری ہیں ۔ دریں اثناء روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخاروفا نے کابولوف کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ ماسکو اور طالبان کے درمیان رابطے محدود ہیں ۔ اور صرف معلومات کے تبادلے تک موقوف ہیں ۔ دونوں فریقین نے اس ضمن میں کوئی باقاعدہ ملاقات نہیں کی ہے ۔ ماریا کے مطابق روس طالبان کو اب بھی دہشت گرد تنظیم سمجھتا ہے ۔

Russia, Taliban share intelligence in fight against ISIS

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں