چینائی میں بارش جاری - مہلوکین کی تعداد 345 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-06

چینائی میں بارش جاری - مہلوکین کی تعداد 345

چینائی
پی ٹی آئی، یو این آئی
چینائی اور اس کے آس پاس کے علاقوں اور پڈوچیری میں کل دوپہر سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے پہلے ہی سیلاب کے پانی سے گھرے ہوئے ریاست کے مختلف اضلاع میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔ ریاست کے چار اضلاع میں مہلوکین کی تعداد345تک پہنچ گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق چینائی ، ترویلور، کانچی پورم اور کڈالور میں سب سے زیادہ اموات ہوئیں۔ اگرچہ ریاستی حکومت نے مہلوکین کی تعداد کی تصدیق سرکاری طور پر نہیں کی ہے ۔ مرنے والوں کی تعداد بڑھنے کا اندیشہ ہے ۔ کم سے کم پانچ افراد دیوار گرنے اور برقی شاک لگنے کے واقعات میں ہلاک ہوگئے چیف منسٹر جیہ للیتا نے مہلوکین کے افراد خاندان کو چیف منسٹر راحت فنڈ سے ایکس گریشیا کے طور پر چار چار لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ کل دوپہر سے رک رک کر مسلسل بارش ہورہی ہے جس سے فوج، بحریہ ، کوسٹ گارڈ کے عہدیداروں کی طرف سے چلایاجانے والا امدادی کام متاثر ہورہا ہے ۔ کئی مقامات پلاورم ، ایککاتوتھانگل، گڈی ،تامبرم اور مڈچور میں بھی آج صبح سے بارش ہورہی ہے ۔ فوج، فضائیہ ، قومی آفات سماوی انتظامی فورس اور کوسٹ گارڈ کے عملہ کے ساتھ ساتھ مختلف تنظیموں کے کارکنان اور سماجی کارکن پوری مستعدی سے امدادی کام میں لگے ہیں۔ چینائی کے مضافات میں اب بھی بڑی تعداد میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں ۔ ریاست میں شعبہ صحت نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کے علاج کے لئے موبائل میڈیکل ٹیم کے ساتھ ساتھ دیگر انتظامات بھی کئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کڈالور، تنجاور ، ترورور، ناگا پٹنم اور پڈوچیری کے آس پاس کے علاقوں اور کراکل میں اگلے دو دن تک بھاری سے بھاری بارش ہوسکتی ہے ۔ چینائی میں مسلسل بارش اور سیلاب کی وجہ سے سدرن ریلوے نے7دسمبر تک چینائی سے روانہ اور گزرنے والی ٹرینوں کو منسوخ کردیا ہے۔ سدرن ریلوے کے پی آر او نے بتایا کہ حالات کے مطابق اس میں توسیع کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن مسافروں نے ٹکٹ لیا ہے کہ ان کے پورے پیسے واپس کئے جائیں گے ۔ تاہم چینائی شہر کو جنوبی علاقوں سے جوڑنے کے لئے سدرن ریلوے نے ایگمور، تھمبارم کے درمیان ٹرین چلانے کا اعلان کیا ہے تاکہ امدادی اور راحت سامان پہنچانے میں آسانی ہوسکے ۔ کھانے کو کھانا نہیں ، پینے کو پانی نہیں اور رہنے کے لئے سایہ نہیں ۔ چینائی کے سیلاب سے متاثرہ افراد کو یہ برا حال ہے ۔ اب تک اس سیلاب کے سبب کئی اموات ہوچکی ہیں ، لیکن اس کے باوجود بھی ٹاملناڈو کے دارالحکومت چینائی سمیت دیگر علاقوں میں سیلاب سے متاثر افراد کو ہنوز بہتر راحت نصیب نہیں ہوئی ہے۔ ہر طرف سیلاب کا پانی ہے اور چینائی کے چار ذخائر آب کی سطح مکمل ہوگئی ہے ۔ اسی دوران حکومت ٹاملناڈو نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر کے85فیصد علاقہ میں برقی سربراہی بحال کردی گئی ہے ۔65فیصدبس خدمات بھی دوبارہ شروع کردی گئی ہیں۔ چینائی ایر پورٹ کا رن وے بھی خشک کردیا گیا ہے ۔ کل شام بھی چینائی میں شدید بارش نے عوام کو پریشان کردیا تھا ۔ چینائی کے علاوہ ٹاملناڈو کے سیلاب سے متاثرہ تین دیگر اضلاع میں بھی برقی نہیں ہے ۔ غذائی اشیاء کی قلت کا بھی سامنا ہے ۔ اسی دوران ٹاملناڈو کے سیلاب میں پھنسے افراد کے لئے راحت کام بھی جاری ہے ۔ ہزاروں فوجی اور سماجی کارکنان ان بے بس افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور انہیں ضروری غذائی اشیاء اور کمبل و دیگر سازوسامان کی تقسیم میں مصروف ہیں ۔ تالاب اور دریاؤں میں سطح آب میں کمی سے کچھ راحت بھی ہوئی ہے ۔ اس بارش سے چینائی، کوڈالور ، کانچی پورم اور تریولور بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔ مائے لا پور اور ٹینا مپیٹ سمیت کچھ دیگر مقامات پر جزوی طور پر بازار کھلا ہوا ہے ۔

Rains continue in parts of Chennai and suburbs, Death toll put at 345

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں