کیرتی آزاد معطلی - وزیر مالیات جیٹلی کے خلاف جانچ کمیشن کی تقرری پر تبادلہ خیال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-25

کیرتی آزاد معطلی - وزیر مالیات جیٹلی کے خلاف جانچ کمیشن کی تقرری پر تبادلہ خیال

نئی دہلی
ایجنسیاں
کیرتی آزاد کو معطل کیے جانے کے بعد بی جے پی میں سیاسی گھمسان تیز ہوگیا ہے ۔ جمعرات کو پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے درمیان ملاقات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ لال کرشن اڈوانی ، یشونت سنہا اور شانتا کمار آج مرلی منوہر جوشی کے گھر پ ہنچے ۔ جہاں ان لیڈروں نے کیرتی آزاد اور جیٹلی معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہیں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ نریندر مودی اور امت شاہ کو بہار انتخابات میں ناکامی کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا تھا ۔ اس میٹنگ میں ان لیڈروں نے یہ طے کیا کہ وہ کیرتی آزاد سے ملاقات کریں گے اور اس معاملے کو پارٹی فورم میں اٹھائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کے مارگ درشک منڈل میں شامل اڈوانی اور جوشی کے ساتھ ساتھ یہ لیڈر بھی چاہتے ہیں کہ جیٹلی کے خلاف ڈی ڈی سی اے کے سلسلے میں لگے الزامات کی جانچ کرائی جائے ۔ ڈی ڈی سی اے میں مبینہ بے ضابطگیوں کو لے کر کیرتی آزاد طویل عرصے سے آواز اٹھاتے رہے ہیں ۔ گزشتہ دنوں کیرتی آزاد نے پریس کانفرنس کر کے یہ مطالبہ دہرایاتھا۔ اس کے بعد بدھ کو پارٹی نے انہیں معطل کردیا۔ بی جے پی ممبر پارلیمنٹ شترو گھن سنہا نے واضح طور پر کیرتی آزاد کی حمایت کی ۔ گزشتہ دنوں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے الزام لگایا تھا کہ1999سے لے کر2013تک وزیر خزانہ جیٹلی ڈی ڈی سی اے کے چیرمین تھے اور ان کی مدت کے دوران کافی بے ضابطگیاں اور بد عنوانیاں ہوئیں۔ کیرتی نے اس کے بعد ڈی ڈی سی اے میں بے ضابطگیوں سے متعلق کئی انکشافات کئے تھے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بی جے پی کے یہ سینئر لیڈر ارون جیٹلی کے معاملے میں جانچ چاہتے ہیں ۔ وہ چاہتے ہیں کہ ارون جیٹلی کے خلاف تحقیقاتی کمیشن مقرر کیاجائے ۔ مانا جارہا ہے کہ جیٹلی کے خلاف تحقیقات بٹھائی جاسکتی ہے ۔ بی جے پی کے مارگ درشک منڈل کے ارکان مل کر آگے کی حکمت عملی طے کریں گے۔ معطلی کے بعد کیرتی آزاد نے پارٹی کے مارگ درشک منڈل سے اس معاملے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سینئر لیڈروں کو اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہئے۔ کیرتی آزاد نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپنی معطلی کی وجہ پوچھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعظم نریندر مودی سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ سامنے آکر بتائیں کہ میرا قصور کیا ہے ۔ میں جاننا چاہتا ہوں کہ کیا مجھے اس لئے معطل کیا گیا ہے کہ میں نے ڈی ڈی سی اے میں بد عنوانی کے خلاف آواز اٹھائی ہے ۔ میں مناسب جواب چاہتا ہوں ۔ گزشتہ دو مہینوں میں یہ دوسرا موقع ہے کہ جب بی جے پی کے سینئر لیڈروں نے میٹنگ کی ۔ اس سے پہلے بہار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شرمناک شکست کے بعد ان سینئر لیڈروں نے میٹنگ کی تھی اور کہا تھا کہ اس شکست کی ذمہ داری طے کی جانی چاہئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امت شاہ نے مسٹر جیٹلی کا دفاع کیا ہے ، لیکن کانگریس اور دیگر اپوزیشن پارٹیاں ان کے استعفیٰ کا مطالبہ کررہی ہیں۔ ان پارٹیون کا کہنا ہے کہ نریندر مودی نے ارون جیٹلی کو استعفیٰ دینے کی صلاح دی ہے ، جسے وہ سمجھ نہیں پارہے ہیں ۔ اس معاملے میں بی جے پی کے اندر بھی لیڈر تقسیم نظر آرہے ہیں ۔ پٹنہ صاحب سے ممبرا پارلیمنٹ شتروگھن سنہا نے مسٹر کیرتی آزاد کا ساتھ دیتے ہوئے کل کہا تھا کہ وہ بد عنوانی کے خلاف لڑائی لڑ رہے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے اس کے ساتھ ہی وزیر خزانہ جیٹلی کو اشاروں میں استعفیٰ دینے کی صلاح دی تھی ۔ دریں اثناء کیرتی آزاد نے کہا کہ مجھے معطلی کا نوٹس ملا ہے اور میں اس کا جواب دوں گا۔ سبرامنیم سوامی نے مجھے نوٹس کا جواب لکھنے میں مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

Discussion to appoint a Commission of Inquiry on DDCA row

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں